فی زمانہ جہاں ہمارا معاشرہ بے شمار برائیوں میں مبتلا ہے وہیں ایک اہم ترین
برائی ہمارے معاشرے میں بڑی تیزی کے ساتھ پروان چڑھ رہی ہے، وہ یہ کہ اب کسی حاجت
مند کو بغیر سود کے قرض ملنا مشکل ہو گیا ہے۔ سود قطعی حرام اور جہنم میں لے جانے
والا کام ہے، اس کی حرمت کا منکر کافر اور جو حرام سمجھ کر اس بیماری میں مبتلا ہو
وہ فاسق اور مردود الشہادہ ہے (یعنی اس کی گواہی قبول نہیں کی جاتی) سود خور کو
اللہ اور رسول ﷺ کی طرف سے جنگ کا اعلان ہے، چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا
فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖۚ-وَ اِنْ تُبْتُمْ فَلَكُمْ
رُءُوْسُ اَمْوَالِكُمْۚ-لَا تَظْلِمُوْنَ وَ لَا تُظْلَمُوْنَ(۲۷۹) (پ 3، البقرۃ: 279) ترجمہ کنز الایمان:
پھر اگر ایسا نہ کرو تو یقین کر لو اللہ اور اللہ کے رسول سے لڑائی کا اور اگر تم
توبہ کرو تو اپنا اصل مال لے لو نہ تم کسی کو نقصان پہنچاؤ نہ تمہیں نقصان ہو۔
صراط الجنان میں ہے: سود کی حرمت کا حکم نازل ہو چکا اس کے بعد بھی جو سودی
لین دین جاری رکھے گا وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کا یقین کر لے، یہ شدید
ترین وعید ہے۔
سود کی عام مثالیں ہمارے معاشرے میں بھی پائی جاتی
ہیں، مثال کے طور پر کسی کو گاڑی چاہیے پیسے نہیں ہیں کیا پرواہ؟ کیوں پریشان ہو
رہے ہو؟ قرض لے لو سود دے دینا! بلڈنگ بنانی ہے، قرض لے لو سود دے دینا! آئیے سود
کی مذمت پر 5 احادیث مبارکہ ملاحظہ کیجیے:
1۔نبیوں کے سلطان ﷺ کا فرمان عبرت نشان ہے: جس قوم میں سود پھیلتا ہے اس قوم
میں پاگل پن پھیلتا ہے۔(کتاب الکبائر للذہبی، ص 70)
2۔اللہ کے محبوب ﷺ نے سود کھانے والے، کھلانے والے، اس کی تحریر لکھنے والے
اور اس کے گواہوں پر لعنت کی اور فرمایا کہ یہ سب (گناہ میں) برابر ہیں۔(مسلم، ص
862، حدیث:1598)اے سودی کھاتے لکھنے اور سود پر گواہ بننے والو! دیکھو کس قدر وعید
مروی ہے۔
3۔ جب کسی بستی میں زنا اور سود پھیل جائے تو اللہ اس بستی والوں کو ہلاک کرنے
کی اجازت دے دیتا ہے۔ (کتاب الکبائر، ص 69)
4۔بے شک سود کے 72 دروازے ہیں ان میں سے کمترین ایسے ہے جو کوئی مرد اپنی ماں
سے زنا کرے۔ (معجم اوسط، 5/227، حدیث: 7151)
5۔پیارے آقا ﷺ فرماتے ہیں کہ شب معراج
میں ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرا جن کے پیٹ کمروں کی طرح (بڑے بڑے) تھے جن میں
سانپ پیٹوں کے باہر سے دیکھے جا رہے تھے، میں نے جبرائیل سے پوچھا: یہ کون لوگ
ہیں؟ انہوں نے عرض کی: یہ سود خور ہیں۔
اللہ پاک ہم سب کو سود کی آفت سے محفوظ فرمائے۔ آمین
کر لے توبہ رب کی
رحمت ہے بڑی قبر میں ورنہ
سزا ہوگی کڑی