انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کائنات کی عظیم ترین ہستیاں اور انسانوں میں ہیرے، موتیوں کی طرح جگمگاتی شخصیات ہیں جنہیں خدا نے وحی کے نور سے روشنی بخشی، حکمتوں کے سرچشمے ان کے دلوں میں جاری فرمائے اور اوصاف و کمالات سے ان کی زندگی کو بھر دیا۔ آئیے! ہم اللہ تبارک و تعالیٰ کے نبی حضرت اسحاق علیہ السلام کے چند قرآنی اوصاف کا مطالعہ کرتے ہیں:

(1)حضرت اسحاق علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے بہترین اور چنے ہوئے بندوں میں سے ہیں، جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے:وَ اِنَّهُمْ عِنْدَنَا لَمِنَ الْمُصْطَفَیْنَ الْاَخْیَارِؕ(47)ترجمہ کنزالعرفان:اور بے شک وہ ہمارے نزدیک بہترین چنے ہوئے بندوں میں سے ہیں۔ (پ23،صٓ:47)

(2)آپ علیہ السلام لوگوں کو آخرت کی یاد دلاتے اور کثرت سے آخرت کا ذکر کرتے تھے، چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اِنَّاۤ اَخْلَصْنٰهُمْ بِخَالِصَةٍ ذِكْرَى الدَّارِۚ(46) ترجمہ کنزالعرفان:بے شک ہم نے انہیں ایک کھری بات سے چن لیا وہ اس (آخرت کے)گھر کی یاد کرتے ہے۔ (پ23، صٓ:46)

(3)اللہ تعالیٰ نے آپ علیہ السلام کو اپنے خاص قرب والے بندوں میں شامل فرمایا، اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَوَهَبْنَا لَهٗۤ اِسْحٰقَؕ-وَیَعْقُوْبَ نَافِلَةًؕ-وَكُلًّا جَعَلْنَا صٰلِحِیْنَ(72)ترجمہ کنزالعرفان:اورہم نے ابراہیم کو اسحاق عطا فرمایا اور مزید یعقوب (پوتا) اور ہم نے ان سب کو اپنے خاص قرب والے بنایا۔(پ17، الانبیآء:72)

(4)رب کریم نے اپنے پیارے نبی اسحاق علیہ السلام پر اپنی خصوصی برکتیں نازل فرمائیں، ارشاد باری تعالی ہے:وَبٰرَكْنَا عَلَیْهِ وَعَلٰۤى اِسْحٰقَؕ ترجمہ کنزالعرفان:اور ہم نے اس پر اور اسحاق پر برکت اتاری۔(پ23، الصّٰٓفّٰت:113)

(5)قرآن کریم میں اللہ پاک نے آپ کا ایک یہ وصف بیان فرمایا ہے کہ آپ علیہ السلام پر اپنی نعمت کو مکمل فرمایا: وَیُتِمُّ نِعْمَتَهٗ عَلَیْكَ وَعَلٰۤى اٰلِ یَعْقُوْبَ كَمَاۤ اَتَمَّهَا عَلٰۤى اَبَوَیْكَ مِنْ قَبْلُ اِبْرٰهِیْمَ وَاِسْحٰقَ ترجمہ کنزالعرفان: اور تجھ پر اور یعقوب کے گھر والوں پر اپنا احسان مکمل فرمائے گا جس طرح اس نے پہلے تمہارے باپ دادا ابراہیم اور اسحاق پر اپنی نعمت مکمل فرمائی۔(پ12، یوسف:6)

(6)آپ علیہ السلام کی ولادت سے پہلے ہی آپ کی آمد، نبوت اور قرب خاص کے لائق بندوں میں سے ہونے کی بشارت دی، ارشاد باری تعالیٰ ہے: وَ بَشَّرْنٰهُ بِاِسْحٰقَ نَبِیًّا مِّنَ الصّٰلِحِیْنَ(112)ترجمہ کنزالعرفان: اور ہم نے اسے اسحاق کی خوشخبری دی جو اللہ کے خاص قرب کے لائق بندوں میں سے ایک نبی ہے۔(پ23، الصّٰٓفّٰت:112)

اللہ پاک ہمیں اچھے اور پاکیزہ اوصاف اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔