پیارے پیارے اسلام بھائیو ! کسی پر بہتان لگانا شرعاً انتہائی سخت گناہ اور حرام ہے۔ بہتان کہتے ہیں کسی پر وہ الزام لگانا جو اس نے نہ کیا ہو۔ بے گناہ لوگوں پر الزام لگانا آسمانوں سے زیادہ بوجھل ہے ۔ یعنی بہت بڑا گناہ ہے۔

(1)ایک حدیث میں ارشاد نبوی ہے ۔ حضور پُرنور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جس نے کسی شخص کے بارے میں کوئی ایسی بات ذکر کی جو اس میں نہیں تا کہ اس کے ذریعے اس کو عیب زدہ کرے تو اللہ پاک اسے جہنم میں قید کر دے گا یہاں تک کہ وہ اس کے بارے میں اپنی کہی ہوئی بات ثابت کرے۔ (اس سے مراد یہ ہے کہ طویل عرصے تک وہ عذاب میں مبتلا رہے گا)۔( معجم الاوسط، باب المیم، من اسمہ: مقدام، 6 / 327، حدیث: 8936)

(2) حضرت عمرو بن العاص رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس مرد یا عورت نے اپنی لونڈی کو ’’اے زانیہ‘‘ کہا جبکہ اس کے زنا سے آگاہ نہ ہو تو قیامت کے دن وہ لونڈی انہیں کوڑے لگائے گی، کیونکہ دنیا میں ان کے لئے کوئی حد نہیں۔ (مستدرک، کتاب الحدود، ذکر حد القذف، 5 / 528، حدیث: 8171)(3) جب سرکارِ دو عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فتح ِمکہ کے دن مردوں کی بیعت لے کر فارغ ہوئے تو کوہِ صفا پر عورتوں سے بیعت لینا شروع کی، تو آقائے کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا میں تم سے اس پر بیعت لیتا ہوں کہ اپنے ہاتھ پاؤں کے درمیان کوئی بہتان نہ گھڑو گی۔ حضرت ہند رضی اللہُ عنہا نے کہا :خدا کی قسم ! بہتان بہت بری چیز ہے اور حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمیں نیک باتوں اور اچھی خصلتوں کا حکم دیتے ہیں ۔ (خازن،الممتحنۃ، تحت الآیۃ: 12، 4 / 260)

(4) ایک حدیث میں ارشاد نبوی ہے ۔ مسلمان کے لیے یہ روا نہیں کہ وہ لعن طعن کرنے والا ہو۔ ایک اور حدیث میں ہے: جو شخص کسی دوسرے کو فسق کا طعنہ دے یا کافر کہے اور وہ کافر نہ ہو تو اس کا فسق اور کفر کہنے والے پر لوٹتا ہے۔(5) حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں: بے گناہ لوگوں پر الزام لگانا آسمانوں سے زیادہ بوجھل ہے یعنی بڑا گناہ ہے۔

پیارے پیارے اسلام بھائیوں ! الغرض مسلمان پر بہتان باندھنے یا اس پر بے بنیاد الزامات لگانے پر بڑی وعیدیں آئی ہیں، اس لئے اس عمل سے باز آنا چاہئے اور جس پر تہمت لگائی ہے اس سے معافی مانگنی چاہیے ، تاکہ آخرت میں گرفت نہ ہو۔ اللہ پاک اس بری بیماری سے ہم سب کی حفاظت فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم