فرمانِ مصطفے صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم :جو قبرستان میں گیارہ
بار سورۂ اخلاص پڑھ کر مُردوں کو ایصالِ ثواب کرے گا تو مُردوں کی تعداد کے برابر
ایصالِ ثواب کرنے والے کو اس کا اجر ملے گا۔ (جمع الجوامع للسیوطی،۷/285، حدیث:23152)
صرف ایک بار درود
شریف پڑھ کر بھی ایصالِ ثواب کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ نے گھر میں کچھ نیازبنائی ہے تو
اُسے سامنے رکھ کر دونوں ہاتھ بُلند کر کے 1 بار درود شریف 1 بار سورۂ فاتحہ3 بار
سورۂ اخلاص پڑھ کر بھی ایصالِ ثواب کیا جاتا ہے۔لازمی نہی کہ کُچھ مخصوص نیاز کا اہتمام
کیا جائے،بلکہ اگر گھر میں کچھ اپنے کھانے کے لیے بھی بنایا ہے تو اُ س پر بھی ایصالِ
ثواب کیا جا سکتا ہے۔اگر کچھ بھی نہی بنا ہوا تب بھی ہم سورتیں ، سپارے،کلمہ، درود
شریف وغیرہ پڑھ کر ایصال ِثواب کر سکتی ہیں۔
اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کا ایصالِ ثواب کا
طریقہ
اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ 1بار بسمہ اللہ،سورۂ
فاتحہ،آیۃ الکُرسی اور تین بار سورۂ اخلاص پڑھ کر ایصالِ ثواب کیا کرتے تھے۔
ایصالِ ثواب کے لیے
دل میں نیت کر لینا کافی ہے۔ مثلاً آپ نے کسی کو ایک روپیہ خیرات دیا، ایک بار درود
شریف پڑھا یا کسی کو ایک سُنت بتائی یاکسی پر انفرادی کوشش کرتے ہوے نیکی کی دعوت دی
یا سُنتوں بھرا اجتماع کیا۔ الغرض کوئی بھی نیک کام کیا ،آپ دل ہی دل اس طرح نیت کر
لیجئے مثلاًابھی میں نے جو سُنت بتائی اس کا
ثواب سرکارِ مدینہ صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو پہنچے ان شآءاللہ ثواب پہنچ جاے گا۔ مزید جن جن کی نیت کریں
گی اُن کو بھی پہنچ جائے گا۔دل میں نیت ہونے کے ساتھ ساتھ زبان سے بھی کہ لینااچھا
ہے۔ایصالِ ثواب صحابی رضی اللہ عنہ سے ثابت ہے۔ جیسا کہ
حدیثِ سعد میں ہے کہ اُنہوں نے کنواں کھدوا کر فرمایا:ھٰذِہٖ
لِاُمِّ سَعْد یعنی یہ اُمِّ سعد کے لیے ہے۔