پیارے اسلامی بھائیو الله تعالٰی نے انسانوں کو رشدو ہدایت کی راہ دکھانے کے لئے انبیاء کرام علیھم السلام کو مبعوث فرمایا ہے۔ تاکہ وہ انسانوں کی راہنمائی کریں، اور انسان ان باتوں پر عمل کر کے فلاح حاصل کریں ۔ انہیں انبیاء کرام علیھم السلام میں سے اللہ پاک کے آخری نبی محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہیں۔   نبی کریم ﷺ نے ہر ہر موضوع پر مسلمانوں کی تربیت فرمائی ہے۔ آئیے ایسی احادیث مبارکہ پڑھتے ہیں جن میں حضور ﷺ نے تین چیزوں کے متعلق تربیت فرمائی ہے۔

(1) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس میں تین خصلتیں ہوں وہ ایمان کی لذت پالے گا ۔ (1) الله و رسول تمام ماسواء سے زیادہ پیارے ہوں۔

(2)جو بندے سے صرف الله کے لیے محبت کرے ۔

(3) جو کفر میں لوٹ جانا جب کہ رب نے اس سے بچالیا ایسا بُرا جانے جیسے آگ میں ڈالا جانا۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوۃ المصابیح، ج 1 حدیث نمبر 8)

(2)حضرت سیدنا عُقْبَہ بن عامِر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نَجات کیا ہے ؟ ارشاد فرمایا :(1) اپنی زبان پر قابو رکھو۔ (2) تمھارا گھر تمھارے لیے گُنجائش رکھے( یعنی بے کار اِدھر اُدھر نہ جاؤ)۔ (3) اور اپنی خَطا پر آنسو بہاؤ۔ (ترمذی، ج 4،ص182، حدیث نمبر2414)

(4) اللہ پاک کے آخری نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا منافِق کی تین نشانیاں ہیں: (1).. جب بات کرے جھوٹ کہے۔ (2) جب وعدہ کرے خلاف کرے۔ (3) اور جب اس کے پاس امانت رکھی جاۓ خیانت کرے۔ (بخاری کتاب بدءالایمان، باب علامتہ المنافق، ص 79، حدیث نمبر 33)

(5) اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا تین شخص جنت میں نہیں جائیں گے : (1) ماں باپ کو ستانے والا ۔ (2) دیُّوث( یعنی وہ شخص جو اپنی بیوی یا کسی مَحرَم مثلاً ماں، بہن، بیٹی پر غیرت نہ کھاۓ وہ دیُّوث کہلاتا ہے۔ (در مختار، کتاب الحدود، باب التعزیز، ص 318) (3) مردانی وضع بنانے والی عورت۔ (معجم اوسط، ج 2، ص 43، حدیث نمبر2443)

پیارے اسلامی بھائیو ہمیں چاہیے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو ہماری تربیت فرمائی ہے اُن پر عمل کرنے والے بن جائیں، جن کو کرنے کا حکم ارشاد فرمایا ہے اُن کاموں کو کریں اور جن سے رُکنے کا فرمایا اُن سے رُک جائیں۔

اللہ پاک کی بارگاہِ عالی میں دعا ہے ہمیں اپنا اور اپنے پیارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مطیع و فرمانبردار بنائے ۔ آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم