ایک دانا کا قول ہے کہ تین چیزوں میں غور و فکر نہ کرو (1) تنگدستی میں غور و فکر نہ کرو کیونکہ اس سے غم و تکلیف میں اضافہ ہوگا اور مرض بڑھے گا (2) اپنے اوپر ظلم کرنے والے کے بارے میں نہ سوچو اس طرح تیرا دل سخت ہو جائے گا بغض دشمنی میں اضافہ ہوگا اور تیرا غصہ بھی بڑھے گا (3) دنیا میں طویل مدت رہنے کی نہ سوچ ورنہ مال جمع کرنے میں اپنی عمر ضائع کر دے گا اور عمل میں سستی کرے گا نیز کہتے ہیں کہ حقیقی تقوی یہ ہے کہ آدمی اپنے دل سے عہد کرے کہ وہ نہ ہونے والی باتوں کے بارے میں غور و فکر نہیں کرے گا اگر دل ادھر لگے تو وہاں سے فوری طور پر ہٹا لینا چاہیے اور صحیح باتوں میں لگائے اور یہ سخت ترین جہاد ہے اور دل کو مصروف رکھنے کا افضل ترین طریقہ یہ ہے کہ اسے نماز میں لگا دیں اور جو شخص نماز میں دل کو قابو نہیں رکھ سکتا وہ اس کے علاوہ بھی نہیں کر سکے گا۔ (تنبیہ الغافلین،جلد2, صفحہ 335،نوریہ رضویہ پبلی کیشنز)

(1) جنت کی ضمانت : حضرت سیدنا ابو امامہ باہلی رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو حق پر ہونے کے باوجود لڑائی جھگڑا نہ کرے میں اسے جنت کے ایک گوشہ میں مکان کی ضمانت دیتا ہوں اور جو مذاق میں بھی جھوٹ نہ بولے اسے وسط جنت میں گھر کی ضمانت دیتا ہوں اور حسن اخلاق والے کو جنت کے اعلی درجے میں گھر کی ضمانت دیتا ہوں (فیضان ریاض الصالحین جلد 5 صفحہ نمبر 527)

(2) تین بدقسمت لوگ : حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم رؤف رحیم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا روز قیامت اللہ عزوجل تین قسم کے لوگوں سے نہ کلام فرمائے گا نہ انہیں پاک کرے گا نہ ان کی طرف نظر فرمائے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہوگابوڑھا (1)زانی، (2)جھوٹا بادشاہ ،(3)متکبر فقیر ( مکتبتہ المدینہ فیضان ریاض الصالحین جلد 5 ،صفحہ 490)

(3) عمل ہمیشہ انسان کے ساتھ رہتا ہے : حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے نور کے پیکر تمام نبیوں کے سرور دو جہاں کے تاجور سلطان بحر و بر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا فرمان عبرت نشان ہے میت کے ساتھ تین چیزیں جاتی ہیں دو واپس ہو جاتی ہیں اور ایک باقی رہ جاتی ہے اس کے اہل ،مال اور عمل ساتھ جاتے ہیں تو اس کا اہل اور مال واپس لوٹ جاتےہیں اور عمل باقی رہتا ہے

( کتاب صحیح مسلم کتاب الزہد حدیث 7424)

(4) انسان کا بہترین ترکہ :حضرت ابو قتادہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی پاک صلی اللہ تعالی وسلم نے ارشاد فرمایا انسان کا بہترین ترکہ تین چیزیں ہیں ایک نیک بچہ جو اس کے لیے دعا کرے (2) صدقہ جاریہ جس کا ثواب اس تک پہنچے(3) وہ علم جس پر اس کے بعد عمل رہے (سنن ابن ماجہ کتاب السنہ،باب ثواب معلم الناس،رقم241,جلد1،صفہ 157

(5) لعنتی چیزیں : حضرت معاذ رضی اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا تین لعنتی چیزوں سے بچو (1) گھاٹوں (2) درمیانی راستہ (3)سایہ میں پاخانہ کرنے سے ۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشكوة المصابیح جلد : 1, حدیث نمبر :355 )