بارگاہِ اعلیٰ حضرت میں علمائے کرام موجود ہیں، دنیا کی مَشِینوں کی اِیجاد(Invention) کا تذکرہ ہو رہا ہے، اعلیٰ حضرت نے ارشاد فرمایا: بِفَضْلہٖ تعالیٰ بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے فقیر کو ایسی مشین عطا ہوئی جس میں کسی بھی علم کا سوال کسی زبان میں ڈال دیجئے چند منٹ کے بعد اس کا صحیح جواب حاصل کرلیجئے۔(خلیفۂ اعلیٰ حضرت) مولانا ہدایت رسول صاحب نے عرض کی: حضور! وہ مشین مجھے بھی دکھایئے، فرمایا: پھرکبھی دیکھ لیجئے گا۔ لیکن انہوں نے اِصْرار کیا تو اعلیٰ حضرت نے اپنے کُرتے کے بٹن کھول کر سینۂ انور کی زیارت کروائی اور فرمایا: یہ ہے وہ مشین جس کا فقیر نے کہا۔ شاہ ہدایت رسول صاحب آپ کے سینۂ پُرنور کو چومتے اور کہتے جاتے: صَدَقْتَ یَاوَارِثَ عُلُوْمِ رَسُوْلِ اللہِ وَیَانَائِبَ رَسُوْلِ اللہِ یعنی اے رسول اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے علوم کے وارث اور اُن کے نائب ! آپ نے سچ کہا۔(تجلیاتِ امام احمد رضا،ص78 ملخصاً)

20ویں صدی کی عَبْقَری شخصیت، زبردست مُفَکِّرِ اسلام (Great Islamic Thinker) اور سائنسی علوم کے ماہر امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰن کا یہ فرمانا کہ ”کسی بھی علم کا سوال ،جس زبان میں ہوچند منٹ میں صحیح جواب مل جائے گا“ یقیناً آپ پرفضلِ خدا اور عنایتِ مصطفےٰ ہے اور یہ مُبالَغہ یا محض زبانی دعویٰ نہیں بلکہ یہ ایسی حقیقت ہے جس کی دلیل آپ کی لکھی ہوئی تحقیقی ایک ہزار کتب ہیں جن میں صرف علم ِحدیث میں 240 کتابیں، علمِ فقہ میں 90سے زائد اور سائنسی علوم میں 100سے زیادہ کتب ہیں اور سائنسی علوم پر اس قدر کتابیں آپ کے عظیم سائنسدان ہونے کا واضح اور منہ بولتا ثبوت ہیں، زیرِ نظر مضمون میں اسی حوالے سے ایک مختصر جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔

چودہویں صدی عیسوی کے بعد والے زمانے کو عہدِجدید (Modern age) سے تعبیر کیا جاتا ہے، مغربی دنیا اِسی دور میں علم وفن سے آشنا ہوئی جبکہ مسلمان سائنسدان اس سے کئی صدیاں پہلے ہر طرح کے علوم سے نہ صرف آراستہ تھے بلکہ کائنات(Universe) کے بہت سے سَر بستہ راز کھول چکے تھے، خیر وقت کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے سائنٹسٹ پیدا ہوئے اور ایک آدھ نظریہ (Theory) یا کسی ایجاد کا سہرا اپنے سر سجاتے رہے پھر ربِِّ کریم نے مسلمانوں میں امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰن کو پیدا فرمایا جن کی پرورش خالص دینی ماحول میں ہوئی اور آپ نے دین ہی کو اپنا نصبُ العین بنایا مگر آپ اسلامیات کی جملہ شاخوں پر عُبُور کے ساتھ ساتھ حیاتیات (Biology)، حیوانیات (Zoology)، نباتات (Botany) ، جغرافیہ (Geography)، طبقات الارض (Geology)، ہیئت (Astronomy)، ارثماطیقی (Arithmetic)، شماریات (Statistics)، ریاضی (Mathematics)، لوگارتھم (Logarithm)، اُقْلِیْدَس (Geometry)، طبیعیات (Physics)، کیمیا (Chemistry)، صوتیات (Acoustics)، اشعیات (Radiology)، مناظرومَرایا (Optics)، توقیت، موسمیات (Metrology)، موجودات (Natural Science) وغیرہ سائنسی علوم پر بھی کامل دَسْتْرَس رکھتے تھے۔

اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی سائنسی تحقیقات سے پہلے آپ کا سائنس کے متعلق نظریہ پڑھ لیجئے، چنانچہ زمین ساکن ہونے کے متعلق اپنے رسالے نُزُوْلِ آیَاتِ فُرْقَان بَسُکُوْنِ زَمِیْن و آسْمَان میں فرماتے ہیں:سائنس یوں مسلمان نہ ہوگی کہ اسلامی مسائل کو آیات و نُصُوص میں تاویلات دُوراَزکار (یعنی بے سروپا اور لاتعلق تاویلات) کرکے سائنس کے مطابق کرلیا جائے۔ یوں تو مَعَاذَ اللہ اسلام نے سائنس قبول کی نہ کہ سائنس نے اسلام۔ وہ مسلمان ہوگی تو یوں کہ جتنے اسلامی مسائل سے اُسے خلاف ہے سب میں مسئلۂ اسلامی کو روشن کیا جائے دلائلِ سائنس کو مَرْدُود و پامال کردیا جائے جا بجا سائنس ہی کے اقوال سے اسلامی مسئلہ کا اِثْبات ہو، سائنس کا اِبْطال و اِسْکات ہو، یوں قابو میں آئے گی۔(فتاویٰ رضویہ،27/227)

اب آتے ہیں اُن تحقیقات کی جانب جن میں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے ایک طرف اسلامی نظریہ اور احکامِ شریعت کی توضیح وتشریح فرمائی اور دوسری طرف قوانینِ سائنس کا تَجْزِیَہ فرمایا۔ موافقِ اسلام قوانین کو تَوْثِیْق و تائید کے طور پر لیا اور خلافِ اسلام سائنسی نظریات کا قراٰن و سنّت کے ساتھ ساتھ خود سائنسی قواعد و ضوابط کے ذریعے ردّ و اِبْطال فرمایا اور دورِ جدید کے بعض سائنسی اَفکارکوعَقْلی و نَقْلی دلائل و بَراہِیْن کی روشنی میں باطل قرار دیا چنانچہ

1338ہجری میں حرکتِ زمین کے متعلق عقلی و سائنسی دلائل پر مشتمل کتاب فَوْزِ مُبِیْن دَرْ رَدِّ حَرَکَتِ زَمِیْن تحریر فرمائی جو ایک مقدمہ، چار فصلوں اور ایک خاتِمہ پر مُحِیْط ہے، اس میں زمین کے ساکن ہونے پر 105دلیلیں قائم کیں، خود فرماتے ہیں: فصلِ اوّل میں نافریت پر بحث اور اُس سے اِبْطالِ حرکتِ زمین پر بارہ دلیلیں۔ فصلِ دوم میں جاذبیت پر کلام اور ا س سے بُطْلانِ حرکتِ زمین پر پچاس دلیلیں۔ فصلِ سوم میں خود حرکتِ زمین کے اِبْطال پر اور تینتالیس دلیلیں۔ یہ بحمدہٖ تعالیٰ بُطْلانِ حرکتِ زمین پر ایک سو پانچ دلیلیں ہوئیں جن میں پندرہ اگلی کتابوں کی ہیں جن کی ہم نے اِصلاح و تصحیح کی اور پورے نوّے دلائل نہایت روشن و کامل بِفَضْلِہٖ تعالیٰ خاص ہمارے ایجاد ہیں۔ فصلِ چہارم میں ان شبہات کا رد جو ہیأتِ جدیدہ اثِبْاتِ حرکتِ زمین میں پیش کرتی ہے۔(فتاویٰ رضویہ،27/245)

آپ کی سائنسی تحقیقات پر کوئی اور تصنیف نہ بھی ہوتی تو 139صفحات پر پھیلی یہی ایک کتاب آپ کے عظیم سائنسدان (Great Scientist) ہونے کی کافی و وَافی دلیل تھی۔ سائنس کا کوئی پروفیسر جب یہ کتاب دیکھے گا تو امامِ اہلِ سنّت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی سائنسی تحقیقات اور علومِ جدید میں گہرائی و گِیْرائی پر رَشْک کرے گا اور سائنس کا اسٹوڈنٹ اسے پڑھے گا توحیران و شَشْدَر رہ جائے گا کہ چٹائی پر بیٹھ کر لوگوں کی شرعی راہنمائی کرنے والی یہ بزرگ ہستی قدیم و جدید تمام سائنسی علوم و فنون میں بھی کامل مہارت رکھتی تھی۔ انگریزی میں اس کتاب کا ترجمہ:A fair success refuting motion of Earth کے نام سے ہوچکا ہے۔

اکتوبر 1919عیسوی میں ایک امریکی سائنٹسٹ البرٹ ایف۔ پورٹا نے پیشین گوئی کی کہ ”بعض سیاروں کے اجتماع سے 17دسمبر کو طوفان، بجلیاں، سخت بارش اور بڑے زلزلے ہوں گے۔“ جب یہ ہولناک پیشین گوئی اعلیٰ حضرت کے سامنے پہنچی تو آپ نے اس کی تَرْدِیْد میں ایک رسالہ بَنام مُعِیْنِ مُبِیْن بَہْرِ دَوْرِ شَمْس و سُکُوْنِ زَمِیْن لکھا جس میں 17دلیلوں سے اس پیشین گوئی کا رد فرمایا جس میں 16دلائل جدید سائنس سے دئیے ہیں۔ آخر میں فرماتے ہیں: بیانِ مُنْجِم (امریکی سائنٹسٹ) پر اور مُواخَذَات بھی ہیں مگر 17دسمبر کے لئے 17پر ہی اِکْتِفا کریں۔(فتاویٰ رضویہ،27/242 ملخصاً)

علمِ ارضیات (Geology) کی ایک شاخ علمِ اَحْجَار (Petrology) بھی ہے۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ جیولوجیGeology)) کی دیگر اَصْناف کی طرح علمُ الاَحْجَار پر بھی عبور رکھتے تھے۔ آپ سے تیمم کے متعلق مسئلہ دریافت کیا گیا کہ کس شَے سے تیمم جائز ہے اور کس سے نہیں؟ چونکہ اس کا تعلق مٹی سے ہے اور مٹی کا تعلق علمِ ارضیات (Geology) سے ہے۔ جب آپ نے اس حوالے سے قلم اُٹھایا تو تحقیق کے دریا بہا دئیے۔ چنانچہ مٹی اور پتھر کی جن اقسام سے تیمم جائز ہے اگلے فقہائے کرام کی سینکڑوں کُتُب میں ان کی اقسام کی کل تعداد 84تک پہنچتی ہے اور یہ ہزاروں علما کی صَدْہا سالوں کی محنت کا نتیجہ ہے مگر اِمامُ الفُقَہاء اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی علمُ الاَحْجار میں مہارت دیکھئے کہ آپ نے تحقیق سے اس تعداد پر 107 اَقسام کا اضافہ کردیا۔ یوں ہی جن اقسام سے تیمم ناجائز ہے فقہائے اُمت کی تحقیقات سے اُن کی تعداد 58 تک پہنچتی ہے اور اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے ان اقسام پر 72 قسموں کا اضافہ فرما دیا۔ تفصیل کے لئے فتاویٰ رضویہ جلد 3 میں شامل کتاباَلْمَطْرُالسَّعِیْد عَلٰی نَبْتِ جِنْسِ الصَّعِیْد کا مطالعہ فرمائیے۔

پانی کے رنگ کے متعلق سائنسدانوں میں اختلاف پایا جاتا ہے، کسی نے کہا: پانی کا کوئی رنگ نہیں۔ کسی نے پانی کو سفید کہا تو کسی نے اس کا رنگ سیاہ قرار دیا مگر اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے ان تینوں آراء کا عَقْلی ونَقْلی دلائل سے رَد کرتے ہوئے شرعی اور سائنسی دلائل سے پانی کے رنگ کو ”ہلکا سیاہی مائل“ ثابت کیا۔(فتاویٰ رضویہ ،3/235تا245 ملخصاً)

طبیعیات (Physics) کے موضوعAcoustics اور نظریۂ تَمَوُّج (Wave Theory) یعنی ماڈرن کمیونیکیشن سسٹم کی بات کی جائے تو اس پراعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی کتاب اَلْکَشْفُ شَافِیَاحُکْمُ فَوْنُوْ جِرَافِیَا علمِ صوتیات کے ماہرین کو دعوتِ فکر دیتی ہے۔ ایٹم کے اِنْشِقاق(Nuclear Fission )کی بات ہو توآپ نے اپنی کتاب اَلْکَلِمَۃُ الْمُلْہَمَۃ فیِ الْحِکْمَۃِ الْمُحْکَمَۃ میں بڑی تفصیلی بحث فرمائی ہے۔ میڈیکل سائنس (Medical Science) کے تعلق سے نظر دوڑائیں تو آپ کی کتب، رسائل اور فتاویٰ میں جابجا طبّی اصطلاحات، طبّی اصول وقوانین اور بیش بہا طبّی معلومات ملتی ہیں بالخصوص آپ کا رسالہ تَیْسِیْرُالْمَاعُوْن لِلسَّکْنِ فِی الطَّاعُوْن جو بظاہر مرضِ طاعون کے بارے میں شرعی احکام پر مبنی ہے مگر مطالَعَہ کرنے والوں پر واضح کردیتا ہے کہ آپ میڈیکل سائنس کے بھی ایکسپرٹ ہیں اور آپ ہی وہ پہلے مسلمان سائنٹسٹ ہیں جنہوں نے 1896عیسوی میں اپنی کتاب اَلصَّمْصَام عَلَی مُشَکِّکٍ فِیْٓ اٰیَۃِ عُلُوْمِ الْاَرْحَام میں الٹرا ساؤنڈ مشین کا فارمولا بیان فرمایا ہے۔علمِ فلکیات (Astronomy) میں آپ کو اس قدر مہارت تھی کہ رات میں تارے دیکھ کر اور دن کو سورج دیکھ کر گھڑی مِلالیا کرتے تھے۔

الغرض تحقیقِ مرجان (Coral) ہو یا تحقیقِ اہرامِ مِصْر یا پھر زلزلہ(Earthquake) کی تحقیق، نظریۂ مَد و جَزْر (High tides/ Low tides and) ہو یا نظریۂ کششِ ثِقْل، الجبرا و ریاضی کی گُتِّھیاں ہوں یا سائنس کے دیگر جدید و قدیم مسائل، ہمیں کتبِ اعلیٰ حضرت میں جگہ جگہ ان کے متعلق تحقیقات نظر آتی ہیں کیونکہ احکام کی گہرائیوں تک پہنچنے کے لئے آپ متعلقہ مسئلے کی تحقیق نہ صرف قراٰن وسنّت اور عباراتِ فُقَہا سے فرماتے بلکہ اُسے دُنیاوی وسائنسی علوم نیز مُشاہَدات و تَجْربات کی روشنی میں بھی پَرَکْھتے تھے۔ مگر یاد رہے کہ آپ نے اپنے سائنسی اَفْکار اور تحقیقات کی بنیاد قراٰن وسنّت پر رکھی ہے کیونکہ آپ کانظریہ و عقیدہ یہ ہے کہ ”سائنس کو قرآن و سنّت کی روشنی میں پَرْکَھا جائے نہ کہ قرآن وسنّت کو سائنس کی روشنی میں جانچا جائے۔“

خاص بات یہ ہے کہ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ سائنسی علوم پر تحقیقات کرتے وقت اِبتدا، انتہا یا جہاں مناسب سمجھتے ہیں مطالعہ کرنے والوں کو یہ عقیدہ ضرور سمجھاتے ہیں کہ سائنسی قوانین اپنی جگہ مگر اَصْل قدرت و طاقت اللہ پاک کی ہے، وہ ہی سب پر غالِب اور سب کا خالق و مالک ہے۔ چنانچہ ایک مقام پر پانی کے رنگ کی تحقیق کرتے ہوئے قدرتِ باری تعالیٰ پر اپنے ایمان ویقین کا اِظہار ان لفظوں سے فرماتے ہیں: مذکورہ بالا دلیل فَلاسِفَہ کے مذہب کے مطابق ہے اگر مان لیں تو فَبِہَا وگَرنہ ہماری ایمانی دلیل یہ ہے کہ نگاہیں اور تمام چیزیں اللہ تبارک وتعالیٰ کے ارادے کے تابع ہیں۔ اگر وہ چاہے تو ایک اندھا تاریک رات میں سیاہ چیونٹی کی آنکھ کو دیکھ سکتا ہے اور اگر وہ نہ چاہے تو دن کی روشنی میں فلک بوس پہاڑ سے نِیلگوں آسمان کو بھی نہیں دیکھا جاسکتا چونکہ اس نے چاہا کہ اَجْزاء انفرادی طور پر نظر نہ آئیں اور جب وہ مجتمع ہوجائیں تو نظر آنے لگیں لہٰذا جیسا اس نے چاہا ویسا ہی واقع ہوا۔ (فتاویٰ رضویہ، 2/174)

اور آخری بات یہ کہ جہاں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے یہ دیکھا کہ کسی دنیاوی و سائنسی علم کی وجہ سے بنیادی اسلامی عقیدے پر زَد پڑتی ہے، وہ علم خلافِ اسلام ہے، پڑھنے والے کے ذہن میں لادینیت پیدا ہوجائے گی اورایمان مُتَزَلزَل ہوگا تو آپ نے بِلاتَرَدُّد اِس کے خلاف حکمِ شریعت صادِر فرمایااور اُس کے پڑھنے سے مُمَانَعت فرمائی۔تفصیل کے لئےفتاویٰ رضویہ، جلد23،صفحہ706 ملاحظہ فرمایئے۔ پیشِ نظر مضمون میں امامِ اہلِ سنّت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰن کے سائنسی اَفْکارو تحقیقات کا مختصر جائزہ پیش کیا گیا ہے جو صرف ایک جھلک ہے لہٰذا جسے آپ کے سائنسی علوم کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھنا ہو اور اِن علوم کی فلک بوس چوٹیوں کا نظارہ کرنا ہو وہ آپ کی سائنس اور جدید علوم پر مشتمل کتب ورسائل کا مطالعہ کرے۔

اللہ کریم کی اُن پر رحمت ہو اور اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم


تعارف اعلیٰ حضرت

Mon, 1 Jun , 2020
3 years ago

تعارف، آباءواَجداد: اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت مولانا شاہ امام احمدرضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰن 10 شوال،1272ھ مطابق 14جون 1856ء کو ہند کے شہر بریلی میں پیدا ہوئے،آپ صاحبِ ثروت دینی وعلمی گھرانے کے چشم وچراغ تھے۔ آپ کا نام محمد ہے، دادا نے اَحمد رضا کہہ کر پکارا اور اسی نام سے مشہور ہوئے، آپ کے آباء و اَجداد (Ancestors) اَفغانستان کے صوبہ قندھار کے قبیلہ بڑہیچ کے پٹھان تھے، ہجرت کرکے مرکز الاولیاء لاہور آئے اور پھر دہلی چلے گئے، آپ کےوالد علّامہ مفتی نقی علی خان قادری، دادا مولانا رضا علی خان نقشبندی اور پیر و مرشد کا نام سیّد شاہ آلِ رسول مارہروی قادری رحمہم اللہ تھا جو علم، مَعرِفت، تقویٰ و پرہیزگاری میں اپنی مثال آپ تھے۔

بچپن: اعلیٰ حضرت کا بچپن پاکیزہ اَخلاق، اِتباعِ سنت اورحُسنِ سیرت سے مُزَیَّن تھا، ابتدائی تعلیم والدِ گرامی سے حاصل کی، چار سال کی عمر میں ناظرہ قراٰنِ مجیدختم کر لیا، حافظہ ایسا مضبوط تھا کہ ایک دو بارسبق دیکھ کر کتاب بند کر دیتے اور اُستاد کو لفظ بہ لفظ سنا دیتے، 6سال کی عمر میں میلادُ النبی کے موضوع پرایک بڑے اجتماع میں بیان فرمایا،پانچوں نمازیں تکبیرِاُولیٰ کے ساتھ مسجد میں باجماعت ادا فرماتے، نگاہیں جھکا کر چلتے، 7سالکی عمر سے رمضان کے روزے رکھنا شروع کردیئے۔

حصولِ علم: صرف 13 سال 10ماہ کی عمر میں اپنے والد سے تمام علوم کی تکمیل کے بعد سندِ فراغت حاصل کی اور پہلا فتویٰ تحریر فرمایا، پھر آخر وقت تک فتاویٰ تحریرفرماتے رہے۔کم و بیش 70 علوم میں قلم اُٹھایا، قراٰن و حدیث سمیت ہر فنّ میں دَسْترَس حاصل تھی، علمِ توقیت (Timings) میں تو اِس قدر کمال تھا کہ دِن میں سورج اور رات میں ستارے دیکھ کر اِس طرح گھڑی ملالیتےکہ ایک منٹ کا بھی فرق نہ ہوتا، دِینی علوم،قراٰن، تفسیر، حدیث، اُصولِ حدیث، فقہ، اُصولِ فقہ، تَصَوُّف وغیرہ کے ساتھ دُنیوی علوم، علمِ ریاضی (Mathematics)، علمِ تکسیر، علمِ ہیئت (Astronomy)، علمِ جَفَر وغیرہ میں بھی مہارت رکھتے تھے، پورا قراٰنِ مجید فقط ایک ماہ میں حفظ کرلیا تھا، آپ کی حاضرجوابی سے لوگ حیران وشَشْدر رَہ جاتے، جوحوالہ بیان فرماتے بعینہٖ اسی کتاب اورصفحے پر ہوتا ایک لائن کا بھی فرق نہ ہوتا، ہزاروں کتب اورلاکھوں مختلف علمی مسائل کا چلتا پھرتا ذَخیرہ تھے، اکثر تصنیف و تالیف میں مصروف رہتے، ترجمۂ قراٰن کنزالایمان سمیت مختلف عنوانات پر اردو، عربی اور فارسی زبان پرمشتمل کم و بیش 1000 کتابیں لکھیں، ”فتاویٰ رضویہ“ جدید 30 جلدوں میں آپ کی علمیت کا نہایت عظیم شاہکار ہے۔ آپ کے اساتذہ کی تعداد کم اور تلامذہ کی تعداد کثیرہے۔

نکاح و اولاد: 19سال کی عمر میں نکاح فرمایا، کُل سات اولادیں ہوئیں، پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے شیخُ العلماء و حُجَّۃالاسلام مولانا حامد رضا خان،مفتیِ اعظم ہند مولانا مصطفےٰ رضا خان، پھراِن سے مزید اولاد کا سلسلہ چلا۔

حج و زیاراتِ مکہ و مدینہ: 2 بارحج کی سعادت حاصل کی، پہلی بار والدین کے ساتھ گئے اور بڑے بڑے علمائے مکہ و مدینہ سے حدیث، فقہ، اُصولِ تفسیرو دیگرعلوم کی سَنَدیں حاصل کیں، دوسری بار دیگر گھر والوں کے ساتھ گئے اور کِبار علمائے مکہ و مدینہ نے آپ سے سندیں و خِلافَتیں حاصل کیں اور دونوں بار نہایت ہی اِعزاز و اِکرام سے پیش آئے، دوسری بار روضہ ٔمبارکہ پر حالتِ بیداری میں حضور علیہ الصلٰوۃ و السَّلام کی زیارت سے مشرف ہوئے۔

عشقِ رسول: آپ عشقِ حبیبِ خدا کا سَرتا پا نمونہ تھے، محفلِ میلاد شریف میں ادباً دو زانو بیٹھے رہتے، ہرہرادا سنتِ مصطفےٰ کے مطابق ہوتی، پاؤں پھیلا کر نہ سوتے بلکہ اس طرح سوتے کہ جسم کی ہیئت لفظِ محمدجیسی ہوجاتی، پوری زندگی حضور علیہ الصَّلٰوۃوالسَّلام کی مدح و ثنا کرتے رہے، عظیم الشان نعت گو شاعر تھے، آپ کا نعتیہ دیوان ”حدائقِ بخشش“ عشق ومحبتِ محبوبِِ خدا عَلَیْہِ التَّحِیَّۃُ وَالثَّنَاء کی خوشبوؤں سے مہک رہاہے۔

عادات و اَوصاف: والدین کے ایسے اِطاعت گزارکہ دوسرے حج کیلئے بِلا اجازتِ والدہ جانا گوارا نہ کیا، علمائے اَہلِ سنّت کے ساتھ نہایت ہی عزت وتکریم (Respect)سے پیش آتے، خُصُوصاً ساداتِ کرام سے بہت محبت فرماتے، مسلمانوں کی دِل جوئی،حوصلہ افزائی اور اِصلاح کا جذبہ آپ کی ذات میں کُوٹ کُوٹ کربھرا تھا، بچوں پر شفقت فرماتے، بڑوں کا احترام سکھاتے،کبھی قہقہہ نہ لگاتے، جانبِ قبلہ نہ تھوکتے نہ ہی پاؤں پھیلاتے،کبھی وقت ضائع نہ فرماتے، بعدِ عصر عام ملاقات فرماتے، اپنی ذاتی اشیاء استعمال فرماتے، کھانے پینے پہننے کی کوئی چیز کسی سے نہ مانگتے،کبھی اتنا مال جمع نہ ہونے دیا کہ زکوٰۃ فرض ہوتی، جوبھی مال آتا راہِ خدا میں خرچ کردیتے، امیر و غریب میں امتیاز کی بجائے مُسَاوات فرماتے، غریبوں کوکبھی خالی ہاتھ نہ لوٹاتے، ہمیشہ اُن کی اِمداد فرماتے، بَسا اوقات اپنے ذاتی استعمال کی اَشیاء بھی عطا فرمادیتے۔

تقویٰ وپرہیزگاری: اعلیٰ حضرت نہ صرف فرائض و واجبات کی ادائیگی کے سختی سے پابند تھے، بلکہ سُنَنْ و نوافِل و مُسْتَحَبَّات کو بھی ترک نہ فرماتے، اِستنجاء وغیرہ کے سوا ہر فعل کی ابتداء سیدھی جانب (Right Side) سے فرماتے، تحریرو تقریر وغیرہ کسی بھی دِینی یا دُنیوی معاملے کے بدلے میں رقم یا ہدیہ وغیرہ قطعاًقبول نہ فرماتے، تکبر کو کبھی قریب نہ آنے دیا، ہمیشہ تواضع و عاجزی کو اختیار کیا، نہایت سادہ طبیعت کے مالک تھے، قیمتی ملبوسات وغیرہ سے بچتے، سادہ لباس زیبِ تَن فرماتے۔

قَناعَت و تَوَکُّ:ل آپ کی خوراک بہت کم تھی، پیٹ بھرکرکھانا تناول نہ فرماتے بلکہ بسا اوقات کئی کئی ایام تک کھانا ہی نہ کھاتے، البتہ کسی دعوت پر تشریف لے جاتے تو وہاں میزبان کی دِلجوئی کی خاطر کھانا تناول فرما لیتے، آبِِ زمزم نہایت مرغوب تھا، خوب پیٹ بھرکرنوش فرماتے۔

شریعت کی پاسداری: اعلیٰ حضرت ہر ہر معاملے میں شریعت کی پاسداری فرمایا کرتے، آپ کی دوستی یا بغض فقط اللہ کیلئے ہوتا تھا، کبھی کسی سے ذاتی انتقام(Revenge) نہ لیتے، بُرا بھلا کہنے والوں کو بھی معاف فرما دیتے، حُقُوقُ اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا بھی حد دَرَجہ خیال فرماتے اگرچہ حقدار کوئی چھوٹا سا بچّہ ہی کیوں نہ ہوتا، البتہ ناموسِ رسالت کے بے باک اور نِڈَر محافظ تھے، اللہ رسول کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی خوب پکڑ فرمائی اور اُن کے ناپاک اِرادوں کو خاک میں ملادیا اور انہیں کسی بھی طرح سَر نہ اُٹھانے دیا۔ الغرض اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ ایک ہَمہ گِیرشخصیت کے مالک تھے۔

سفرِآخرت: 25 صفرالمظفر 1340 ھ بمطابق 1921ء بروز جمعۃ المبارک آخری وصیتیں قلمبندکروانے کے بعد آپ اس دارِ فانی سے کوچ فرماگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

آپ کا مزارِپُراَنوار بریلی شریف میں ہے اور25 صفر ہی کو ہر سال آپ کا یومِ عرس دُنیا بھرمیں منایا جاتا ہے۔(ملخص ازتذکرہ امام احمد رضا، حیات اعلیٰ حضرت)

اللہ کریم ہمیں اعلیٰ حضرت علیہ رحمۃ ربِّ العزتکی سچی محبت عطا فرمائے اور ان کی سیرتِ طیبہ پرعمل کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم


غزوہ بدر

Mon, 11 May , 2020
3 years ago

2ہجری، 17رمضان المبارک جمعہ کا بابرکت دن تھا جب غزوۂ بدر رونما ہوا، قرآنِ مجید میں اسے ”یوم الفرقان“فرمایا گیا۔ (در منثور ،4/72،پ 10،الانفال تحت الآیہ:41) اس جنگ میں مسلمانوں کی تعداد 313 تھی جن کے پاس صرف 2 گھوڑے،70 اونٹ، 6 زرہیں(لوہے کا جنگی لباس) اور 8 تلواریں تھیں جبکہ ان کے مقابلے میں لشکرِ کفار 1000 افراد پر مشتمل تھا جن کے پاس 100گھوڑے، 700 اونٹ اور کثیر آلاتِ حرب تھے۔ (زرقانی علی المواھب، 2/260، معجم کبیر، 11/133، حدیث:11377، مدارج النبوۃ،2/81)

جنگ سے قبل رات حضورسرورعالم صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم نےاپنے چند جانثاروں کے ساتھ بدر کے میدان کو ملاحظہ فرمایا اور زمین پر جگہ جگہ ہاتھ رکھ کر فرماتے : یہ فلاں کافر کے قتل ہونے کی جگہ ہے اور کل یہاں فلاں کافر کی لاش پڑی ہوئی ملے گی۔ چنانچہ راوی فرماتے ہیں: ویسا ہی ہواجیسا فرمایا تھا اور ان میں سے کسی نےاس لکیر سے بال برابر بھی تجاوز نہ کیا۔ (مسلم، ص759، حدیث: 4621) سُبْحٰنَاللہ ! کیا شان ہےہمارے پیارے آقا صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کی،کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عطا سے ایک دن پہلے ہی یہ بتادیا کہ کون کب اور کس جگہ مرے گا۔

اس رات اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے مسلمانوں پر اونگھ طاری کر دی جس سے ان کی تھکاوٹ جاتی رہی اوراگلی صبح بارش بھی نازل فرمائی جس سے مسلمانوں کی طرف ریت جم گئی اور پانی کی کمی دور ہو گئی۔ ( الزرقانی علی المواہب ،2/271) آقا صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم نے تمام رات اپنے ربّ عَزَّ وَجَلَّ کے حضور عجزو نیاز میں گزاری (دلائل النبوۃ للبیہقی،3/49)اور صبح مسلمانوں کو نمازِ فجر کے لئے بیدار فرمایا، نماز کے بعدایک خطبہ ارشاد فرمایا جس سے مسلمان شوق ِ شہادت سے سرشار ہوگئے۔ (سیرت حلبیہ، 2/212)

حضور رحمتِ دوعالم صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم نےپہلے مسلمانوں کے لشکر کی جانب نظر فرمائی پھر کفار کی طرف دیکھا اور دعا کی کہ یا رب! اپنا وعدہ سچ فرماجو تو نے مجھ سے کیا ہے ، اگرمسلمانوں کا یہ گروہ ہلاک ہوگیا تو روئے زمین پر تیری عبادت نہ کی جائے گی۔ (مسلم، ص750، حدیث:4588ملخصاً)

اللہ عَزَّوَجَلَّ نے مسلمانوں کی مدد کے لئے پہلے ایک ہزار فرشتے نازل فرمائے، اس کے بعد یہ تعداد بڑھ کر تین ہزار اور پھر پانچ ہزار ہو گئی۔ (پ 9،الانفال:9۔ پ4،اٰل عمران،124،125)

پیارےآقا صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ و اٰلہٖ وسَلَّم نے کنکریوں کی ایک مٹھی بھر کر کفار کی طرف پھینکی جو کفار کی آنکھوں میں پڑی۔ (درمنثور ،4/40،پ 9،الانفال ، تحت الآیہ:17) جانثار مسلمان اس دلیری سے لڑے کہ لشکرِ کفار کو عبرتناک شکست ہوئی، 70 کفار واصلِ جہنم اور اسی قدر(یعنی70)گرفتار ہوئے (مسلم ، ص750، حدیث:4588ملخصاً) جبکہ 14مسلمانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

(عمدۃ القاری،10/122)

شہدائے غزوۂ بدر: غزوۂ بدر میں جامِ شہادت نوش فرمانے والے صحابۂ کرام کے اسمائے مبارک یہ ہیں :(1) حضرت عبید ہ بن حارِث(2) حضرت عمیر بن ابی وَقَّاص (3) حضرت ذُوالشِّمالین عمیر بن عبد عمرو(4) حضرت عاقل بن ابی بکیر (5) حضرت مِہجَع مولیٰ عمر بن الخطاب (6) حضرت صَفْوان بن بیضاء (یہ 6مہاجرین ہیں) (7)حضرت سعد بن خَیْثَمَہ (8)حضرت مبشربن عبدالمُنْذِر (9)حضرت حارِثہ بن سُراقہ (10)حضرت عوف بن عفراء (11) حضرت معوذ بن عفراء (12)حضرت عمیر بن حُمام (13)حضرت رَافِع بن مُعلّٰی (14)حضرت یزید بن حارث بن فسحم(یہ8 انصار ہیں)رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم اَجْمَعِیْن۔ (سیرت ابنِ ہشام، ص295)

غزوۂ بدرمیں مسلمان بظاہر بے سروسامان اور تعداد میں کم تھے مگر ایمان و اخلاص کی دولت سے مالامال تھے ، ان کے دل پیارے آقا صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کے عشق و محبت اور جذبہ ٔاطاعت سے لبریز تھے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی مدد اور پیارے آقا صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کی دعائیں ان کے شاملِ حال تھیں۔ یہی وہ اسباب تھے جنہوں نے اس معرکے کو یاد گار اور قیامت تک کے مسلمانوں کے لئے مشعلِ راہ بنادیا۔

اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمیں بھی اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کی محبت اوراطاعت کا جذبہ عطا فرمائے۔

اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

غزوۂ بدر کا تفصیلی واقعہ جاننے کے لئے ”سیرتِ مصطفی“(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)اورمختصراً پڑھنا چاہیں تو امیرِاہلِ سنّت کا رسالہ ”ابوجہل کی موت“ (مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)پڑھئے۔


اللہ رب العزت کا کروڑوں بار احسان ہے کہ اس نے ہمیں پھر ایک بار رمضان المبارک کی خوشیاں دیکھنے نصیب فرمائیں اور اس مہینے کوئی بھی انسان جتنی عبادت کریگا وہ  اتنا ہی پھل پائے گا۔ رمضان المبارک کا نام سنتے ہی ذہنوں میں روزہ اور سحر و افطار کی یاد آجاتی ہے۔ سحری کے حوالے سے ہمارے نبی کریم کا فرمان ارشاد ہے کہ سحری کیا کرو کیونکہ اس میں برکت ہے۔ روزہ دار افراد سحری میں پانی یا کوئی اور مشروبات پینے کو زیادہ ترجی دیتے ہیں کہ زیادہ پانی پینے سے دن بھر پیاس نہیں لگے گی جو غلط عمل ہے زیادہ پانی پینے کے باعث اسی وجہ سے وہ غذا کم لے پاتے ہیں اور دن بھر بھوک اور پیاس سے نڈھال ہورہے ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر فواد فاروق کا کہنا تھا کہ انسانی جسم میں اللہ پاک نے ایسا سسٹم رکھا ہے کہ ذرا سا بھی آپ کی ضرورت سے زیادہ پانی ہوگا وہ پیشاب کے ذریعے خارج ہوجائےگا۔

ڈاکٹر فواد فاروق کا کہنا تھا کہ سحری کے دوران چائے سے اجتناب برتیں اور اگر زیادہ دل چاہے توسحری کے شروع میں تھوڑی سی چائے پی لیں۔

ڈاکٹر فواد فاروق کا مزید کہنا تھا کہ سحری کے وقت آخر میں اگر تھوڑا دہی یا لسی پی لی جائے تو دن میں پیاس کا احساس کم ہوگا۔


روزہ اور صحت

Tue, 28 Apr , 2020
4 years ago

رمضان کے روزے مسلمانوں کیلئے انتہائی رحمت کا باعث ہے کیونکہ ان کے ذریعے اللہ تعالی انسانی جسم کے نظام انہضام کی مرمت فرماتا ہے، طبی ماہرین کے مطابق روزے سے انسانی دماغی صلاحیت بہتر ہوتی ہے اور روزے رکھنے سے جسم میں مختلف بیماریوں کے وائرس کی تعداد کم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ رمضان کے روزوں کو چند لوگ بھوک اور پیاس برداشت کرنے کے مہینے کے بجائے زیادہ سے زیادہ کھانے کا مہینہ سمجھ بیٹھتے ہیں جس کے باعث وہ مختلف عوارض کا شکار ہوجاتے ہیں، لوگوں کو چاہیے کہ وہ سحری و افطار میں سادہ اور صحت مند غذا کھائیں، تلی ہوئی اشیا سے پرہیز کریں جبکہ پھلوں، سبزیوں، دالوں اور دودھ دہی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، سحر و افطار میں عموماً روزہ دار جلدی جلدی کھاتے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں پیٹ کے امراض کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ایسے افراد سحر و افطار میں غذا کو اچھی طرح چبا چبا کر کھائیں،  تاکہ عبادات اور روزوں کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔ وہ روزے دار جو کسی بھی قسم کی ادویات استعمال کر رہے ہیں وہ روزہ رکھنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں اور اپنی ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں تاکہ انہیں رمضان کے مہینے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


رمضان المبا رک کی رحمتوں اور برکتوں کے کیا کہنے کہ اس ماہ صیام میں مسلمانو ں پر روزے فرض کئے گئے۔ رمضان المبا رک اور روزوں کی بر کت سے اللہ تبا رک وتعا لیٰ نے مسلمانوں پر ایسے انعامات و اکرام کی برسات فرماتا ہے جو بے مثال ہیں۔ اس ما ہ غفران کے تین عشرے ہیں جس میں عشرہ رحمت ،عشرہ مغفرت اور جہنم سے آزادی کا عشرہ شامل ہے ۔

رمضان المبا رک کے پہلے روزے سےدس روزے تک کا پہلا عشرہ ،عشرہ رحمت ہے جس مبارک عشرے میں عالم اسلام پر اللہ رب العالمین کی بے رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ۔

گیارہویں روزے سے بیسویں روزے تک دوسرہ عشرہ ،عشرہ مغفرت ہوتا ہے ۔جس میں اللہ رب العالمین اپنے بے شما ر بندوں کو مغفرت کے پروانے تقسیم فرماتا ہے ۔

اکیسویں روزے سے رمضان المبا رک کے آخر روزے تک عشر ہ،جہنم سے آزا دی کا عشرہ کہلاتا ہے جس میں اللہ تعا لیٰ ایسے بے شمار گنہگار بندوں کو جہنم سے آ زا دی عطا فرماتا ہےجن پر جہنم و ا جب ہو چکی ہوتی ہے۔

رمضان المبا رک کا ہر لمحہ ،ہر گھڑی ،ہر ساعت مسلمانوں کے لئے ایسی نعمت کی جس کی مثال موجو د نہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں اس ماہ مبا رک میں فر ض روزوں اور نماز کی ادائیگی کے سا تھ نفلی عبا دات و تلاوت کی کثرت کر نی چا ہئے تا کہ اللہ پاک کے اس مہمان کا احترام کر نا اور اس کی بر کتیں سمیٹنا ہمیں صحیح معنوں میں نصیب ہوسکے۔


ایک ایسے وقت میں جب ایک وبائی مرض کورونا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اس سے متاثر ہونے سے بچنے کا واحد حل قوت مدافعت کو بڑھانا ہے، تحقیق کے مطابق روز مرہ زندگی میں نمک کا زیادہ استعمال انسانی جسم کی قوت مدافعت کو کمزور کرتا ہے۔ قوت مدافعت کی کمزوری کے سبب انسانی جسم حملہ آور وائرس اور بیکٹریا کے خلاف مذاحمت میں کمزور ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق اپنی خوراک میں روزانہ 5 گرام سے زیادہ نمک استعمال کرنے والوں کا قوت مدافعت 5 گرام سے کم استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں کمزور ہوتا ہے۔ بیشتر افراد اس سے زیادہ مقدار میں نمک روزمرہ کی بنیادوں پر جزو بدن بنالیتے ہیں جس سے انسان کا قوت مدفعت سسٹم متاثر ہوتا ہے۔ محققین نے دریافت کیا کہ روزانہ صرف 11 گرام نمک یا 2 بار فاسٹ فوڈ کا استعمال ایک ہفتے میں مدافعتی خلیات کو کمزور کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔ نمک کا زیادہ استعمال انسانی جسم کے مدافعتی نظام کے ایک حصے کو کمزور کرتا ہے جس سے انسان کمزوری اور سستی محسوس کرتا ہے۔ سوڈیم  کلورائیڈ سے انسانی مدافعتی نظام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی جاری سفارشات بھی ہمیں یہ ہی بتاتی ہیں کہ ایک دن میں انسانی جسم کو ایک ٹی اسپون نمک کی مقدار استعمال کرنی چاہئے نمک کی مقدار میں کمی کر کے ہم ایک صحت مند زندگی اپنا کر بہتر اور مضبوط قوت مدافعت کے ساتھ مختلف اقسام کی بیماریوں سے لڑنے کی طاقت لیے ہم زیست کا ہر لمحہ بھرپور اور صحت مند طرز سے گزار سکتے ہیں۔


معراج کے تحفے

Sat, 21 Mar , 2020
4 years ago

حضور نبیِّ کریم، رءُوف رَّحیم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اعلانِ نبوّت کے بارھویں سال، 27 رَجَبُ المُرجَّب کی رات سفرِمعراج کی سعادت حاصل ہوئی۔ (خزائن العرفان، پ15،بنی اسرائیل ،تحت الآیہ:1، ماخوذاً) سفرِمعراج میں جہاں کئی معجزات ظاہر ہوئے اور شانِ مصطفےٰ کی بلندی آشکار(نمایاں) ہوئی وہیں ربِِّ مصطفےٰ کی طرف سے صاحِبُ التَّاج وَ الْمِعْراج صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو تحائف بھی عطا ہوئے مثلاً دیدارِ باری تعالیٰ، بلا واسِطہ کلام، سورۂ بقَرہ کی آخِری آیات ، پنجگانہ نماز کی فرضیّت ۔

(1)دیدارِ باری تعالیٰ :علامہ شہابُ الدّین احمدخَفاجی علیہ رحمۃ اللہ الھادی فرماتے ہیں : صحیح مذہب یہ ہے کہ نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے شبِ معراج سَرکی آنکھوں سےاپنے رب تعالیٰ کو دیکھا جیسا کہ اکثر صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کا مذہب ہے۔ (نسیم الریاض شرح شفا، 3/144) یادرہے کہ دنیامیں جاگتی آنکھوں سے پَرْوَرْدَگارعَزَّوَجَلَّ کادیدار صرف سرکارِنامدار، مدینے کے تاجدار صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کاخاصّہ ہے۔ (بہارِشریعت،1/20 ماخوذاً)

(2)گفتگو کا شرف: جب رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم اللہ پاک کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تو عرض کی: ”اَلتَّحِیَّاتُ لِلّٰہِ وَالصَّلَوٰتُ وَالطَّیِّبٰتُ یعنی تمام قولی، بدنی اور مالی عبادات اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے ہیںاللہ کریم نے ارشاد فرمایا: ”اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَا النَّبِیُّ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہٗ یعنی اے نبیِّ مکرّم! تجھ پر سلام ہو اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمتیں اور برکتیں ہوں“ رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے چاہا کہ سلام میں آپ کی اُمّت کا حصّہ بھی ہو جائے لہٰذا عرض کی:”اَلسَّلَامُ عَلَیْنَا وَعَلٰی عِبَادِ اللہِ الصّٰلِحِیْن یعنی ہم پر اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کے نیک بندوں پر سلام ہو“ حضرتِ سیّدنا جبرائیل امین عَلَیْہِ السَّلَام اور تمام آسمانی فرشتوں نے کہا: ”اَشْھَدُاَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ یعنی میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے علاوہ کوئی معبود نہیں اور محمد صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس کے بندے اور رسول ہیں“۔ (تفسير قرطبی، پ3، البقرہ، تحت الایۃ: 285، 2/322) حضرت علّامہ حافظ ابنِ حجر عسقلانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی فرماتے ہیں بے شک اللہ عَزَّوَجَلَّ نے شبِ مِعراج اپنے محبوبِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بغیر واسطے کے کلام فرمایا۔(فتح الباری، 8/185)

(3) سورۂ بقرہ کی آخری آیات: معراج کی رات اللہ عَزَّوَجَلَّ نے سورۂ بقرہ کی آخِری دوآیتیں حضور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرمائیں۔ یہ دو آیات جنّت کے خزانوں میں سے ہیں۔(روح البیان، پ3، البقرۃ، تحت الآیۃ:286، 1/449ملخصاً)

(4)امّتِ محمّدی کے لئے بخشش کی بشارت: معراج کی رات اللہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے یہ بشارت اُمَّتِ محمدیہ کو دی گئی کہ جو شخص اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرے گا اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کی بخشش فرما دے گا۔(ایضاً)

(5)معراج کا خصوصی تحفہ: حضرتِ سیّدنا اَنَس بن مالک رضی اللہ تعالٰی عنہفرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ نے میری اُمّت پر50نمازیں فرض فرمائیں، میں یہ لے کر واپس ہوا حتّٰی کہ حضرت موسیٰ (علیہ السَّلام)کے پاس سے گزرا تو انہوں نے پوچھا:اللہ عَزَّوَجَلَّ نے آپ کی اُمّت پر کیا فرض فرمایا؟ میں نے کہا: اللہ تعالیٰ نے ان پر 50نمازیں فرض کیں، موسیٰ علیہ السَّلام نے مجھے کہا: آپ اپنے رب کی طرف لوٹ جائیے، آپ کی اُمّت اس کی طاقت نہیں رکھتی۔ نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں کہ میں واپس رب تعالیٰ کی بارگاہ میں گیاتو اللہ عَزَّوَجَلَّ نے ایک حصّہ معاف فرمادیا، فرماتے ہیں کہ میں پھر موسیٰ علیہ السَّلام کی طرف لَوٹا اور انہیں اس کی خبر دی ، انہوں نے کہا: آپ اپنے رب کی طرف واپس جائیے، آپ کی اُمّت اس کی طاقت نہیں رکھتی۔ نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: میں اپنے رب کے پاس واپس لوٹا تو رب تعالیٰ نے فرمایا:نمازیں پانچ ہیں اور حقیقت میں پچاس ہی ہیں ہمارے ہاں فیصلے میں تبدیلی نہیں کی جاتی۔ (مسلم، ص89، حدیث:415)

مشہور مفسر حکیم الامت مفتی احمدیارخان علیہ رحمۃ الحنَّان فرماتے ہیں: یہ خاص تحفہ تھا جو اُمّتِ محمدیہ کو حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)کی معرفت دیا گیا۔(مراٰۃ المناجیح، 8/144)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! نماز اللہ عَزَّوَجَلَّ کا خصوصی تحفہ ہے جوحضور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم 22کے صدقے ہمیں نصیب ہوا۔ لہٰذا اس تحفۂ خدا وندی کی حفاظت کریں اور پانچوں وقت کی نَماز باجماعت تکبیرِ اولیٰ کے ساتھ پڑھنے کا خوب اہتمام کریں۔

مسجد بھرو تحریک! جاری رہے گی اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ

معراج کو دولہا جاتے ہیں

Thu, 19 Mar , 2020
4 years ago

بِعثَت کے گیارھویں سال،27 رَجَبُ المُرَجَّب کی رات محبوبِِ ربُّ العلیٰ، امامُ الانبیاء صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ اپنی چچازاد بہن حضرت اُمِّ ہانی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کے گھر آرام فرما تھے کہ حضرت جبریل عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام حاضر ہوئے اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کووہاں سے مسجد حرام لاکر حطیمِ کعبہ میں لِٹا دیا، سینۂ اقدس چاک کرکے قلبِ اطہر باہر نکالا، آبِِ زم زم شریف سے غسل دیا اور ایمان و حکمت سے بھر کر واپس اُسی جگہ رکھ دیا۔ اس کے بعد آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی خدمت میں ایک سواری پیش کی گئی جس کانام بُراق تھا۔حضور سیدِ عالَم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ اس پر سوار ہو کر بیت المقدس روانہ ہوئے ، راستے میں عجائبات ِ قدرت کا مشاہدہ کرتے ہوئے بیت المقدس تشریف لے آئے جہاں مسجدِ اَقصی میں آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی شانِ عالی کے اظہار کیلئے تمام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام جمع تھے ۔آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے تمام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی امامت فرمائی، پھر مسجدِاَقصیٰ سے آسمانوں کی طرف سفر شروع ہوا۔ آسمانوں کے دروازے آپ کے لئے کھولے جاتے رہے اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ انبیائے کرام عَلَیْہِمُ وَالسَّلَام سے ملاقات فرماتے ہوئے ساتویں آسمان پر سِدْرَۃُ المُنْتَہیٰ کے پاس تشریف لائے۔ جب آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ سِدْرَۃُ المُنْتَہیٰ سے آگے بڑھے تو حضرت جبریل عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام وہیں ٹھہر گئے اور آگے جانے سے معذرت خواہ ہوئے ۔ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ آگے بڑھے اور بلندی کی طرف سفر فرماتے ہوئے مقام ِمُستویٰ پر تشریف لائے پھر یہاں سے آگے بڑھے تو عرش آیا، آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ اس سے بھی آگے لامکاں تشریف لائے جہاں اللّٰہ ربُّ العزّت نے اپنے پیارے محبوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کو وہ قُرْبِِ خاص عطا فرمایا کہ نہ کسی کو ملا، نہ ملےگا۔ سرکارِ عالی وقار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے بیداری کے عالَم میں سر کی آنکھوں سے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کا دیدار کیا اور بے واسطہ کلام کا شَرَف بھی حاصل کیا ۔ اس موقع پر نماز فرض کی گئی۔ اس کے بعد آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ سِدْرَۃُ المُنْتَہیٰ پر تشریف لائے، یہاں سے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کو جنّت میں لایا گیا ، جنّت کی سیر کے دوران نہرِ کوثر کو بھی ملاحظہ فرمایا۔ اس کے بعدجہنَّم کا مُعایَنہ کروایا گیا، بعد ازاں آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ واپس سِدْرَۃُ المُنْتَہیٰ تشریف لائے جس کے بعد واپسی کا سفر شروع ہوا۔ (فیضانِ معراج ، ص:13تا41 ، ملتقطاً)

اور کوئی غیب کیا، تم سے نِہاں ہو بھلا

جب نہ خدا ہی چھپا، تم پہ کروڑوں درود

(حدائق بخشش، ص:264)

حضور صاحبِ لولاک، سیاحِ افلاک صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کوعطا کردہ کثیر معجزات میں سے ایک مشہور معجزہ واقعۂ معراج ہے جو اپنے ضمن میں بھی کافی معجزات لئے ہوئے ہے جیساکہ حکیم الامت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں: تمام معجزات اور درجات جو انبیا کو علیحدہ علیحدہ عطا فرمائے گئے وہ تمام بلکہ ان سے بڑھ کر حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو عطا ہوئے۔ اس کی بہت سی مثالیں ہیں: (1) حضرت موسی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو یہ درجہ ملا کہ وہ کوہِ طور پر جا کر رب عَزَّوَجَلَّ سے کلام کرتے تھے، حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام چوتھے آسمان پر بلائے گئے اور حضرت ادریس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام جنت میں بلائے گئے تو حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو معراج دی گئی جس میں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے کلام بھی ہوا، آسمان کی سیر بھی ہوئی، جنّت و دوزخ کا معاینہ بھی ہواغرضکہ وہ سارے مراتب ایک معراج میں طے کرا دئیے۔ (2) تمام پیغمبروں نے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اور جنت و دوزخ کی گواہیاں دیں اور اپنی امتوں سے پڑھوایا کہ اَشْھَدُاَنْ لَّااِلٰہَ اِلَّااللّٰہ مگر ان حضرات میں سے کسی کی گواہی دیکھی ہوئی نہ تھی، سنی ہوئی تھی اور گواہی کی انتہا دیکھنے پر ہوتی ہے تو ضرورت تھی کہ اس جماعت پاک انبیا میں کوئی وہ ہستی بھی ہو جو اِن تمام چیزوں کو دیکھ کر گواہی دے ، اس کی گواہی پر شہادت کی تکمیل ہو جائے۔اس شہادت کی تکمیل حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی ذات پرہوئی۔( شان حبیب الرحمٰن، ص: 106 ملتقطاً)

ہے عبد کہاں معبود کہاں ، معراج کی شب ہے راز ِ نِہاں

دو نور حجابِ نور میں تھے، خود رَبّ نے کہا سُبْحانَ اللّٰہ

(بیاض پاک:ص33)

حضور سیّدُ الکونین ، صاحبِ قابَ قَوْسَین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہِ وَسَلَّمْ نے شبِ معراج کروڑوں عجائباتِ قدرت ملاحظہ فرمائے۔ جنت میں تشریف لے جاکر اپنے غلاموں کے جنتی محلَّات و مقامات ملاحظہ فرمائے نیز جہنم کا مُعایَنہ فرما کر جہنمیوں کو ہونے والے دردناک عذاب بھی دیکھے پھر ا ن میں سے کچھ امت کی ترغیب و ترہیب کے لیے بیان فرما دیا تاکہ لوگ نیک اور اچھے اعمال کے ذریعے جہنم سے بچنے کی تدبیر کریں اور جنت کی لازوال نعمتوں کا سن کر انہیں پانے کیلئے کوشاں ہوں، ان میں سے چند ایک واقعات و مشاہدات پیش خدمت ہیں: شب معراج آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے موتیوں سے بنے ہوئے گُنبد نُما خیمے مُلاحَظہ فرمائے جن کی مٹی مُشک کی تھی۔ عرض کیا گیا : یہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی امت کے اَئِمَّہ ومُؤذِّنِین کے لئے ہیں۔ (المسند للشاشی،321/3 ،حدیث: 1428) چند بلند و بالا محلَّات مُلاحَظہ فرمائے ، عرض کیا گیا : یہ غصہ پینے والوں اور دَرگزر کرنے والوں کے لئے ہیں اور اللہ عَزَّوَجَلَّ احسان کرنے والوں کوپسندفرماتا ہے۔(مسند الفردوس، 255/2، حدیث:3188)

آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہِ وَسَلَّمْ کوجہنم میں کچھ لوگ نظر آئے جو مُردار کھا رہے تھے ،عرض کیا گیا : یہ وہ لوگ ہیں جو لوگوں کا گوشت کھاتے(یعنی غیبت کیا کرتے )تھے۔ (مسند احمد، 1/553، حدیث:2324) کچھ لوگوں کےپیٹ مکانوں کی طرح (بڑے بڑے) تھے،جن کے اندرموجود سانپ باہر سے نظر آ رہے تھے، عرض کیا گیا: یہ سود خور ہیں۔(سنن ابن ماجہ، 3/71، حدیث:2273) کچھ لوگوں کے سر پتھروں سے کچلے جا رہے تھے جو ہر بار کچلنے کے بعد درست ہو جاتے تھے، اس معاملے میں ان سے کوئی سستی نہیں برتی جاتی تھی۔ عرض کیا گیا :یہ وہ لوگ ہیں جن کے سر نماز سے بوجھل ہو جاتے تھے۔(مجمع الزوائد،/1236، حدیث: 235)

عَفْو کر اور سدا کے لئے راضی ہو جا

گر کرم کردے تو جنّت میں رہوں گا یارب!

(وسائل بخشش مُرَمَّم، ص:85،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)


اشعار کی تشریح

Wed, 18 Mar , 2020
4 years ago

سچے عاشقِ رسول،ولیِّ کامِل ،اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن کا67 اشعار پر مبنی”قصیدۂ معراجیہ“ شعر و ادب کا ایک عظیم شاہکار ہے۔ اس مُبارَک قصیدے کے 3 اشعارمع شرح پیشِ خدمت ہیں۔

نمازِ اَقصٰی میں تھا یہی سِر،عیاں ہومعنیِ اول آخر

کہ دست بستہ ہیں پیچھے حاضرجوسلطنت آگے کر گئے تھے

(حدائقِ بخشش،ص232مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

الفاظ و معانی:سِر:راز۔عِیاں:ظاہر۔دست بستہ: ہاتھ باندھ کر۔آگے:گزشتہ زمانے میں۔شرح کلامِ رضاؔ: نبیوں کے سرتاج صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے شبِِ معراج مسجدِ اقصیٰ میں موجود تمام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی امامت فرمائی ، اس نماز کی بدولت اوّل اور آخر کا راز ظاہر ہوگیاکہ سرکارِ مدینہصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ اگرچہ تمام انبیا ئے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے بعد دنیا میں تشریف لائے لیکن اِس نماز میں آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ سے پہلےتشریف لانے والے انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام ہاتھ باندھ کر آپ کے پیچھے نماز میں شریک ہوئے جس سے یہ ظاہر ہوا کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ تمام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے افضل ہیں۔ مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں: امام اُسی کو بنایا جاتا ہے جو سب سے زیادہ عالِم اور اَفضل ہو۔معراج میں سارے نبیوں کی امامت حضورِ اَنور(صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ) نے کی،سب نے آپ(صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ)کے پیچھے نماز پڑھی کیونکہ

آپ(صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ)ان سب حضرات سے افضل اور بڑے عالم تھے۔(مراٰۃ المناجیح، 8/354)

تَبَارَکَ اللہ شان تیری تجھی کو زیبا ہے بے نیازی

کہیں تووہ جوشِ لَنۡ تَرَانِی کہیں تقاضے وِصال کے تھے

(حدائقِ بخشش،234 مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

الفاظ و معانی:زیبا:زیب دینے والا۔بے نیازی: کسی کا محتاج نہ ہونا۔تقاضا:طلب کرنا۔ وصال: ملاقات۔ شرح کلامِ رضاؔ: اے ہمارےپیارےاللہ عَزَّ وَجَلَّ!توبڑی برکت والاہے اور تیری شانِ عظمت نشان نہایت بلند و بالا ہے،کسی کا محتاج نہ ہونا تیرے ہی شایانِ شان ہے۔حضرت سیدنا موسیٰ کلیم اللہ عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے جب دیدارِ خداوندی کا مطالبہ کیاتوان سے کہا گیا: (لَنْ تَرَانِیْ) یعنی تومجھے ہرگز نہ دیکھ سکے گا۔ (پ9، الاعراف:143) جبکہ شبِ معراج اپنے محبوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ سے ارشاد فرمایاگیا:یَامُحَمَّدُ! اُدۡنُ اُدۡنُ یعنی اےمحمد! قریب ہو جاؤ، قریب ہوجاؤ۔ (الشفاء، 1/202)

خداکی قدرت کہ چاندحق کے، کروڑوں منزِل میں جلوہ کرکے

ابھی نہ تاروں کی چھاؤں بدلی، کہ نور کے تڑکے آلیے تھے

(حدائقِ بخشش،237 مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

الفاظ و معانی:تاروں کی چھاؤں: تاروں کی روشنی۔ نور کا تڑکا:صبح صادق۔شرح کلامِ رضاؔ: اللہ رب العزت عَزَّ وَجَلَّ کی قدرت سے مصطَفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ ہزاروں لاکھوں میل پرمشتمل سفرِمعراج انتہائی قلیل(یعنی بہت ہی تھوڑے سے) وقت میں مکمل کرکے راتوں رات واپس تشریف لے آئے تھے۔ تمام نبیوں کے سرتاج صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَسفرِمعرا ج پرروانہ ہونے سے پہلے جس بچھونے پر آرام فرما رہے تھے،واپس تشریف لائے تو وہ بچھونا ابھی تک گرم تھا۔تشریف لے جاتے ہوئے درخت کی جس ٹہنی سے عمامہ شریف ٹکرایا تھاواپسی پر وہ ٹہنی ہل رہی تھی۔(روح المعانی،8 /18، جزء:15)تشریف لے جاتے وقت جس پانی سے وضو فرمایا تھا وہ پانی ابھی تک پوری طرح نہ بہا تھا(یعنی ابھی تک اُس کے بہنے کا عمل جاری تھا)۔(روح البیان، 5 /125)


حضرت سیّدنا امیر معاویہ

Tue, 17 Mar , 2020
4 years ago

صحابیِّ رسول، کاتبِ وحی، خالُ المؤمنین و خلیفۃُ المسلمین حضرتِ سَیِّدُنا امیر ِمُعاوِیہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ (جو کہ اوّل ملوکِ اسلام (پہلے سلطانِ اسلام) بھی ہیں) بعثتِ نبوی سے پانچ سال قبل پیدا ہوئے۔ (دلائل النبوۃللبیھقی،6/243، ملتقطاً۔ تاریخ ابن عساکر، 3/208۔ الاصابۃ، 6/120، بہارشریعت،1/258)آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ صحابی رسول حضرت ابوسفیان رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کے بیٹے اور اُمّ المومنین حضرتِ سَیِّدَتُنا اُمِّ حبیبہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَاکے بھائی ہیں۔آپ کی شان میں کئی احادیث مروی ہیں۔ حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے آپ کے بارے میں یوں دعا فرمائی:اے اللہ! انہیں(امیر معاویہ کو) ہدایت دینے والا،ہدایت یافتہ بنا اور اِن کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دے۔(ترمذی، 5/455، حدیث: 3868) آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ چالیس سال تک حکومتی مَنْصَب پر جلوہ اَفروز رہے۔(فیضان امیر معاویہ، ص 103)جن میں 10سال امیر المومنین حضرتِ سَیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ جیسے عادل و نَقَّاد خلیفہ کا سنہری دور بھی شامل ہے۔ حضرتِ سَیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ فرمایا کرتے: تم قیصر و کِسریٰ اور ان کی عقل و دانائی کا تذکرہ کرتے ہو جبکہ معاویہ بن ابوسفیان رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ موجود ہیں۔(تاریخ طبری، 3/264) حضرت سَیِّدُناامیرمعاویہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ کے زمانَۂ خلافت میں اِسلامی سلطنت خُراسان سے مغرب میں واقع افریقی شہروں اور قُبْرُص سے یَمَن تک پھیل چکی تھی۔ (فیضان امیر معاویہ، ص 110)

آپ کے چند انقلابی کارنامے پیش کئے جاتے ہیں: اسلامی شہروں سازشوں کے ذریعے فتنہ پھیلانے والے خَوارِج کی سرکوبی فرمائی، یہاں تک کہ فتنہ مکمل طور پر ختم ہوگیا۔(فیضان امیر معاویہ، ص 128)آپ کے حکم سے تاریخ کی پہلی کتاب کتابُ المُلُوك وَ اَخبَارُ الْمَاضِین لکھی گئی۔(التراتیب الاداریہ، 2/322) 28ہجری میں اسلام کی سب سے پہلی بحری فوج کی قیادت فرمائی اور قُبْرُص کو فتح کیا۔(شرح ابن بطال ، 5/11، تحت الحدیث: 2924) بحری جہاز بنانے کے لئے 49ہجری میں کارخانے قائم فرمائے اور ساحل پر ہی تمام کاریگروں کی رہائش وغیر ہ کا انتظام کردیا تاکہ بحری جہاز بنانے کے اہم کام میں خَلل واقع نہ ہو۔(فتوح البلدان،ص161) مکتوبات پر مہر لگانے کا طریقہ رائج فرمایا جس کا سبب یہ بنا کہ آپ نے ایک شخص کیلئے بَیْتُ المال سے ایک لاکھ درہم دینے کا حکم تحریر فرمایا لیکن اس نے تَصَرُّف کرکے اسے ایک کے بجائے دو لاکھ کردیا،آپ کو جب اس خیانت کا عِلْم ہوا تو اُس کا مُحاسَبَہ فرمایا اور اس کے بعد خُطوط پر مہر لگانے کا نِظام نافِذ فرما دیا۔(تاریخ الخلفا، ص160) سرکاری خُطوط کی نقل محفوظ رکھنے کا نظام بنایا۔(تاریخ یعقوبی، 2/145)سب سے پہلے کعبہ شریف میں منبر کی ترکیب بنائی۔ (تاریخ یعقوبی، 2/131) اور سب سے پہلے خانہ کعبہ پر دِیبا و حَرِیر (یعنی ریشم) کا قیمتی غلاف چڑھایا اور خدمت کے لیے مُتَعَدِّد غلام مُقَرَّر کیے۔(تاریخ یعقوبی، 2/150) عوام کی خیرخواہی کیلئے شام اور روم کے درمیان میں واقع ایک مَرْعَش نامی غیر آباد علاقے میں فوجی چھاؤنی قائم فرمائی۔(فتوح البلدان، ص265) اَنْطَرطُوس، مَرَقِیَّہ جیسے غیر آباد علاقے بھی دوبارہ آباد فرمائے۔(فتوح البلدان، ص182) نئے آباد ہونے والے علاقوں میں جن جن چیزوں کی ضرورت تھی،اُن کا انتظام فرمایا مثلاً لوگوں کو پانی فراہم کرنے کے لئے نہری نظام قائم فرمایا۔(فتوح البلدان، ص499) رعایاکی ضرورتوں کو پوراکرنے کے لئے محکمہ بنایا جس کے تحت ہر علاقے میں ایک ایک افسرمقررتھاتاکہ وہ لوگوں کی معمولی ضرورتیں خودپوری کرے اوربڑی ضرورتوں سے آپ رَضِیَ اللہُ عَنْہکو آگاہ کرے نیزان کوکسی بھی گھر میں آنے والے مہمان یا بچے کی ولادت کے بارے میں معلومات رکھنے کا حکم دیا تاکہ ان کے وظائف کی ترکیب بنا سکیں۔(البدایہ و النہایہ،8/ 134،مراٰۃ المناجیح،5/ 374 )


بیماری اُڑ کر نہیں لگتی

Mon, 16 Mar , 2020
4 years ago

رَسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: لَا عَدْوٰی وَلَا صَفَرَ وَلَا ھَامَۃیعنی نہ بیماری کا اُڑ کر لگنا ہے، نہ صَفَر کی نحوست ہے نہ اُلّو کی نحوست ہے۔ ایک اعرابی نے عرض کی: یارسولَ اللہ! پھرکیا وجہ ہے کہ میرے اونٹ مٹی میں ہرن کی طرح (چست،تندرست و توانا)ہوتے ہیں،تو ایک خارش زدہ اونٹ ان میں داخل ہوتا ہے اور ان کو بھی خارش زدہ کر دیتا ہے ؟تو حضور علیہ الصّلوٰۃو السَّلام نے فرمایا: پہلے کو کس سے خارش لگی ؟ (بخاری،4/26،حدیث:5717)

تعدیہ مرض سے کیا مراد ہے؟اَلْعَدْوَیسے مراد یہ ہے کہ بیماری ایک شخص سے بڑھ کر دوسرے کو لگ جائے۔لَا عَدْوَیوالی حدیث اسی سےہے یعنی ایک شے دوسری شے کی طرف مُتَعَدِّی (یعنی منتقل Transfer) نہیں ہوتی۔ (التوقیف علی مہمات التعاریف، ص238)

بیماری اُڑ کر لگنے کے بارے میں اسلامی نقطہ نظر

(1)ایک کی بیماری یا مرض کااُڑ کر دوسرے کو لگ جانا یا کسی مریض سے مرض تجاوُز کرکے صحیح سلامت تندرست آدمی میں منتقل ہوجانا!یہ بالکل باطل ہے۔اس کا کوئی اعتبار نہیں۔ زمانۂ جاہلیت میں لوگ یہ اعتقاد رکھتے تھے بیماری خود اُڑ کر دوسرے کو لگ جاتی ہے، خدا تعالیٰ کی تقدیر کا اس میں کوئی دخل نہیں بلکہ یہ خود ہی مؤثر ( یعنی بذاتِ خود اثر انداز ہونے والی) ہے۔ حدیثِ پاک میں اسی نظریے کا ردفرماتے ہوئے ارشاد فرمایا:”لَاعَدْوَییعنی بیماری کا اُڑ کر لگنا کچھ نہیں ہے۔ یہی وجہ تھی کہ آپ نے مجذوم(جذام کے مریض) کے ساتھ کھانا بھی کھایا تاکہ لوگوں کو علم ہوجائے کہ مرض اڑ کر دوسرے کو نہیں لگتا۔ (2) تعدیۂ جراثیم یعنی ”مرض کے جراثیم کا اُڑ کر دوسرے کو لگنا“کھلی حقیقت ہے، جراثیم خود مرض نہیں بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی چھوٹی سی مخلوق ہے جو صرف خردبین یا الٹرامائکرواسکوپ (Ultra-Microscope)کے ذریعے ہی نظر آتی ہے اور یہ جراثیم مرض کا سبب بنتے ہیں۔ پہلے زمانے کے لوگ ان جراثیم سے واقف نہ تھے تو انہوں نے یہی نظریہ بنا لیا کہ مرض مُتَعَدِّی ہوا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ اسلام نے اس کی نفی فرمائی کہ کوئی مرض مُتَعَدِّی نہیں ہوتا اسلام کے تعدیہ مرض کی نفی کرنے سے جراثیم کے مُتَعَدِّی ہونے کی نفی قطعاً نہیں ہوتی۔فتح الباری میں ہے:تعدیہ کی نفی سے مراد یہ ہے کہ کوئی شے اپنی طبیعت کے اعتبار سے دوسری چیز کو نہیں لگتی، چونکہ زمانۂ جاہلیت کے لوگ اعتقاد رکھتے تھے کہ امراض اپنی طبیعت کے اعتبار سے مُتَعَدِّی ہوتے ہیں اور وہ ان کی نسبت اللّٰہ تعالٰی کی طرف نہیں کرتے تھے، لہذا اس اعتقاد کی نفی کی گئی اورنبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم نے ان کے اعتقاد کو باطل فرمایا اور مجذوم کے ساتھ کھانا کھایا تا کہ آپ انہیں بیان کردیں کہ اللہ ہی بیمار کرتا ہے اور شفا دیتا ہے۔(فتح الباری لابن حجر،11/136،تحت الحدیث: 5707)

مراٰۃ المناجیح میں ہے:اہلِ عرب کا عقیدہ تھا کہ بیماریوں میں عقل و ہوش ہے جو بیمار کے پاس بیٹھے اسے بھی اس مریض کی بیماری لگ جاتی ہے۔ وہ پاس بیٹھنے والے کو جانتی پہچانتی ہے یہاں اسی عقیدے کی تردید ہے۔موجودہ حکیم ڈاکٹر سات بیماریوں کو مُتَعَدِّی مانتے ہیں: جذام،خارش،چیچک،موتی جھرہ،منہ کی یا بغل کی بو،آشوبِِ چشم،وبائی بیماریاں اس حدیث میں ان سب وہموں کو دفع فرمایا گیا ہے۔اس معنیٰ سے مرض کا اُڑ کر لگنا باطل ہے مگر یہ ہوسکتا ہے کہ کسی بیمار کے پاس کی ہوا متعفن ہو اور جس کے جسم میں اس بیماری کا مادہ ہو وہ اس تَعَفُّنْ سے اثر لے کر بیمار ہوجائے اس معنیٰ سے تَعَدِّی ہوسکتی ہے اس بنا پر فرمایا گیا کہ جذامی سے بھاگو لہٰذا یہ حدیث ان احادیث کے خلاف نہیں۔ غرضکہ عدویٰ یا تَعَدِّی اور چیز ہے کسی بیمار کے پاس بیٹھنے سے بیمار ہوجانا کچھ اور چیز ہے۔“(مراٰۃ المناجیح ،6/256)