انبیاء کرام علیہم السلام کا ئنات کی عظیم ترین ہستیاں اور انسانوں میں ہیرے موتیوں کی طرح جگمگاتی شخصیات ہیں جنہیں خدا نے وحی کے نور سے روشنی بخشی، حکمتوں کے سرچشمے ان کے دلوں میں جاری فرمائے اور سیرت وکردار کی بلندیاں عطا فرمائیں اور اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء کرام کو بہت سے اوصاف سے نوازا ہے آج ہم جس نبی علیہ السلام کے اوصاف بیان کریں گے وہ اللہ پاک کے پیارے نبی حضرت اسحاق علیہ السلام ہیں۔

آپ علیہ السلام کا تعارف:

آپ علیہ السَّلام حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت سارہ رضی اللہ عنہا کے بیٹے ہیں۔ آپ علیہ السلام کی دنیا میں تشریف آوری سے پہلے ہی اللہ تعالیٰ نے آپ کی ولادت و نبوت اور صالحین میں سے ہونے کی بشارت دیدی تھی۔ بنی اسرائیل میں آنے والے تمام انبیاء کرام علیہم السلام آپ ہی کی نسل پاک سے ہوئے۔(سیرت الانبیاء،ص365)

نام مبارک:

آپ علیہ السلام کا نام مبارک اسحاق ہے، یہ عبرانی زبان کا لفظ ہے جس کا عربی میں معنی ہے ضحاک یعنی ہنسنے والا، شاداں، خوش و خرم۔آپ علیہ السلام کو یہ سعادت بھی حاصل ہے کہ ولادت کی بشارت کے وقت آپ کا مبارک نام بھی اللہ تعالی نے بیان فرمادیا تھا۔ (سیرت الانبیاء ص365)

نمبر 1 : حضرت اسحاق علیہ السلام کی ولادت کے ساتھ آپ علیہ السلام کی نبوت اور قرب خاص کے لائق بندوں میں سے ہونے کی بشارت بھی دی گئی، جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے:وَ بَشَّرْنٰهُ بِاِسْحٰقَ نَبِیًّا مِّنَ الصّٰلِحِیْنَ (112)ترجمہ کنزالایمان:اور ہم نے اسے خوشخبری دی اسحٰق کی کہ غیب کی خبریں بتانے والا۔ (پ 23 سورت الصافات آیت: 112)

نمبر 2 :اللہ پاک نے حضرت اسحاق علیہ السلام پر وحی کے ذریعے بعض احکام نازل فرمائے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: اِنَّاۤ اَوْحَیْنَاۤ اِلَیْكَ كَمَاۤ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰى نُوْحٍ وَّ النَّبِیّٖنَ مِنْۢ بَعْدِهٖۚ-وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَ وَ الْاَسْبَاطِ وَ عِیْسٰى وَ اَیُّوْبَ وَ یُوْنُسَ وَ هٰرُوْنَ وَ سُلَیْمٰنَۚ-ترجمہ کنز الایمان: بے شک اے محبوب ہم نے تمہاری طرف وحی بھیجی جیسے وحی نوح اور اس کے بعد پیغمبروں کو بھیجی اور ہم نے ابراہیم اور اسمٰعیل اور اسحق اور یعقوب اور ان کے بیٹوں اور عیسٰی اور ایوب اور یونس اور ہارون اور سلیمان کو وحی کی۔(پ6، النسآء:163)

نمبر 3: وَهَبْنَا لَهٗۤ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَؕ-وَ كُلًّا جَعَلْنَا نَبِیًّا(49) ترجمۂ کنز العرفان: ہم نے اسے اسحاق اور اس کے بعد یعقوب عطا کئے اور ان سب کو ہم نے نبی بنایا۔ (پ 16، سورۂ مریم آیت49)

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔