بدکاری حرام اور کبیرہ گناہ ہے۔نیز مسلمانوں کا برائیوں اور گناہوں میں مبتلا ہونا بلا شبہ بُراہے۔ہمارے معاشرے میں جو برائیاں ناسور کی طرح پھیل رہی ہیں ان میں سے ایک بدکاری بھی ہے۔جس نے ہماری زندگی کے سکون کو برباد کر دیا ہے۔شرعی طور پر اس کاحکم بھی سخت ہے۔ کثیر احادیث مبارکہ میں بدکاری کی بڑی سخت مذمت و برائی بیان کی گئی ہے۔

(1) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پُر نور نے ارشاد فرمایا:جب بندہ زنا کرتا ہے توا س سے ایمان نکل کر سرپر سائبان کی طرح ہو جاتا ہےاور جب اس فعل سے جدا ہوتا ہے تو اس کی طرف ایمان لوٹ آتا ہے۔ (ترمذی،4/283،حدیث:2634)

(2) حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہُ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا: جس بستی میں زنا اور سود ظاہر ہوجائے تو انہوں نے اپنے لیے اللہ پاک کے عذاب کو حلال کر لیاہے۔ (مستدرک للحاکم، 2/339، حدیث:2308)

(3)حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے پیارےا ٓقا نے ارشاد فرمایا: قیامت کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ علم اٹھا لیاجائے گا۔ جہل بر قرار رہے گا،شراب پی جائےگی اور زنا کا ظہور ہوگا۔(بخاری،حدیث:80)

(4)حضرت عبد اللہ بن بسر رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبئ رحمت نے ارشاد فرمایا: زانیوں کے چہروں میں آگ بھڑک رہی ہوگی۔(الترغیب و الترہیب، جلد 3، حدیث: 3524)

(5)حضرت ابن عمر رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں نبی کریم نے فرمایا: زنا فقر پیدا کرتا ہے۔ (شعب الایمان،حدیث:5418)

(6) حضرت عثمان بن العاص رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ نبی پاک نے ارشاد فرمایا: رات کے وقت آسمانوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، پھر ایک اعلان کرنےوالا اعلان کرتا ہے کہ ہے کوئی دعا کرنے والا کہ اس کی دعا قبول کی جائے، ہے کوئی مانگنے والا کہ اسے عطا کیا جائے،ہے کوئی مصیبت زدہ کہ اس کی مصیبت دور کی جائے۔اس وقت پیسے لے کر زنا کرنے والا، والی عورت اور ظالمانہ ٹیکس لینے والے شخص کے علاوہ ہ دعا کرنے والے مسلمان کی دعا قبول کر لی جائے گی۔(معجم الاوسط،2/133،حدیث:2769)

(7)حضرت عمرو بن عاص رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پُر نور نے ارشاد فرمایا: جس قوم میں زنا عام ہوگا وہ قحط میں گرفتار ہوگی اور جس قوم میں رشوت کا لین دین ہوگا وہ رعب میں گرفتار ہوگی۔ (مشکاۃ المصابیح،1/656،حدیث:3582)

اللہ پاک ہم مسلمانوں کو بدکاری جیسے بد ترین گندے اور انتہاہی مذموم فعل سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ خاتم النبیین