دنیا کے فتنے وسیع اور کثیر ہیں، اپنی کثیر فتنوں میں سے بڑا فتنہ مال ہے، گویا کہ مال کی زیادتی کے سبب انسان گناہ میں مبتلا ہو سکتا ہے اور مال کی قلت کے سبب بھی، ان گناہوں میں سے ایک گناہ بخل ہے۔

بخل کی تعریف: بخل کے لغوی معنیٰ کنجوسی کے ہیں اور جہاں خرچ کرنا شرعاً، عادتاًیا مروتاً لازم ہو،ہاں خرچ نہ کرنا بخل کہلاتا ہے یا جس جگہ مال و اسباب میں خرچ کرنا ضروری ہو، وہاں خرچ نہ کرنا یہ بھی بخل ہے۔(باطنی بیماریوں کی معلومات)

باالفاظِ دیگر اللہ عزوجل نے جو مال دیا ہے، اس میں سے بندہ خود تو کھاتا ہے، مگر دوسروں کو نہیں کھلاتا، یعنی اپنی ذات پر تو خرچ کرتا ہے، مگر دوسروں پر خرچ نہیں کرتا، یہ بھی بخل ہے۔

بخل نہایت ہی قبیح اور مذموم صفت ہے، جس سے بچنا ہر ایک کیلئے ضروری ہے، کیونکہ ایمان والوں کی یہ شان نہیں کہ وہ ایمان والے ہوں اور بخل بھی کریں۔

اللہ عزوجل نے بندے کو مال اسی لئے دیا تھا کہ وہ اسے خرچ کرے اور اللہ کی نعمتوں کا اظہار کرے اور اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرتا رہے، چونکہ بخل کا سبب مال کی محبت ہے، اس لئے جب بندہ مال کی محبت میں گرفتار ہوتا ہے تو چاہتا ہے کہ فقط مال جمع کرے اور اسے کہیں خرچ نہ کرے، اسی زمین میں پانچ فرامینِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ملاحظہ ہوں۔

1۔بخل سے بچو، کہ بخل نے اگلوں کو ہلاک کیا، اسی بخل نے انہیں خون بہانے اور حرام کو حلال ٹھہرانے پر آمادہ کیا۔(مسلم:2578)

2۔مومن میں دو عادتیں جمع نہیں ہوتیں، ایک بخل اور دوسرا بداخلاقی۔(سنن ترمذی:1969)

3۔سخاوت جنت میں اگنے والا ایک درخت ہے، لہذا سخی جنت میں جائے گا، بخل جہنم میں اگنے والا ایک درخت ہے، لہذا بخیل جہنم میں جائے گا۔(کنزالعمال:16213)

4۔اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:اے ابنِ آدم!خرچ کرو، میں تجھ پر خرچ کروں گا۔(صحیح بخاری:5352)

5۔بخل مت کرو، ورنہ تم پر تنگی کردی جائے گی۔(صحیح بخاری:1433)

بخل سے بچنے کا درس: خلاصہ کلام یہ ہے کہ مال خرچ کرنے سے تنگی نہیں آتی، بلکہ مال میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ بخل کئی گناہوں کا سبب بنتا ہے، جس سے بچنا لازم ہے، بخل جیسے قبیح اور مذموم گناہ سے بچنے کے لئے سب سے پہلے مال کی محبت کو دل سے نکالنا ضروری ہے اور یہ بات ذہن میں بٹھا نا ضروری ہے کہ ہمارا مال فقط دنیا میں تو کام آ سکتا ہے، مگر قبر و آخرت میں یہ مال ہمارے کچھ کام نہ آئے گا ،لہذا سخاوت کا جذبہ اور آخرت کا خوف پیدا کرتے ہوئے مال خرچ کرنے کی عادت بنائیے، تاکہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا ہو اور اللہ پاک ہم سے راضی ہو۔

اللہ پاک ہمیں بخل جیسے مذموم گناہ سے بچا کر اپنے پیارے جودوسخا والے مدنی آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا صدقہ نصیب فرمائے۔آمین