سود کی مذمت پر 5 فرامینِ مصطفیٰ از بنت عارف، فیضان عائشہ صدیقہ نندپور سیالکوٹ
فی زمانہ جہاں ہمارا معاشرہ بے شمار برائیوں میں
مبتلا ہے وہیں ایک اہم ترین برائی ہمارے معاشرے میں بڑی تیزی کے ساتھ پروان چڑھ
رہی ہے وہ یہ ہے کہ اب کسی حاجت مند کو بغیر سود کے قرض ملنا مشکل ہو گیا ہے۔
سود کی تعریف: عقد معاوضہ یعنی
لین دین کے کسی معاملے میں جب دونوں طرف مال ہو اور ایک طرف زیادتی ہو کہ اس کے
بدلے میں دوسری طرف کچھ نہ ہو یہ سود ہے۔(بہار شریعت، 2/769، حصہ: 11)
5 فرامین مصطفیٰ:
1۔شہنشاہ مدینہ ﷺؑ نے فرمایا:سات چیزوں سے بچو جو کہ تباہ و برباد کرنے والی
ہیں،صحابہ کرام نے عرض کی:یا رسول اللہ ﷺ وہ سات چیزیں کیا ہیں؟ارشاد فرمایا: شرک
کرنا،جادو کرنا،اسے ناحق قتل کرنا کہ جس کا قتل کرنا اللہ نے حرام کیا،سود
کھانا،یتیم کا مال کھانا،جنگ کے دوران مقابلہ کے وقت پیٹھ پھیر کر بھاگ جانا اور
پاک دامن و شادی شدہ مومن عورتوں پر تہمت لگانا۔(صحیح بخاری،2/242،حدیث:2766)
2۔جب کسی بستی میں زنا اور سود پھیل جائے تو اللہ اس بستی والوں کو ہلاک کرنے
کی اجازت دے دیتا ہے۔(کتاب الکبائر للذہبی،ص 69)
3۔جس قوم میں سود پھیلتا ہے اس قوم میں پاگل پن پھیلتا ہے۔(کتاب الکبائر
للذہبی،ص 70)
4۔ سرکار ﷺ فرماتے ہیں:شبِ معراج میں ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرا جن کے پیٹ
کمروں کی طرح بڑے بڑے تھے جن میں سانپ پیٹوں کے باہر سے دیکھے جا رہے تھے،میں نے
جبرائیل سے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟انہوں نے عرض کی یہ سود خور ہیں۔(ابن ماجہ،3/72)
5۔اللہ کے محبوب ﷺ نے سود کھانے والے،کھلانے والے،اس کی تحریر لکھنے والے اور
اس کے گواہوں پر لعنت کی اور فرمایا یہ سب گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم،ص
862،حدیث:1598)
سود کے چند معاشرتی نقصان: سود بہت بری بیماری ہے جو معاشرے میں بہت پھیل رہی ہے، یہ سود ہی کی نحوست ہے
کہ ملک سے تجارت کا دیوالیہ نکل جاتا ہے، ظاہر ہے کہ دولت چند اداروں ہی میں محدود
ہو کر رہ جاتی ہے اور تجارت جس دولت کے ذریعے ہوتی ہے جب چند اداروں ہی تک محدود
ہو جائے گی تو معیشت کی گاڑی کا پہیہ بھی رک جائے گا، سود کی نحوست سے جب انڈسٹری
برباد ہو جاتی ہے تو تجارت ختم ہو جاتی ہے اور اس طرح بے روزگاری بڑھتی ہے، جب بے
روزگاری بڑھتی ہے تو جرائم میں اضافہ ہوتا ہے۔
سود سے بچنے کی ترغیب: سودی لین دین سے بچنے کے لیے قناعت اختیار کیجیے، لمبی امیدوں سے کنارہ کشی
کیجیے اور موت کو کثرت سے یاد کیجیے ان شاء اللہ دل سے دنیا کی محبت نکلے گی اور
آخرت کی تیاری کرنے کا ذہن بنے گا، سود کے عذابات اور اس کے دنیوی نقصانات کو
پڑھیے سنیے اور غور کیجیے کہ یہ کس قدر تباہی و بربادی کا سبب بنتا ہے۔اللہ کریم
ہمیں اس سے بچائے۔ آمین