اللہ پاک نے انسانوں کی ہدایت و راہنمائی کے لئے بہت سے انبیائے کرام اور رسولوں کو بھیجا اور ان میں سے کچھ انبیائے کرام علیہم الصلوٰة والسلام کا تذکرہ اپنے پاک کلام قرآن پاک میں فرمایا۔ ان میں سے ایک نبی حضرت اسحاق علیہ السلام بھی ہیں۔ بنی اسرائیل کی طرف آنے والے تمام انبیائےکرام علیہم السلام آپ ہی کی نسل پاک سے ہیں۔

تعارف:آپ علیہ السلام کا نام مبارک اسحاق ہے۔ یہ عبرانی زبان کا لفظ ہے جس کا عربی معنی ہے ضحاك یعنی ہنس مکھ، خوش و خرم آپ علیہ السلام کو یہ سعادت بھی حاصل ہے کہ ولادت کی بشارت کے وقت آپ کا مبارک نام بھی اللہ پاک نے بیان فرما دیا تھا۔ (تذكرة الانبیاء، ص365)

سبحٰن اللہ! کیا شان ہے حضرت اسحاق علیہ السلام کی کہ آپ کا نام مبارک رب پاک نے عطا فرمایا جس سے آپ کی شان و رفعت واضح ہوتی ہے۔آیئے! قرآن پاک میں موجود آپ کا ذکر خیر پڑھتے ہیں:

نبوت کی بشارت:اللہ پاک نے حضرت اسحاق علیہ السلام کی ولادت کے ساتھ آپ علیہ السلام کی نبوت اور قرب خاص کے لائق بندوں میں سے ہونے کی بشارت دی چنانچہ قرآن مجید میں ہے: وَ بَشَّرْنٰهُ بِاِسْحٰقَ نَبِیًّا مِّنَ الصّٰلِحِیْنَ(112) ترجمہ کنز الایمان: اور ہم نے اسے خوشخبری دی اسحٰق کی کہ غیب کی خبریں بتانے والا ہمارے قرب خاص کےسزاواروں میں۔(پ23، الصّٰٓفّٰت: 112)

آپ پر برکت نازل کی:حضرت اسحاق علیہ السلام پر اللہ پاک نے برکت اتاری اور اس کا تذکرہ قرآن پاک میں بھی فرمایا: وَبٰرَكْنَا عَلَیْهِ وَ عَلٰۤى اِسْحٰقَؕ-ترجمہ کنز الایمان:اور ہم نے برکت اتاری اس پر اور اسحق۔(پ23، الصّٰٓفّٰت:113)

حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسحاق علیہ السلام پر دینی اور دنیوی ہر طرح کی برکت اتاری اور ظاہری برکت یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں کثرت کی اور احضرت اسحاق علیہ السلام کی نسل پاک سے حضرت یعقوب علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک بہت سے انبیائے کرام علیہم الصلوةوالسلام مبعوث کیے۔(تفسیر مدارک)

علمی اور عملی قوتیں:اللہ پاک نے آپ علیہ السلام کو اور آپ کے بیٹے حضرت یعقوب علیہ السلام کو علمی اور عملی قوتیں عطا فرمائیں جن کی وجہ سے انہیں اللہ پاک کی معرفت اور عبادات پر قوت حاصل ہوئی، اللہ پاک قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: وَاذْكُرْ عِبٰدَنَاۤ اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَ اُولِی الْاَیْدِیْ وَ الْاَبْصَارِ(45)ترجمہ کنز الایمان:اور یاد کرو ہمارے بندوں ابراہیم اور اسحٰق اور یعقوب قدرت اور علم والوں کو۔ (پ23، صٓ:45)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان نیک ہستیوں کے صدقے نیک بنا دے اور ہمیں علم نافع عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔