فرعونیوں  پر آنے والے عذابات

جب جادوگروں کے ایمان لانے کے بعد بھی فرعونی اپنے کفر وسرکشی پر جمے رہے تو اُن پر اللہ پاک کی نشانیاں پے درپے وارد ہونے لگیں کیونکہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے دعا کی تھی کہ اے اللہ پاک فرعون زمین میں بہت سرکش ہوگیا ہے اور اس کی قوم نے بھی عہد شکنی کی ہے انہیں ایسے عذاب میں گرفتار کر جو اُن کے لئے سزا ہو اور میری قوم اور بعد والوں کے لئے عبرت و نصیحت ہو،

1. تواللہ پاک نے طوفان بھیجا ، ہوا یوں کہ بادل آیا، اندھیرا ہوا اور کثرت سے بارش ہونے لگی ۔قبطیوں کے گھروں میں پانی بھر گیا یہاں تک کہ وہ اس میں کھڑے رہ گئے اور پانی اُن کی گردنوں تک آگیا، اُن میں سے جوبیٹھا وہ ڈوب گیا ۔ ہفتہ سے ہفتہ تک اسی مصیبت میں مبتلا رہے اور باوجود اس کے کہ بنی اسرائیل کے گھر اُن کے گھروں سے متصل تھے اُن کے گھروں میں پانی نہ آیا۔ جب یہ لوگ عاجز ہوئے تو حضرت موسیٰ علیہ السلام سے دعا کی عرض کی اور ایمان لانے کا وعدہ کیا ۔ حضرت موسیٰ نے دعا فرمائی تو طوفان کی مصیبت دور ہو گئی، زمین میں وہ سرسبزی وشادابی آئی جو پہلے کبھی نہ دیکھی تھی۔ کھیتیاں خوب ہوئیں اور درخت خوب پھلے ۔ یہ دیکھ کر فرعونی کہنے لگے :یہ پانی تو نعمت تھا اور ایمان نہ لائے۔

2. ایک مہینہ تو عافیت سے گزرا ،پھر اللہ پاک نے ٹڈی بھیجی وہ کھیتیاں اور پھل ، مکان کے دروازے، حتّٰی کہ لوہے کی کیلیں تک کھا گئیں اور قبطیوں کے گھروں میں بھر گئیں لیکن بنی اسرائیل کے یہاں نہ گئیں۔ اب قبطیوں نے پریشان ہو کر پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام سے دعا کی درخواست کی اور ایمان لانے کا وعدہ کیا۔سات روز تک ٹڈی کی مصیبت میں مبتلا رہے،پھر حضرت موسیٰعلیہ السلام کی دعا سے نجات پائی۔ کھیتیاں اور پھل جو کچھ باقی رہ گئے تھے انہیں دیکھ کر کہنے لگے :یہ ہمیں کافی ہیں ہم اپنا دین نہیں چھوڑتے چنانچہ ایمان نہ لائے۔ایک مہینہ عافیت سے گزرا ،

3. پھراللہ پاک نےقمل بھیجے ۔ اس کیڑے نے جو کھیتیاں اور پھل باقی رہے تھے وہ کھالئے، یہ کیڑا کپڑوں میں گھس جاتا تھا اور جلد کو کاٹتا تھا، کھانے میں بھر جاتا تھا ،اگر کوئی دس بوری گندم چکی پر لے جاتا تو تین سیر واپس لاتا باقی سب کیڑے کھا جاتے ۔یہ کیڑے فرعونیوں کے بال، بھنویں ،پلکیں چاٹ گئے ،ان کے جسم پر چیچک کی طرح بھر جاتے حتّٰی کہ ان کیڑوں نے اُن کا سونا دشوار کردیا تھا۔ اس مصیبت سے فرعونی چیخ پڑے اور اُنہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے عرض کی:ہم توبہ کرتے ہیں ، آپ اس بلا کے دور ہونے کی دعا فرمائیے۔ چنانچہ سات روز کے بعد یہ مصیبت بھی حضرت موسیٰ علیہ السلام کی دعا سے دور ہوئی، لیکن فرعونیوں نے پھر عہد شکنی کی اور پہلے سے زیادہ خبیث تر عمل شروع کر دئیے۔

4. اسی طرح ان پر مینڈک کا عذاب آیا اچانک بیشمار مینڈک پیدا ہوگئے ان کے جسموں پہ سینکڑوں مینڈک سوار رہتے ۔کسی حالت میں بھی مینڈکوں سے نجات نہیں ملتی تھی ۔اس عذاب سے بھی فرعونی رو پڑے اب قبطیوں نے پریشان ہو کر پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام سے دعا کی درخواست کی اور ایمان لانے کا وعدہ کیا۔،پھر حضرت موسیٰعلیہ السلام کی دعا سے نجات پائی۔

5. مگر پھر یہ اپنی سرکشی سے باز نہ آئے تو پھر ان پر خون کا عذاب قہر الٰہی بن کر اتر پڑا ایک دم اچانک ان کے تمام کوؤں ، نہروں کا پانی خون ہو گیا ۔حتی کہ فرعونی اگر گھاس اور درختوں کی جڑیں چبا چبا کر چوستے تو اس کی رطوبت بھی انکے منہ میں جاکر خون بن جاتی الغرض فرعونیوں نے پھر حضرت موسیٰ علیہ السلام سے دعا کی درخواست کی تو ساتویں روز پھر آپ کی دعا سے اس خونی عذاب کا سایہ بھی ان کے سروں سے ہٹ گیا ۔

الغرض ان سرکشوں پر مسلسل پانچ عذاب آتے رہے اور ہر عذاب ساتویں دن ٹلتا رہا اور ہر دو عذابوں کے درمیان ایک ماہ کا فاصلہ ہوتا رہا مگر فرعون اور فرعونیوں کے دلوں پر شقاوت و بدبختی کی ایسی مہر لگ چکی تھی کہ پھر بھی وہ ایمان نہیں لائے اور اپنے کفر پر اڑے رہے اور ہر مرتبہ اپنا عہد توڑتے رہے۔ یہاں تک کہ اللہ پاک کے قہر و غضب کا آخری عذاب آگیا کہ فرعون اور اس کے متبعین سب دریائے نیل میں غرق ہو کر ہلاک ہو گئے اور ہمیشہ کے لئے خدا کی دنیا ان عہد شکنوں اور مَردُودوں سے پاک و صاف ہو گئی اور یہ لوگ دنیا سے اس طرح نیست و نابود کردیئے گئے کہ روئے زمین پر ان کی قبروں کا نشان بھی باقی نہیں رہ گیا۔

اللہ پاک ہمیں اہنے قہر وغضب سے محفوظ رکھے ۔آمین