حرمین طیبین پاکیزہ بابرکت، صاحب عظمت شہر ہیں جہاں
ہر گھڑی رحمتوں کی بارش برستی ہے یہ وہ شہر ہیں جس کی قسم کو اللہ پاک نے قران پاک
میں یاد فرمایا: لَاۤ اُقْسِمُ بِهٰذَا الْبَلَدِۙ(۱) وَ اَنْتَ حِلٌّۢ
بِهٰذَا الْبَلَدِۙ(۲)
(پ 30، البلد: 1، 2) ترجمہ: اے پیارے حبیب! مجھے اس شہر کی قسم! جبکہ تم اس شہر
میں تشریف فرما ہو۔
قرآن پاک کی اس آیت مبارکہ سےپتہ چلا کہ جہاں سرکار
ﷺ تشریف فرما ہوتے ہیں وہ جگہ پاکیزہ اور حرمت والی ہے کہ اللہ پاک اس کی قسم یاد فرماتا
ہے محبوب ﷺ کے موجود ہونے کی وجہ سے اسے اور بھی بابرکت اور حرمت والا بنا دیتا ہے۔
اس کے علاوہ بھی بہت زیادہ فضائل و کمالات ہیں، حرمین طیبین کے بہت سے حقوق ہیں، آئیے
ان میں سے چند کے بارے میں مطالعہ کرتے ہیں:
گناہوں سے بچنا: جس
طرح ہر جگہ گناہوں سے بچنا ضروری ہے ایسے ہی حرمین طیبین میں گناہوں سے بچنا بھی بہت
ضروری ہے جیسا کہ ملفوظات اعلی حضرت میں ہے: حرمین طیبین میں جس طرح ایک نیکی لاکھ
نیکیوں کے برابر ہے اسی طرح ایک گناہ ایک لاکھ گناہ کے برابر ہے بلکہ وہاں پر تو گناہ
کے ارادہ پر بھی گرفت ہے۔ (ملفوظات اعلی حضرت، ص 236 تا 237)
حرم مکہ میں ہتھیار اٹھانا: رسول
اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کسی کو یہ حلال نہیں کہ مکہ معظمہ میں ہتھیار اٹھائے پھرے۔
(مراۃ المناجیح،4/202)
حرم مکہ کی تعظیم کرنا: نبیّ
کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: میری امت کے لوگ (تب تک) ہمیشہ بھلائی پر ہوں گے جب تک وہ
مکہ کی تعظیم کا حق ادا کرتے رہیں گے اور جب وہ اس حق کو ضائع کر دیں گے تو ہلاک ہو
جائیں گے۔ (ابن ماجہ، 3/519، حدیث: 3110)مکہ مکرمہ قیامت تک حرم ہے۔
نبی کریم ﷺ نے فتح مکہ کے دن خطبہ دیا اور فرمایا: اے
لوگو! اس شہر کو اللہ نے اسی دن سے حرم بنا دیا ہے جس دن آسماں و زمین پیدا کیے لہذا
یہ قیامت تک کے حرم فرمانے سے حرام (یعنی حرمت والا) ہے۔ (ابن ماجہ، 3/519، حدیث: 3109)
خشوع وخضوع سے داخل ہونا: جب
مکہ مکرمہ کے قریب پہنچے تو سر جھکائے آنکھیں ندا مت و شرمندگی شرم و گناہ سے جھکائے
خشوع وخضوع کے ساتھ داخل ہو اور ہوسکے تو ننگے پاؤں اور لبیک کی صدا و دعا کی کثرت
سے۔
حضور جان عالم ﷺ نے فرمایا کہ بے شک حضرت ابراہیم علیہ
السلام نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اور بے شک میں مدینہ کو حرم قرار دیتا ہوں اس کے
دونوں کناروں کے درمیان موجود کسی درخت کو کاٹا نہیں جاسکتا اور اس کے کسی جانور کو
شکار نہیں کیا جا سکتا۔ (مسلم، ص 709، حدیث: 1362)