بہتان کی مذمت پر 5 فرامینِ مصطفیٰ
از بنت محمد جان،فیضان ام عطار شفیع کا بھٹہ سیالکوٹ
کسی پاک دامن عورت پر زنا کی تہمت لگانا سو سال کی نیکیوں کو برباد کرتا ہے۔(معجم
کبیر، 3/168، حدیث: 3023) یعنی اگر بالفرض وہ شخص سو سال تک زندہ رہ کر عبادت کرے
تو بھی یہ بہتان اس کے ان اعمال کو ضائع کر دے گا۔
بہتان کی تعریف:کسی شخص
کی موجودگی یا غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنا بہتان کہلاتا ہے۔
5 فرامین مصطفیٰ:
1۔ جس نے کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کیا تو اللہ پاک
جہنم کے پل پر اسے روک لے گا یہاں تک کہ اپنے کہے کے مطابق عذاب پا لے۔(ابو داود)
2۔قبیلہ بکر بن لیث کا ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے ایک
عورت سے زنا کا اقرار چار بار کر لیا،چنانچہ اس کو سو کوڑے لگادیئے گئے،وہ کنوارا
تھا پھر اس سے عورت پر گواہ مانگے،عورت بولی یارسول اللہ!اللہ کی قسم اس نے جھوٹ
بولا تو اسے بہتان کی حد لگائی۔(ابو دود)
3۔سات ہلاکت کی چیزوں سے بچو۔لوگوں نے پوچھا حضور وہ
کیا ہیں؟فرمایا:اللہ کے ساتھ شرک،جادو،ناحق اس جان کو ہلاک کرنا جو اللہ نے حرام
کی،سود خوری،یتیم کا مال کھانا،جہاد کے دن پیٹھ دکھا دینا،پاکدامن مؤمنہ بے خبر
بیبیوں پر بہتان لگانا۔ (بخاری،مسلم)
4۔جو کسی مسلمان پر ایسی چیز کا الزام لگائے جس کے بارے میں وہ خود بھی نہ
جانتا ہو تو اللہ پاک اسے ردغۃ الخبال میں اس وقت تک رکھے گا جب تک کہ اپنے الزام کے مطابق عذاب
نہ پالے۔(مصنف عبد الرزاق،1/425،حدیث:20905)
5۔ حضرت علی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں فرمایا:تم میں حضرت عیسیٰ
علیہ السلام کی مثال ہے جن سے یہود نے بغض رکھا حتی کہ ان کی ماں کو تہمت لگائی
اور ان سے عیسائیوں نے محبت رکھی حتیٰ کہ انہیں اس درجہ میں پہنچا دیا جو ان کا نہ
تھا پھر فرمایا میرے بارے میں دو قسم کے لوگ ہلاک ہوں گے؛محبت میں افراط کرنے
والے،مجھے ان صفات سے بڑھائیں گے جو مجھ میں نہیں ہیں اور بغض کرنے والے،جن کا بغض
اس پر ابھا رے گا کہ مجھے بہتان لگائیں گے۔(احمد)
بہتان سے بچنے کا درس:
جس کے سامنے کسی مسلمان پر کوئی بہتان باندھا جا رہا ہو اور کسی مسلمان پر
بہتان تراشی کر کے اسے ذلیل کیا جا رہا ہو تو اسے چاہیے کہ خاموش نہ رہے بلکہ
بہتان لگانے والوں کا رد کرے اور انہیں اس سے منع کرے اور جس مسلمان پر بہتان
لگایا جا رہا ہے اس کی عزت کا دفاع کرے۔
بہتان کی چند مثالیں: ہمارے معاشرے میں بہتان کے حوالے سے بہت سی مثالیں مل جاتی ہیں ان میں سے چند
یہ ہیں؛دنیاوی مفاد اور شہرت حاصل کرنے کے لیے اپنے سے زیادہ شہرت والے پر بہتان
باندھا جاتا ہے یا پھر بلند مرتبہ حاصل کرنے کے لیے بھی اپنے سے بلند مرتبے والے
پر بہتان باندھاجاتا ہے،پاکیزہ،پارسا اور نیک عورتوں پر بدکاری کی تہمت لگائی جاتی
ہے اور ایسی عورتوں پر تہمت لگانے والے پر دنیا اور آخرت میں لعنت ہے اور ان کے
لیے بڑا عذاب ہے اور پارسا عورتوں پر بہتان باندھنے والوں پر اللہ کی لعنت
ہے۔بہتان تراشی حرام،گناہ کبیرہ اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔پیٹھ پیچھے یا
منہ پر کسی کو چور کہہ دیا حالانکہ اس نے کوئی چوری نہیں کی تو اس کو چور کہنا
بہتان ہوا اور اسی طرح کسی مسلمان کو بدنام اور ذلیل کرنے کے لیے کہے کہ تم تو ہو
ہی وعدہ خلافی کرنے والے جبکہ یہ سب جھوٹ ہے تو یہ بھی بہتان لگانا ہوا۔
معاشرتی نقصانات: بہتان
ایک مسلمان کی شان سے بہت بعید ہے یہ تو منافقین کا طریقہ ہے،بہتان تراشی سے ایک
اچھا خاصا بہترین معاشرہ فساد اور برائی میں مبتلا ہو جاتا ہے،لوگوں پر بہتان لگانے
والے کو سماج و معاشرے میں ناپسندیدہ اور جھوٹا سمجھا جاتا ہے،بہتان تراش شخص
لوگوں کی نظروں میں گر جاتا ہے،نیک بختیوں اور سعادتوں سے محروم کر دیا جاتا
ہے،اگر کبھی وہ سچ بھی بولے تو کسی کو بھی اس کی بات پر یقین نہیں آتا۔
اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں بہتان جیسی بری بیماری سے بچائے اور ہمیں ہمیشہ
اپنے حفظ و امان میں رکھے۔آمین بجاہ النبی العظیم