اللہ پاک نے انسانوں کو بے شمار نعمتوں سے مشرف فرمایا ہے ان ہی میں سے ایک نعمت نماز بھی ہے اور نماز وہ عظیم نعمت ہے جس کو اللہ پاک نے حضور کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو معراج مقدسہ میں خود بُلا کر یہ عظیم تحفہ عطا فرمایا اور اگر اس کو جماعت سے ادا کیا جائے تو پھر ثواب کے کیا کہنے ۔ رب کریم ارشاد فرماتا ہے: وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳) ترجمۂ کنز الایمان: اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (پ1،البقرۃ: 43)

(1) حضرت سیِّدُنا ابو سعید خدرِی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ عالی شان ہے: جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت) کا سُوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔ (حلیۃ الاولیاء، 7/299،حدیث: 10591)

(2 ) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچیس(25) دَرَجے زائد ہے۔ (بخاری، 1/233،حدیث: 647)

(3) امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمرفاروقِ اَعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے دو جہاں کے سردار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے سنا کہ اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب(یعنی پیارا) رکھتا ہے۔ (مسند احمد بن حنبل، 2/309 ،حدیث:5112)

(4) طبرانی ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے راوی، کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: اگر یہ نماز جماعت سے پیچھے رہ جانے والا جانتا کہ اس جانے والے کے ليے کیا ہے؟، تو گھسٹتا ہوا حاضر ہوتا۔ (المعجم الکبير،8/224، حديث: 7886)

(5) حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ارشاد فرماتے ہیں کہ نماز جماعت تنہا پڑھنے سے ستائیس (27) درجہ بڑھ کر ہے۔ ( صحیح بخاری کتاب الاذان، ص232)

باجماعت نماز پڑھنے کے بے شمار فوائد ہیں ان ہی میں سے چند فوائد ملاحظہ ہو :۔

(1) اللہ پاک اور اس کے فرشتے باجماعت نماز پڑھنے والوں پر درود بھیجتے ہیں۔ (2)باجماعت نماز پڑھنے والا پل صراط سے سب سے پہلے بجلی کی مانند گزرے گا۔ (3) باجماعت نماز ادا کرنے والوں کی شان و شوکت دیکھ کر اہل محشر رشک کریں گے۔ (4) باجماعت نماز کی تکبیر اولیٰ پانا سو اونٹنیاں پانے سے بہتر ہے۔

جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے گا

خدا تیرا دامن کرم سے بھرے گا

(وسائل بخشش )

اللہ پاک ہمیں نمازِ باجماعت ادا کرنے اور ہمیں مسجد کو آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم