بیشک مال اور  دولت اللہ پاک کی نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت ہے۔ جسے اللہ پاک نے اپنے فضل سے بندوں کو عطا فرمایا۔ اللہ پاک نے جس کو جتنا بھی مال عطا کیا ہے اسے چاہیے کہ اپنی استطاعت کے مطابق اس مال میں سے کچھ نہ کچھ اللہ پاک کی راہ میں خرچ کرے اور اس کے ذریعہ مستحقین ،یتیم،مسکین،اور بیوہ خواتین کی مدد کرنے میں ذرا برابر بھی بخل نہ کرے۔

بخل کی تعریف :بخل کے لغوی معنی کنجوس کے ہیں اورجہاں خرچ کرنا شرعاً، عادتاً یا مروتاً لازم ہو وہاں خرچ نہ کرنا بخل کہلاتا ہے یا جس جگہ مال و اسباب خرچ کرنا ضروری ہو وہاں خرچ نہ کرنا یہ بھی بخل ہے۔(الحدیقہ الندیہ، 2 / 154)جس طرح بخل مال میں ہوتا ہے اسی طرح اعمال میں بھی ہوتا ہے۔بخل کی مذمت میں 5 فرامین مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ملاحظہ فرمائیں:۔

( 1)حضرت سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے خطبہ دیا اور فرمایا : بخل و حرص سے بچو اس لیے کہ تم سے پہلے لوگ بخل و حرص کی وجہ سے ہلاک ہوئے، حرص نے لوگوں کو بخل کا حکم دیا تو وہ بخیل ہوگئے بخل نے انہیں ناتا توڑنے کو کہا تو لوگوں نے ناتا توڑ لیا اور اس نے انہیں فسق و فجور کا حکم دیا تو وہ فسق و فجور میں لگ گئے۔(سنن ابو داؤد، حدیث: 1698)(2) نواسہ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم حضرت سیدنا امام حسن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ آدمی کے بخل کے اتنا ہی کافی ہے کہ اس کے سامنے میرا ذکر ہو اور وہ مجھ پر درود نہ پڑھے۔(ابن ابی شیبہ ،حدیث : 8793)(3) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :بخل اور ایمان کسی مسلمان آدمی میں جمع نہیں ہو سکتے۔(ابن ابی شیبہ، حدیث : 27139)(4) عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ اس امت کی پہلی نیکی بہترین یقین اور زہد ہے اور اس کی پہلی خرابی بخل اور دنیا میں زیادہ رہنے کی آرزو ہے۔(معارف حدیث، حدیث : 200)(5) حضرت عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کی نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بخل سے پناہ مانگتے تھے ۔(ابن ابی شیبہ،حدیث: 27145)

بخل ایک نہایت ہی قبیح اور مذموم فعل ہے،بسا اوقات دیگر کئی گناہوں کا سبب بن جاتا ہے اس لیے ہر مسلمان کو اس سے بچنا لازم ہے اللہ پاک سے دعا ہے ہم تمام کو بخل سے محفوظ فرمائے اور راہِ خدا میں خرچ کرنے اور نیکیاں کرنے میں بخل سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین