بہتان بہت سے ہے جس کا مطلب جھوٹ باندھنا ہے یعنی کسی شخص کی موجودگی یا غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنا بہتان کہلاتا ہے۔

مثال:اگر کسی کو چور کہا حالانکہ اس نے کوئی چوری نہیں کی تو یہ بہتان ہے،اسی طرح کسی پر سود،زنا،رشوت کا جھوٹا الزام لگانا بھی بہتان ہے۔

آیت مبارکہ:ترجمہ کنز الایمان:جھوٹ بہتان وہی باندھتے ہیں جو اللہ کی آیتوں پر ایمان نہیں رکھتے اور وہی جھوٹے ہیں۔

بہتان کا حکم:بہتان تراشی حرام اور گناہ کبیرہ ہے اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔

بہتان کے بارے میں احادیث مبارکہ:

1۔ جس نے کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کیا تو اللہ پاک جہنم کے پل پر اسے روک لے گا یہاں تک کہ اپنے کہنے کے مطابق عذاب پا لے۔(ابو داود،4/354، حدیث 4883)اس حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ اگر کوئی انسان کسی مسلمان کو ذلیل و رسوا کرنے کے لیے اس پر بہتان لگائے تو اللہ پاک اس کو بروز قیامت سخت مشکل میں جہنم کے پل پر روکے گا اور اپنے کہنے کے مطابق سزا پائے گا۔

2۔جو کسی مسلمان کی برائی بیان کرے جو اس میں نہیں پائی جاتی تو اللہ اس کو اس وقت تک ردغۃ الخبال (جہنمیوں کے خون اور پیپ جمع ہونے کے مقام) میں رکھے گا جب تک اپنی کہی ہوئی بات سے نہ نکل آئے۔(ابو داود،3 / 427، حدیث: 3597)

3۔ جھوٹے گواہ کے قدم ہٹنے بھی نہ پائیں گے کہ اللہ پاک اس کے لیے جہنم واجب کر دے گا۔(ابن ماجہ،3/123،حدیث: 2373)یعنی اگر کوئی شخص جھوٹی گواہی دے تو اللہ پاک اس کے قدم ہٹنے سے پہلے اس کے لیے دوزخ واجب کر دے گا۔

4۔ کسی پاک دامن عورت پر زنا کی تہمت لگانا سو سال کی نیکیوں کو برباد کرتا ہے۔(معجم کبیر، 3/168، حدیث: 3023)یعنی اگر کوئی کسی پاک دامن عورت پر زنا کی تہمت لگاتا ہے تو اس کے سو سال کے اعمال کسی کام کے نہ ہوں گے جب تک وہ توبہ نہ کرے اور اپنے بہتان کو قبول نہ کرے۔

5۔حضرت علی سے روایت ہے کہ بے گناہ پر الزام لگانا آسمانوں سے زیادہ بوجھل ہے۔(ترمذی،1/193)یعنی اگر کوئی کسی بے گناہ انسان پر جھوٹا الزام لگاتا ہے تو اس کا گناہ بہت بڑا ہے۔

بہتان سے بچنا:بہتان سمیت بہت سے ایسے گناہ ہیں جو زبان سے ہوتے ہیں،لہٰذا اپنی زبانوں کو قابو میں رکھنا ضروری ہے،بہتان تراشی کے متعلق بیان کردہ حدیث مبارکہ سے ثابت ہونے والے عذابات سے خود کو ڈرائیے،سلام و مصافحہ کی عادت بنائیے اس سے ان شاء اللہ دل کینہ حسد سے پاک ہوگا،مسلمانوں کے بارے میں حسن ظن رکھیے بد گمانی اور شک کرنے سے پرہیز کیجیے۔

معاشرتی نقصانات:بہتان تراشی بہت بری عادت ہے،اس سے ہمارے معاشرے میں نفرت،حسد،بغض جیسی صفات پیدا ہوتی جارہی ہیں،لوگ ایک دوسرے کے بارے میں خود سے ہی بہت غلط فہم خیالات پیدا کر لیتے ہیں جس سے معاشرے میں نہ صرف بڑوں بلکہ چھوٹے بچوں پر بھی برا اثر پڑ رہا ہے اور آج کل کے دور میں دینی تعلیم کی کمی کی وجہ سے بچوں کو بھی یہی سیکھنے کو ملتا ہے۔

اللہ پاک ہم سب کو بہتان تراشی کرنے سے محفوظ فرمائے۔آمین