رمضان کے روزے مسلمانوں کیلئے انتہائی رحمت کا
باعث ہے کیونکہ ان کے ذریعے اللہ تعالی انسانی جسم کے نظام انہضام کی مرمت فرماتا
ہے، طبی ماہرین کے مطابق روزے سے انسانی دماغی صلاحیت بہتر ہوتی ہے اور روزے رکھنے
سے جسم میں مختلف بیماریوں کے وائرس کی تعداد کم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں بیماریوں
پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ رمضان کے روزوں کو چند لوگ بھوک اور پیاس برداشت
کرنے کے مہینے کے بجائے زیادہ سے زیادہ کھانے کا مہینہ سمجھ بیٹھتے ہیں جس کے باعث
وہ مختلف عوارض کا شکار ہوجاتے ہیں، لوگوں کو چاہیے کہ وہ سحری و افطار میں سادہ
اور صحت مند غذا کھائیں، تلی ہوئی اشیا سے پرہیز کریں جبکہ پھلوں، سبزیوں، دالوں
اور دودھ دہی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، سحر و افطار میں عموماً روزہ دار
جلدی جلدی کھاتے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں پیٹ کے امراض کا سامنا کرنا پڑ سکتا
ہے، ایسے افراد سحر و افطار میں غذا کو اچھی طرح چبا چبا کر کھائیں، تاکہ عبادات اور روزوں کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔
وہ روزے دار جو کسی بھی قسم کی ادویات استعمال کر رہے ہیں وہ روزہ رکھنے سے پہلے
اپنے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں اور اپنی ادویات باقاعدگی سے استعمال کریں تاکہ انہیں
رمضان کے مہینے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔