اللہ پاک نے مسلمانوں کو بہت ساری نعمتوں سے نوازا انہیں نعمتوں میں سے ایک نعمت نماز ہے ،نمازِ باجماعت کے تعلق سے قراٰن شریف میں میں کئی جگہ ذکر آیا ہے، باجماعت نماز پڑھنا تنہا نماز پڑھنے سے افضل ہے، باجماعت نماز پڑھنے میں اکیلے نماز پڑھنے سے 27 گنا زیادہ ثواب ہے باجماعت نماز پڑھنے کے تعلق سے بہت ساری احادیث کریمہ وارد ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ

(1) فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچیس(25) دَرَجے زائد ہے۔ (بخاری، 1/233،حدیث: 647)

(2) رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت سیدنا عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ سے فرمایا: اے عثمان جو شخص فجر کی نمازِ باجماعت ادا کرے پھر طلوع آفتاب تک اللہ پاک کا ذکر کرتا رہے اس کے لیے حج مبرور اور مقبول عمرہ کا ثواب ہے۔(شعب الایمان، 7/138،حدیث: 9762 )

(3) فرمان مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جس نے عشا کی نمازِ باجماعت پڑھی اُس نے گویا تمام رات نماز پڑھی اور جس نے فجر کی نمازِ باجماعت پڑھی اُس نے گویا سارا دن نماز پڑھی۔(معجم کبیر، 1/92،حدیث: 148)

(4) فرمان مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جس نے فجرو عشا کی نمازِ باجماعت پڑھی اور جماعت سے کوئی بھی رَکعت فوت نہ ہوئی تو اس کے لیے جہنم و نفاق سے آزادی لکھ دی جاتی ہے۔(شعب الایمان، 3/62،حدیث: 2875)

(5) حضرت سیِّدُنا عبدُاللہ بن اُمِّ مَکْتوم رضی اللہ عنہ ے بارگاہِ رِسالت میں عرض کی: یا رسول اللہ مدینۂ منورَہ میں موذی جانور بکثرت ہیں اور میں نابینا ہوں تو کیا مجھے رُخصت ہے کہ گھر پر ہی نماز پڑھ لیا کروں ؟ فرمایا: ’’حَیَّ عَلَی الصَّلٰوۃ ، حَیَّ عَلَی الْفَلَاح‘‘ سنتے ہو؟ عرض کی: جی ہاں ! فرمایا: ’’تو (باجماعت نماز ادا کرنے کے لیے) حاضر ہو۔ (نَسائی، ص148،حدیث:848)

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں نمازِ باجماعت ادا کرنے کی بہت تاکید آئی ہے جیسا کہ مذکورہ احادیث میں آپ نے سماعت فرمایا تو ہمیں چاہیے کہ ہم نمازِ باجماعت ادا کریں ہماری قوم کے مسلمانوں کی ایک جماعت ایسی ہے جو جماعت کو ترک کر دیتی ہے اور دکان ومکان میں نماز پڑھ لیتی ہے اور یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں پنج وقتہ نمازی ہوں حالانکہ بلا عذر شرعی نمازِ باجماعت نہ پڑھنے والا گنہگار اور ترک واجب کا ارتکاب کرنے والا ہوگا۔

تو ہمارے پیارے اسلامی بھائیو! ہم نمازِ باجماعت ادا کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دلائیں اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں پنج گانہ نمازِ باجماعت ادا کرنے کی توفیق ورفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم