پیارے پیارے اسلامی بھائیوں فی زمانہ مسلمان اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی اس کائنات میں غور وفکر کرنے اور اس کے ذریعے اپنے رب تعالیٰ کے کمال وجمال اور جلال کی معرفت حاصل کرنے اور اس کے احکام کی بجا آوری کرنے سے انتہائی غفلت کا شکار ہیں جب کام کاج سے تھک گئے تو سو کر آرام کرلیا جب شہوت نے بے تاب کیا تو حلال یا حرام ذریعے سے اس کی بے تابی کو دور کرلیا اور جب کسی پر غصّہ آیا تو اس سے جھگڑا کرکے غصے کو ٹھنڈا کر لیا الغرض ہر کوئی اپنے تن کی آسانی میں مست نظر آرہا ہے ۔

غصے پر قابو پانے کے لیے پنجتن پاک کی نسبت سے پانچ احادیث درج ذیل ہیں:

حدیث نمبر 1: غصہ کی حالت جاتی رہے گی... حضرت سلیمان بن صرد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دو آدمیوں نے آپس میں ایک دوسرے کو گالی دی ان میں سے ایک چہرہ غصّہ کی وجہ سے سرخ ہو گیا ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس آدمی کی طرف دیکھ کر فرمایا میں ایک ایسا کلمہ جانتا ہوں اگر وہ اسے کہ لے تو اس سے (غصّہ کی حالت) جاتی رہے گی (وہ کلمہ یہ ہے)۔ (اعوذباللہ من الشیطن الرجیم) (صحيح مسلم شریف كِتَاب الْبِرِّ وَالصِّلَةِ وَالْآدَابِ، باب فَضْلِ مَنْ يَمْلِكُ نَفْسَهُ عِنْدَ الْغَضَبِ وَبِأَيِّ شيء يَذْهَبُ الْغَضَبُ، حدیث نمبر6647)

حدیث نمبر 2: غصہ نہ کیا کر... حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا مجھے کوئی وصیت فرما دیجئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا غصّہ نہ کیا کرو اس شخص نے اپنی (وہی) درخواست کئی بار دہرائی ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر بار یہی ارشاد فرمایا (غصّہ نہ کیا کرو) (جامع ترمذی جلد اول باب البر و الصلہ:2020)

حدیث نمبر 3: طاقتور کون؟؟ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا طاقتور وہ نہیں ہے جو (اپنے مقابل کو) پچھاڑ دے بلکہ طاقتور وہ ہے جو غصّہ کی حالت میں اپنے آپ پر قابو پالے۔ حوالہ:(سنن ابی داؤد ، جلد سوئم کتاب الآداب:4779)

حدیث نمبر 4 :غصہ کم کرنے کا نسخہ۔: حضرت عطیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا غصّہ شیطان (کے اثر) سے ہوتا ہے ، شیطان کی پیدائش آگ سے ہوئی ہے اور آگ پانی سے بجھائی جاتی ہے لہذا جب تم میں سے کسی کو غصّہ آئے تو اس کو چاہیے کہ وضو کرلے۔ حوالہ:(سنن ابی داؤد ، جلد سوئم کتاب الآداب: 4784)

حدیث نمبر 5: جنتی حوریں۔۔۔ حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص غصّہ کو پی جائے جبکہ اس میں غصّہ کے تقاضا کو پورا کرنے کی طاقت بھی ہو(لیکن اس کے باوجود جس پر غصّہ ہے اس کو سزا نہ دے) اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کو ساری مخلوق کے سامنے بلائیں گا اور اس کو اختیار دیں گا کہ جنت کی حوروں میں سے جس حور کو چاہیے اپنے لیے پسند کرلے۔ حوالہ: (جامع ترمذی: جلد اول باب البر و الصلہ:2021)

(غصّہ روکنے کی فضیلت) حدیث شریف میں ہے جو شخص اپنے غصے کو روکے گا اللہ عزوجل قیامت کے روز اس سے اپنا عذاب روک دے گا ۔ (شعب الایمان جءص315, حدیث 8311)