معاشرے میں طرح طرح کی برائیوں نے جنم لیا ہے جس میں سے ایک سود بھی ہے،سود ایک ایسی برائی ہے جس نے ہمیشہ معیشت و روزگار کو تباہ کیا ہے،سود سے باز نہ آنے والوں کو اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے اعلانِ جنگ کیا گیا ہے،چنانچہ پارہ 3 سورۂ بقرۃ کی آیت نمبر 278 تا 279 میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ ذَرُوْا مَا بَقِیَ مِنَ الرِّبٰۤوا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(۲۷۸) فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖۚ-وَ اِنْ تُبْتُمْ فَلَكُمْ رُءُوْسُ اَمْوَالِكُمْۚ-لَا تَظْلِمُوْنَ وَ لَا تُظْلَمُوْنَ(۲۷۹) ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو جو کچھ تمہارا سود باقی رہ گیا ہے چھوڑ دو اگر تم مومن ہو اور اگر تم نے ایسا نہ کیا تو تم کو اللہ اور رسول کی طرف سے لڑائی کا اعلان ہے اور اگر تم توبہ کر لو تو تمہیں تمہارا اصل مال ملے گا نہ دوسروں پر تم ظلم کرو اور نہ دوسرا تم پر ظلم کرے۔

سود کی تعریف:سود کو عربی زبان میں ربا کہتے ہیں اور اصطلاح میں سود کی تعریف یہ ہے کہ کسی کو اس شرط کے ساتھ رقم ادھار دینا کہ واپسی کے وقت وہ کچھ رقم زیادہ لے گا۔

فرامین مصطفیٰ:

1۔رسول اللہ ﷺ نے سود لینے والے اور سود دینے والے اور سود لکھنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ وہ سب برابر ہیں۔

2۔سود کا ایک درہم جس کو کوئی جان کر کھائے وہ 36 مرتبہ بدکاری سے بھی سخت ہے۔

3۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:شب معراج میرا گزر ایک قوم پر ہوا جس کے پیٹ گھر کی طرح بڑے بڑے ہیں ان پیٹوں میں سانپ ہیں جو باہر سے دکھائی دیتے ہیں،میں نے پوچھا:اے جبرائیل یہ کون لوگ ہیں؟ کہا یہ سود خور ہیں۔

4۔سود سے بظاہر اگرچہ مال زیادہ ہو مگر نتیجہ یہ ہے کہ مال کم ہوگا۔

5۔سود میں 70 گناہ ہیں سب سےہلکا گناہ یہ ہے کہ جیسے مرد اپنی ماں سے زنا کرے۔(سنن ابن ماجہ،حدیث: 2274)

نقصانات:مالِ حرام کا وبال یہ ہے کہ جب لقمۂ حرام پیٹ میں پہنچتا ہے تو اس سے بننے والا خون انسان کو مزید برائیوں پر ابھارتا ہے یوں وہ برائیوں کے دلدل میں پھنستا چلا جاتا ہے اور اپنی عاقبت برباد کر بیٹھتا ہے۔سود کے پیسوں سےزکوٰۃ قبول نہیں ہوتی،سود خوری معاشرے کے اقتصادی اعتدال کو برباد کر دیتی ہے،سود دلوں میں کینے اور دشمنی کا بیج بوتا ہے اور بھی سود کے کئی نقصانات ہیں۔معلوم ہوا کہ مالِ حرام میں ہلاکت ہی ہلاکت ہے،لہٰذا مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ دنیا و آخرت کی بربادی اور رزق کی تنگی سے بچنے کے لیے سود اور مالِ حرام سے کنارہ کشی اختیار کرے۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں سود جیسے گناہ سے بچنے کی سعادت نصیب فرمائے۔آمین