نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا امت سے انتہائی حساس اور محبت والا رشتہ ہے آپ اپنی امت سے بے انتہا محبت فرماتے ہیں آپ نے امت کی ہر حوالے سے تربیت فرمائی حتی کہ آپ نے استنجاء کے حوالے سے بھی غیر کا محتاج نہیں چھوڑا آپ نے اپنے اصحاب کو ہر حوالے سے تعلیم دی اس حوالے احادیث مبارکہ مندرجہ ذیل ہیں ۔

1: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اپنی اولاد کو تین چیزوں کا ادب سیکھاؤ : اپنے نبی کی محبت، اہل بیت کی محبت اور قرآن کی تلاوت کا ادب۔سیوطی، الجامع الصغیر، 1 : 25، رقم 311، دار الکتب العلمیۃ بیروت۔ لبنان

2 : ترجمہ : عبداللہ بن عمر بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تین چیزوں کو واپس نہ کیا جائے: تکیہ، تیل اور دودھ ۔امام ترمذیؒ فرماتے ہیں، کہ تیل سے مراد "خوشبو"ہے۔ (أبواب الأدب ، باب ماجاء في كراهية ردالطيب ج : 4 ص : 405 )

3 : حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہےکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : اللہ تعالی بندے کے تین قسم کے گناہ معاف نہیں کرے گا ،اُن گناہوں کے علاوہ جس قدر گناہ ہوں گے اُن کو معاف کر دے گا ،لیکن اُن تین گناہوں کو کبھی معاف نہیں فرمائے گا:

۱۔ اللہ تعالٰی کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا ۔

۲۔جادو کرنا یا کروانا۔

۳۔اپنے مسلمان بھائی کے ساتھ حسد کرنا۔

4 : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تین باتوں کو ناپسند فرماتا ہے : (1)قِیل و قَال (2) مال ضائع کرنا (3) کثرت سے سوال کرنا ۔

5 : مروی ہے کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ مجھے تمہاری دنیا میں سے عورتیں، خوشبو پسند ہے، اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھ دی گئی ہے، تو ابو بکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کیا:اے اللہ کے رسول! مجھے بھی دنیا کی تین چیزیں پسندہیں:آپ کو دیکھتا رہنا، آپ پر خرچ کرنے کے لیے مال جمع کرنا، آپ کی قربت کے ذریعے آپ کا وسیلہ حاصل کرنا، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کیا:یا رسول اللہ! مجھے تین چیزیں محبوب ہیں:امر بالمعروف کرنا( نیکی کا حکم دینا)، نہی عن المنکر کرنا( برائی سے روکنا) ، اللہ تعالی کا حکم نافذ کرنا، حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا : یا رسول اللہ! میرے لیے تین چیزیں محبوب بنائی گئی ہیں:بھوکے کو کھانا کھلانا، پیاسے کو سیراب کرنا،اور برہنہ کو لباس پہنانا، حضرت علی مرتضی رضی اللہ تعالی عنہ عرض کیا:یا رسول اللہ! میرے نزدیک تین چیزیں محبوب ہیں: موسم گرما میں روزے رکھنا، مہمان نوازی کرنا ، آپ کی حفاظت میں تلوار چلانا ۔مسند احمد، مسند أنس بن مالك، الرقم: 12292