محمد اسماعیل عطاری (درجہ خامسہ جامعۃ المدینہ فیضان
بخاری کراچی پاکستان)
اے عاشقان نماز! اللہ کریم کی رحمت سے ہمیں جو بےشمار
انعامات عنایت ہوئے ہیں، الحمدللہ ان میں سےنماز بھی ایک عظیم الشان انعام ہےاور
اسی طرح نماز کی جماعت کی دولت بھی کوئی معمولی انعام نہیں، اللہ پاک کےفضل وکرم
سےیہ بھی ہمارے لیے بےشمار نیکیاں حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ اللہ پاک قراٰنِ کریم
سورۃ البقرہ آیت 43 میں ارشادفرماتا ہے: وَ ارْكَعُوْا مَعَ
الرّٰكِعِیْنَ(۴۳) ترجمۂ کنز الایمان: اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ (پ1،البقرۃ: 43) حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: اس (
یعنی اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو) کا مطلب یہ ہے کہ جماعت سے نماز پڑھا
کرو، کیونکہ جماعت کی نما ز تنہا نماز پرستائیس درجے افضل ہے۔(تفسیر نعیمی، 1/330)
موضوع کی مناسبت سے
باجماعت نماز کے فضائل پر مشتمل 5 فرامین مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم :
(1) امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمرفاروقِ
اَعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے دو جہاں کے سردار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم کو فرماتے سنا کہ اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب(یعنی
پیارا) رکھتا ہے۔ (مسند احمد بن حنبل، 2/309 ،حدیث:5112)
(2) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار
میں پڑھنے سے پچیس(25) دَرَجے زائد ہے۔ (بخاری، 1/233،حدیث: 647)
(3) حضرتِ سیِّدُنا
عبدُ اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے رِوایت ہے ، تاجدارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: نمازِ باجماعت تنہا پڑھنے سے ستائیس(27) دَرجے بڑھ
کرہے۔ (بخاری، 1/232،حدیث:645)
(4) حضرت سیِّدُنا اَنس رضی اللہ عنہ سے رِوایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم اِرشاد فرماتے ہیں : جو کوئی اللہ پاک کے لیے چالیس دن ’’تکبیر اُولیٰ‘‘ کے ساتھ باجماعت نماز
پڑھے اُس کے لیے دو آزادیاں لکھی جائیں گی، ایک نار سے دوسری نفاق سے ۔
(ترمذی،1/274، حديث: 241)
(5) حضرت سیِّدُنا ابو سعید خدرِی رضی اللہ عنہ
بیان کرتے ہیں کہ اللہ پاک کے آخری رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ
عالی شان ہے: جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت(یعنی ضرورت) کا
سُوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے
واپس لوٹ جائے۔ (حلیۃ الاولیاء، 7/299،حدیث: 10591)
اے عاشقان نماز! بیشک
حاجت پوری ہونے کے لئے صلاۃ الحاجت پڑھنا اور دیگر اوراد و وظائف کرنا بہت اچھی
بات ہے مگر جماعت سے نمازِ فرض ادا کرکے اپنے حاجت کے لئے دعا مانگنا یہ بہترین
عمل ہے۔
جماعت سے گر تو نماز پڑھے گا
خدا تیرا دامن کرم سے بھرے گا