اللہ پاک نے انسانوں کوپیدافرمایا تاکہ وہ اس کی عبادت کریں،اس کی وحدانیت کا اقرار کریں، اس کی اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے حکم
کی پیروی کریں اور نیک اعمال کر کے حقیقی کامیابی (یعنی اللہ پاک کی رضا و
جنت) حاصل کریں اور بُرے اعمال سے بچ کر ہمیشہ کی ذلت (یعنی اللہ پاک کی ناراضی و
جہنم) سے نجات پائیں۔ فلاح و کامیابی پانے والے مختلف اعمال قراٰنِ کریم میں بیان
فرمائے گئے ہیں ان میں سے 10 پیشِ خدمت ہیں:
(1)اللہ اور رسول کی فرماں برداری: فلاح و کامیابی دلانے والے
اعمال میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اللہ اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
کے ہر حکم کی پیروی کی جائے۔ جیسا کہ اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں ارشاد فرمایا:﴿یُّصْلِحْ
لَكُمْ اَعْمَالَكُمْ وَیَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوْبَكُمْؕ-وَ مَنْ یُّطِعِ اللّٰهَ وَ
رَسُوْلَهٗ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِیْمًا(۷۱)﴾ ترجمۂ کنزالایمان:اور جو اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرے اس نے بڑی
کامیابی پائی۔(پ22،الاحزاب:71)
(2)توبہ کرنا:اللہ پاک کی بارگاہ میں توبہ کرنا بھی کامیابی
دلانے والا عمل ہے جیسا کہ اللہ پاک کا فرمان ہے:﴿وَتُوْبُوْۤا
اِلَى اللّٰهِ جَمِیْعًا اَیُّهَ الْمُؤْمِنُوْنَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ(۳۱)﴾ترجمۂ کنز العرفان: اور اے مسلمانو! تم سب اللہ کی طرف توبہ
کرو اس امید پر کہ تم فلاح پاؤ۔ (پ18، النور 31)
(3)خشوع و خضوع سےنماز ادا کرنا: نماز میں خشوع و خضوع پیدا
کرنا بھی کامیابی دلانے والے اعمال میں سے ہیں۔ جیسا کہ اللہ پاک نے فرمایا:﴿الَّذِیْنَ
هُمْ فِیْ صَلَاتِهِمْ خٰشِعُوْنَۙ(۲)﴾ترجمۂ
کنزالعرفان:جو اپنی نماز میں خشوع و خضوع کرنے والے ہیں۔(پ18، المؤمنون:2)
(4)فضول باتوں سے منہ پھیرنا: فضول اور بے ہودہ باتوں سے
پرہیز کرنا بھی کامیابی و فلاح دلانے والا عمل ہے۔ جیسا کہ اللہ پاک نے قراٰنِ
مجید میں فرمایا:﴿وَالَّذِیْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَۙ(۳)﴾ترجمۂ کنزالعرفان:اور وہ جو فضول بات سے منہ پھیرنے والے
ہیں۔ (پ18، المؤمنون:3)
(5)زکوٰۃ ادا کرنا:کامیابی دلانے والا ایک عمل زکوٰۃ ادا
کرنا بھی بیان کیا گیا۔قراٰنِ پاک میں ہے:﴿وَالَّذِیْنَ هُمْ
لِلزَّكٰوةِ فٰعِلُوْنَۙ(۴)﴾ترجمۂ کنزالعرفان: اور وہ جو زکوٰۃ دینے کا کام کرنے والے
ہیں۔ (پ18، المؤمنون:4)
(6)شرمگاہ کی حفاظت کرنا:شرمگاہ کی حفاظت کرنا کامیابی
دلانے والا عمل ہے۔ جیسا کہ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا:﴿وَالَّذِیْنَ
هُمْ لِفُرُوْجِهِمْ حٰفِظُوْنَۙ(۵)﴾ترجمۂ کنزالعرفان: اور وہ جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرنے
والے ہیں۔(پ18، المؤمنون:5)
(8،7)امانتوں خیانت نہ کرنا اور وعدے پورے کرنا:فلاح و
کامیابی دلانے والے اعمال میں سے دو یہ بھی ہیں۔امانت میں خیانت نہ کرنا اور وعدے
کو پورا کرنا۔ اللہ پاک نے فرمایا: ﴿وَالَّذِیْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ
وَعَهْدِهِمْ رٰعُوْنَۙ(۸)﴾ترجمۂ کنز العرفان: اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے وعدے
کی رعایت کرنے والے ہیں۔(پ18، المؤمنون:8)
(9)نمازوں کی محافظت کرنا:پانچوں نمازوں کو ان کے وقت پر
ادا کرنا اور ان پر محافظت اختیار کرنا آخرت میں کامیابی پانے کا سب سے بہترین عمل
ہے۔جیسا کہ اللہ پاک نے فرمایا:﴿وَالَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى
صَلَوٰتِهِمْ یُحَافِظُوْنَۘ(۹)﴾ترجمۂ
کنزالعرفان: اور وہ جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔(پ18، المؤمنون:9)
(10)نفس کو مذموم صفات سے پاک کرنا:نفس کو مذموم صفات جیسے
تکبر، ریاکاری،بغض و حسد اور دنیا کی محبت وغیرہ سے پاک کرنا اُخروی کامیابی حاصل
کرنے کا ذریعہ ہے۔ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا:﴿قَدْ
اَفْلَحَ مَنْ تَزَكّٰىۙ(۱۴)﴾ ترجمۂ
کنزالعرفان: بیشک جس نے خود کو پاک کرلیا وہ کامیاب ہوگا۔(پ30، اعلیٰ:14)
اللہ پاک ہمیں ان سب اعمال کو کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور
ہمیں حقیقی فلاح و کامیابی نصیب فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم