فحش بات کی تعریف: شرمناک
امور مثلاً گندے اور برے معاملات کا کھلے الفاظ میں تذکرہ کرنا تو وہ نوجوان جو شہوت
کی تسکین کی خاطر خواہ مخواہ شادیوں کی خلوتوں اور پردے میں رکھنے کی باتوں کے قصے
چھیڑتے ہیں نیز فحش یعنی بے حیائی کی باتیں کرنے والے بلکہ صرف سن کر دل بہلانے والے
گندی گالیاں زبان پر لانے والے بے شرمانہ اشارے کرنے والے ان گندے اشارے سے لطف اندوز
ہونے والے اور گندی لذتوں کے حصول کی خاطر فلمیں ڈرامے دیکھنے والے ایک دل ہلا دینے
والی روایت بار بار پڑھیں اور خوف خداوندی سے لرزیں، چنانچہ منقول ہے: چار طرح کے جہنمی
لوگ جو کہ کھولتے پانی اور آگ کے مابین ہلاکت مانگتے ہونگے ان میں سے ایک وہ شخص ہے
کہ اس کے منہ سے خون پیپ بہ رہا ہوگا جہنمی کہیں گے کہ اس بد بخت کو کیا ہوا ہے کہ
ہماری تکلیف میں اضافہ کیے دیتا ہے کہا جائے گا:
یہ بد بخت بری اور خبیث بات کی طرف متوجہ ہوکر اس سے لذت اٹھاتا تھا جیسا کہ جماع کی
باتوں سے۔ غیر عورتوں یا امردوں کے بارے میں آنے والے گندے وسوسوں پر توجہ جمانے، جان
بوجھ کر برے خیالات میں خود کو گمانے اور معاذاللہ گندی حرکت کے تصور کے ذریعے لذت
اٹھانے والوں کو بیان کردہ روایت سے عبرت حاصل کرنی چاہیئے۔
لوگوں کے ساتھ بات کرنے میں جن امور کو برا سمجھا جاتا
ہے ان کو صاف اور واضح لفظوں میں بیان کردینا فحش گوئی ہے فحش گوئی گناہ اور جہنم میں
لے جانے والا کام ہے۔
فحش گوئی کے گناہ میں مبتلاء ہونے کے بعض
اسباب: علم
دین سے دوری، مذاق مسخری کی عادت، فضول گوئی، غصہ، لڑائی جھگڑے، بری صحبت، فلمیں ڈرامے
دیکھنا، گانے باجی سننا وغیرہ۔
فحش گوئی سے بچے رہنے کے لیے: علم
دین حاصل کیجیے، بالخصوص گفتگو کی سنتیں اور آداب سیکھ لیجیئے، جہنم کے ہولناک عذابات
کا مطالعہ کیجئے اور اپنے نازک بدن پر غور کیجیے۔