بہتان کی مذمت پر 5 فرامینِ
مصطفیٰ از بنت محمد عارف، فیضان عائشہ صدیقہ نند پور سیالکوٹ
بہتان ایک کبیرہ گناہ حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے،بہتان سے انسان
کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے اور اس قدر صدمہ بھی ہوتا ہے کہ بعض اوقات معاشرے سے اس
کا میل جول کٹ جاتا ہے۔
بہتان کی تعریف:کسی شخص
کا کوئی عیب اس کی موجودگی یا غیر موجودگی میں بیان کرنا جو اس میں موجود نہ ہو
بہتان کہلاتا ہے۔
5 فرامینِ مصطفیٰ:
1۔جو کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کرے تو اللہ تعالیٰ
اسے جہنم کے پل پر اس وقت تک روکے گا جب تک وہ اپنی کہی ہوئی بات کے گناہ سے اس
شخص کو راضی کر کے یا اپنے گناہ کی مقدار عذاب پاکر نہ نکل جائے۔
2۔جہاں کسی مسلمان شخص کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جارہی ہو اس پر بہتان
باندھا جا رہا ہو اس کو چاہیے کہ خاموش نہ رہے بہتان باندھنے والوں کارد کرے۔
3۔جس نے کسی شخص کے بارے میں کوئی ایسی بات ذکر کی جو اس میں نہیں تاکہ اس کے
ذریعے اس کو عیب زدہ کرے تو اللہ پاک اسے جہنم میں قید کر دے گایہاں تک کہ وہ اس
کے بارے میں اپنی کہی ہوئی بات ثابت کرے۔اس سے مراد یہ ہے کہ طویل عرصہ تک وہ عذاب
میں مبتلا رہے گا۔
4۔جب کسی نیک شخص پر تہمت لگائی جائے تو بغیر ثبوت مسلمان کو اس کی موافقت اور
تصدیق نہیں کرنی چاہیے۔
5۔جو شخص کسی پر زنا کی تہمت لگائے اور اس پر چار معائنہ کے گواہ پیش نہ کرے
تو وہی لوگ اللہ پاک کے قریب جھوٹے ہیں۔
بچنے کا درس:کسی شخص کے
پوشیدہ عیب کو جس کا وہ دوسروں کے سامنے ظاہر ہونا پسند نہ کرتا ہو اس کی برائی
کرنے کے طور پر ذکر کرنا غیبت اور اگر اس میں وہ بات ہی نہ ہو تو یہ غیبت نہیں
بہتان ہے اور بہتان تراشی غیبت سے زیادہ سخت تر ہے اور تکلیف دہ بھی ہے،کیونکہ یہ
جھوٹ ہے،اس لیے ہر ایک پر گراں گزرتی ہے اور یہ بھی یاد رہے کہ بہتان تراشی کبیرہ
گناہ ہے اور حدیث پاک میں اس کی شدید مذمت بیان کی گئی ہے۔ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ
بہتان تراشی سے بچے اور جس نے کسی پر بہتان لگایا اسے توبہ کرنا اور معافی مانگنا
ضروری ہے بلکہ جن کے سامنے بہتان باندھا جا رہا ہو یا جن کے سامنے بہتان باندھا ہو
ان کے پاس جا کر یہ کہنا ضروری ہے کہ میں نے جھوٹ کہا تھا جو فلاں پر میں نے بہتان
باندھا تھا۔
بہتان کی چند مثالیں:بہتان کی چند مثالیں درج ذیل ہیں؛
1)کسی عورت پر بہتان باندھنا کہ اس کا فلاں شخص کے ساتھ چکر ہے جبکہ ایسا کچھ
بھی نہ ہو۔
2)کسی مرد یا عورت پر زنا کی تہمت لگائی۔
3)کسی سے کہا کہ فلاں بن فلاں نے چوری کی ہے۔
بہتان باندھنے کے چند معاشرتی نقصانات:بہتان باندھنے کی وجہ سے بہت سے معاشرتی نقصانات ہوتے
ہیں؛جس پر بہتان باندھا گیا ہو معاشرے سے اس کی عزت ختم ہو جاتی ہے، لوگ اسے ذلیل
کرتے ہیں،بیٹیوں پر بہتان باندھا جائے تو دوسرے لوگ معاشرے میں اپنی بیٹیوں پر
بھروسا نہیں کرتے،اس کو تذلیل کا نشانہ بناتے ہیں اور بعض تو اس کی حق تلفی بھی
کرتے ہیں اور معاشرتی نظام میں خلل پیدا ہوتا ہے۔اللہ پاک ہمیں ہدایت عطا فرمائے۔
حسد وعدہ
خلافی،جھوٹ غیبت و تہمت
مجھے ان سب
گناہوں سے بچا میرے مولا