چغلی ایسا برا
فعل ہے جو کہ معاشرے میں لوگ کثرت سے کرتے نظر آتے ہیں ۔ یہ فعل عورتوں میں بہت زیادہ
پایا جاتا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ مردوں میں بھی پایا جاتا ہے اور یہ اس لیے ہو
رہا ہے کیونکہ اس کی لوگوں کو معلومات ہی نہیں ہیں ۔ اکثریت اس کی وعید سے ناواقف
ہیں اس بنا پر لوگ اس کام کے مرتکب ٹھہرتے ہیں۔
چغلی : عام فہم زبان میں چغلی اس کو کہا جاتا ہے کہ کسی کا راز فاش کرنا یا اس
بات سے پردہ اٹھا دینا جس کے ظاہر ہونے کو انسان ناپسند کرتا ہو۔ اس کے بے شمار
نقصانات ہیں مثلآ لڑائی جھگڑا اور دیگر فسادات ۔ ( احیاء العلوم ویب ایڈیشن، جلد نمبر
3 ، صفحہ نمبر557)
قرآن و احادیث میں اس کی بہت مذمت بیان کی گئی
ہے آئیے اس کے بارے میں کچھ احادیث پڑھتے ہیں ۔
کون جنت میں داخل نہیں ہو گا: حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
قاطع جنت میں داخل نہیں ہو گا۔ عرض کی گئی قاطع کون ہے؟ ارشاد فرمایا: لوگوں کے
درمیان اختلافات پیدا کرنے والا ۔ اور یہی چغل خور ہے ۔ ( احیاء العلوم ویب ایڈیشن،
جلد نمبر 3،صفحہ نمبر 561)
چغل خور سب برا شخص ہے: سرور ذیشان صاحب لولاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے
ارشاد فرمایا : برے لوگوں میں سے ہے وہ شخص جس کے شر کی وجہ سے لوگ اس سے بچتے ہوں
۔ ( احیاء العلوم ویب ایڈیشن ، جلد نمبر 3، صفحہ نمبر 561)
چغل خور کتوں کی شکل میں
اٹھایا جائے گا :فرمان آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے : طعنہ زنی ،غیبت،
چغل خوری اور بے گناہ لوگوں کے عیب تلاش کرنے والوں کو اللہ پاک (قیامت کے دن )
کتوں کی شکل میں اٹھائے گا۔ ( ظاہری گناہوں کی معلومات ، صفحہ نمبر 53)
پیارے اسلامی بھائیو معاشرے میں پھیلی برائیوں میں
غور کریں تو چغلی بھی بڑی واضح نظر آتی ہے ۔ اس سے بچنے کی تدبیروں میں سے ایک یہ
ہے کہ اس کی وعیدوں کا مطالعہ کیا جائے۔ دنیا و آخرت کے نقصانات کو جانا جائے تاکہ
اس کام سے بچ سکیں ۔ درد مندانہ اپیل ہے کہ چغلی سے بچنے کے لیے قرآن و حدیث میں
ذکر کئے گئے چغلی کے ہولناک عذابات کا مطالعہ کیجئے اور اپنے نازک بدن پر غور کیجئے
کہ اگر چغلی کے سبب ہم پر کوئی عذاب مسلط کر دیا گیا تو ہمارا کیا بنے گا ۔ عموم
گناہ ہونے کی بڑی وجہ یہی ہے کہ علم دین کا نہ ہونا ۔ اس لیے خوب علم دین حاصل کیجیے
اور علماء اہلسنت کی صحبت حاصل کیجئے ۔ گناہوں کی معلومات اور احیا العلوم جیسی
کتب کا مطالعہ کیجیے تاکہ ہم گناہوں سے بچ سکیں ۔
دعا ہے کہ اللہ عزوجل ہمیں صیح معنوں میں قرآن و
حدیث پڑھنے اور سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ، چغل خوری اور دیگر ظاہری و باطنی
گناہوں سے اپنی پناہ عطا فرمائے آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ۔