وَ لَا تَقْرَبُوا الزِّنٰۤى اِنَّهٗ كَانَ فَاحِشَةًؕ-وَ سَآءَ سَبِیْلًا(۳۲) (پ15، بنی اسرائیل:32) ترجمہ کنز الایمان: اور بدکاری کے پاس نہ جاؤ بےشک وہ بے حیائی ہے اور بہت ہی بُری راہ۔

تفسیر صراط الجنان: اس آیت میں زنا کی حرمت و خباثت بیان کی گئی ہے۔ اسلام بلکہ تمام آسمانی مذاہب میں زنا کو بدترین گناہ اور جرم قرار دیا گیاہے۔ یہ پرلے درجے کی بے حیائی اور فتنہ و فساد کی جڑ ہے بلکہ اب تو ایڈز کے خوفناک مرض کی شکل میں اس کے دوسرے نقصانات بھی سامنے آرہے ہیں، جس ملک میں زنا کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں ایڈز پھیلتا جارہا ہے۔ یہ گویا دنیا میں عذاب ِ الہٰی کی ایک صورت ہے۔ ( تفسیر صراط الجنان، 5/454)

بدکاری کی مذمت پر پانچ فرامین مصطفیٰﷺ:

جب بندہ زنا کرتا ہے تو اُس سے ایمان نکل کر سر پر سائبان کی طرح ہوجاتا ہے، جب اِس فعل سے جدا ہوتا ہے تواُس کی طرف ایمان لوٹ آتا ہے۔ (ترمذی،4/283،حدیث:2634)

زنا کرنے والا جس وقت زنا کرتا ہے ( اس وقت) مومن نہیں رہتا یعنی مومن کی صفات سے محروم ہوجاتا ہے۔ (بخاری، 2/137، حدیث: 2475 )

جو شخص اپنے پڑوسی کی بيوی سے زنا کرے گا تو قيامت کے دن اللہ پاک اس کی طرف نظرِ رحمت نہ فرمائے گا اور نہ ہی اسے پاک کرے گا اور اس سے فرمائے گا کہ جہنمیوں کے ساتھ تم بھی جہنم میں داخل ہو جاؤ۔ (مسند الفردوس، 2/301،حدیث:3371)

جس قوم میں زنا ظاہر ہوگا وہ قحط میں گرفتار ہوگی اور جس قوم میں رشوت کا ظہور ہوگا وہ رعب میں گرفتار ہوگی۔(مشکاۃ المصابیح،1/656،حدیث:3582)

نبیٔ کریم ﷺ نے اپنے صحابۂ کرام رضی اللہُ عنہم سے ارشاد فرمایا زنا کے بارے میں تم کیا کہتے ہو؟ انہوں نے عرض کی: زنا حرام ہے، اللہ پاک اور اس کے رسول ﷺنے اُسے حرام کیا ہے اور وہ قیامت تک حرام رہے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: دس عورتوں کے ساتھ زنا کرنا اپنے پڑوسی کی عورت کے ساتھ زنا کرنے (کے گناہ) سے ہلکا ہے۔( مسند امام احمد، 9 / 226، حدیث: 23915)

بدکاری کے نقصانات: بدکاری کرنا حرام ہے اور کبیرہ گناہ ہے۔بدکاری کرنے والے کو معاشرے میں بُرا اور بے حیائی کرنے والا کہا جاتا ہے۔اس پر اعتماد نہیں کیا جاتا۔زنا کرنے والے کو دنیا میں بھی سزا ملتی ہے اور آخرت میں بھی سزا کا حقدار ہوتا ہے۔زنا کرنے والے شخص سےاللہ پاک ناراض ہو جاتا ہےاور اسے جہنم میں ڈالا جائے گا۔ زنا کرنے والے کے لیے دنیا میں رزق کم ہو جاتا ہے۔زنا انسان کو عزت،حکمت اور علم سے روک دیتا ہے۔زنا کرنے والے کی زندگی مختصر اور چہرہ مسخ ہو جاتا ہے۔زنا کرنے والوں کا گھر اجڑ جاتا ہے۔

دعا: اللہ پاک ہر مسلمان کو زنا جیسے بد ترین اور گندے اور انتہائی مذموم فعل سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ثم آمین