انسان کے قریبی ترین تعلقات میں سے میاں بیوی کا
تعلق ہے، حتی کہ ازدواجی تعلق انسانی تمدّن کی بنیاد ہےاور اللہ تبارک و تعالیٰ نے
اس رشتہ کو اپنی قدرت کی نشانیوں میں شمار فرمایا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ارشاد
فرماتا ہے: وَ مِنْ اٰیٰتِهٖۤ
اَنْ خَلَقَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُوْۤا اِلَیْهَا وَ
جَعَلَ بَیْنَكُمْ مَّوَدَّةً وَّ رَحْمَةًؕ-اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوْمٍ
یَّتَفَكَّرُوْنَ(۲۱) (پ
21، الروم: 21) ترجمہ کنز الایمان:اور اس کی نشانیوں سےہے کہ تمہارے لیے تمہاری ہی
جنس سے جوڑے بنائے کہ ان سے آرام پاؤ اور تمہارے آپس میں محبت اور رحمت رکھی۔ بےشک
اس میں نشانیاں ہیں دھیان کرنے والوں کے لیے۔
بیوی کے حقوق:
(1) نان ونفقہ: بیوی کے کھانے، پینےوغیرہ ضروریات
زندگی کاانتظام کرنا شوہر پر واجب ہے۔چنانچہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: وَ عَلَى الْمَوْلُوْدِ لَهٗ رِزْقُهُنَّ وَ كِسْوَتُهُنَّ
بِالْمَعْرُوْفِؕ-(پ
2، البقرۃ:233)ترجمہ کنز الایمان:اور جس کا بچہ ہے،اس پر عورتوں کا کھانا اور
پہننا (لباس)ہے حسب دستور۔
(2) سکنیٰ:
بیوی کی رہائش کےلیےمکان کا انتظام کرنا بھی شوہر پر واجب ہے اور ذہن میں رکھیں کہ
یہاں مکان سے مرادعلیٰحدہ گھر دینا نہیں،بلکہ ایسا کمرہ،جس میں عورت خود مختار ہو
کر زندگی گزار سکے،کسی کی مداخلت نہ ہو،ایسا کمرہ مہیّا کرنے سے بھی یہ واجب ادا
ہو جائے گا۔چنانچہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
اَسْكِنُوْهُنَّ مِنْ حَیْثُ سَكَنْتُمْ مِّنْ وُّجْدِكُمْ وَ لَا تُضَآرُّوْهُنَّ
لِتُضَیِّقُوْا عَلَیْهِنَّؕ- (پ 28،الطلاق:6) ترجمہ کنز الایمان:
عورتوں کو وہاں رکھو جہاں خود رہتے ہو اپنی طاقت بھر اور انہیں ضرر نہ دو کہ ان پر
تنگی کرو۔
(3) مہر
ادا کرنا: بیوی کامہر ادا کرنا بھی بیوی کا حق اورشوہر پر واجب ہے۔چنانچہ اللہ
تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: وَ اٰتُوا النِّسَآءَ
صَدُقٰتِهِنَّ نِحْلَةًؕ- (پ4،نساء:4) ترجمہ کنز الایمان: اور
عورتوں کو ان کے مہر خوشی سے دو۔
(4) نیکی
کی تلقین اور برائی سے ممانعت: شوہر پر بیوی کا یہ بھی حق ہے کہ اسے نیکی کی تلقین
کرتا رہے اور برائی سے منع کرے،کیونکہ اللہ تعالیٰ نے مؤمنین کو حکم ارشاد فرمایا
ہے کہ خود اور اپنے گھر والوں کو جہنم کی آگ سے بچائیں۔چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا
ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ
اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا (پ28، التحریم:6) ترجمہ کنز الایمان:
اے ایمان والو! اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو آگ سے بچاؤ۔
(5) حسن معاشرت: ہر معاملے میں بیوی سےاچھا سلوک
رکھنا بھی ضروری ہے کہ اس سے محبت میں اضافہ ہو گا۔چنانچہ اللہ تعالیٰ ارشادفرماتا
ہے: وَ عَاشِرُوْهُنَّ
بِالْمَعْرُوْفِۚ-
(پ 4، النساء:19) ترجمہ کنز الایمان: اور ان سے اچھا برتاؤ کرو۔
اللہ پاک میاں بیوی دونوں کو ایک دوسرے کے حقوق
احسن طریقے سے پورے کرنے کی توفیق عطا فرمائے