میرے پیارے اور محترم اسلامی بھائیو !  اللہ پاک اپنے بندوں کی تربیت و نصیحت کے لئے انبیاء و رسل بھیجتا ہے ۔انبیاء کرام میں سے ایک نبی حضرت شعیب (علیہ السلام)بھی ہیں۔حضرت شعیب علیہ السلام نے اپنی قوم کو مختلف مقامات پر مختلف نصیحتیں ارشاد فرمائی ہیں ۔آئیں کچھ واقعات جو آپ کی نصیحت پر مبنی ہیں ملاحظہ ہوں۔

(حضرت شعیب علیہ السلام کی قوم کو نصیحت )گناہوں کی تاریکی میں پھنسے ہوئے اہل دین کو راہ نجات دکھانے اور ان کے اعمال و کردار کی اصلاح کے لیے اللہ تعالی نے انہی کے ہم قوم حضرت شعیب علیہ السلام کو نبوت پر فائز فرما کر ان کی طرف بھیجا چنانچہ آپ علیہ السلام نے قوم کو بتوں کی پوجا چھوڑنے اور صرف عبادت الہی کرنے کی دعوت دی اور فرمایا کہ خرید و فروخت کے وقت ناپ تول پورا کرو اور لوگوں کو ان کی چیزیں کم کر کے نہ دو کفر گناہ کر کے زمین میں فساد برپا نہ کرو۔

اللہ تبارک و تعالی قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے۔وَ اِلٰى مَدْیَنَ اَخَاهُمْ شُعَیْبًاؕ-قَالَ یٰقَوْمِ اعْبُدُوا اللّٰهَ مَا لَكُمْ مِّنْ اِلٰهٍ غَیْرُهٗؕ-قَدْ جَآءَتْكُمْ بَیِّنَةٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ فَاَوْفُوا الْكَیْلَ وَ الْمِیْزَانَ وَ لَا تَبْخَسُوا النَّاسَ اَشْیَآءَهُمْ وَ لَا تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ بَعْدَ اِصْلَاحِهَاؕ-ذٰلِكُمْ خَیْرٌ لَّكُمْ اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(85) پارہ نمبر 8 سورۃ الاعراف آیت نمبر 85۔ ترجمۂ کنز الایمان؛ اور مدین کی طرف ان کی برادری سے شعیب کو بھیجا کہا اے میری قوم اللہ کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں بے شک تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے روشن دلیل آئی تو ناپ اور تول پوری کرو اور لوگوں کی چیزیں گھٹا کر نہ دو اور زمین میں انتظام کے بعد فساد نہ پھیلاؤ یہ تمہارا بھلا ہے اگر ایمان لاؤ۔

یہاں روشن دلیل سے مراد وہ معجزہ ہے جو حضرت شعیب علیہ السلام نے اپنی اس صداقت کی نشانی کے طور پر دکھایا یہ معجزہ کیا تھا اس کا ذکر قرآن کریم میں نہیں کیا گیا۔ایک قول یہ بھی ہے کہ اس سے مراد حضرت شعیب علیہ الصلوۃ والسلام کا رسول بن کر تشریف لانا ہے۔(حضرت شعیب علیہ السلام کی قرآنی نصیحتیں )

(مخالفین کو نصیحت اور احسانات الہی کی یاد دہانی۔)وَ لَا تَقْعُدُوْا بِكُلِّ صِرَاطٍ تُوْعِدُوْنَ وَ تَصُدُّوْنَ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ مَنْ اٰمَنَ بِهٖ وَ تَبْغُوْنَهَا عِوَجًاۚ-وَ اذْكُرُوْۤا اِذْ كُنْتُمْ قَلِیْلًا فَكَثَّرَكُمْ۪-وَ انْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُفْسِدِیْنَ(86)پارہ نمبر 8 سورۃ الاعراف ایت نمبر 86۔ ترجمۂ کنز الایمان؛

اور ہر راستے پر یوں نہ بیٹھو کہ راہگیروں کو ڈراؤ اور اللہ کی راہ سے انہیں روکو جو اس پر ایمان لائے اور اس میں کجی چاہو اور یاد کرو جب تم تھوڑے تھے اس نے تمہیں بڑھادیا اور دیکھو فسادیوں کا کیسا انجام ہوا۔

(حضرت شعیب علیہ السلام کی تنبیہ)حضرت شعیب علیہ الصلوۃ والسلام کے مسلسل وعظ و نصیحت سے متاثر ہو کر کچھ لوگ ایمان لائے اور کچھ نے انکار کر دیا اس پر آپ علیہ السلام نے فرمایا: اے لوگو! اگر تم میری رسالت میں اختلاف کر کے دو گروہ بن گئے وہ ایک مومن اور دوسرا منکر۔ تو انتظار کرو یہاں تک کہ اللہ عزوجل نے ہمارے درمیان فیصلہ کر دیا کہ مومنوں کو نجات ملے اور منکرین کو عذاب کے ذریعے ہلاک کر دیا جائے گا بے شک اللہ عزوجل سب سے بہترین فیصلہ فرمانے والا ہے کیونکہ وہ حاکم حقیقی ہے اس کے حکم میں نہ غلطی کا احتمال ہے اور نہ اس کے حکم کی کہیں اپیل ہے۔

(اللہ قران پاک میں ارشاد فرماتا ہے۔) وَ اِنْ كَانَ طَآىٕفَةٌ مِّنْكُمْ اٰمَنُوْا بِالَّذِیْۤ اُرْسِلْتُ بِهٖ وَ طَآىٕفَةٌ لَّمْ یُؤْمِنُوْا فَاصْبِرُوْا حَتّٰى یَحْكُمَ اللّٰهُ بَیْنَنَاۚ-وَ هُوَ خَیْرُ الْحٰكِمِیْنَ(87) ۔پارہ نمبر 8 سورۃ الاعراف آیت نمبر 87۔ ترجمۂ کنز الایمان؛اور اگر تم میں ایک گروہ اس پر ایمان لایا جو میں لے کر بھیجا گیا اور ایک گروہ نے نہ مانا تو ٹھہرے رہو یہاں تک کہ اللہ ہم میں فیصلہ کرے اور اللہ کا فیصلہ سب سے بہتر۔

(اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں ان نصیحتوں پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین