اخرجات میں کفایت شعاری

Thu, 11 Feb , 2021
3 years ago

اخراجات میں کفایت شعاری کا معنی یہ ہے کہ انسان اپنے اخراجات  کے معاملے میں اعتدال،توازن اورمیانہ روی اختیار کرے اور غیر ضروری اخراجات سے پرہیز کرے۔ زندگی کی گاڑی اخراجات کے پہیوں پر چلتی ہے۔ اخراجات میں کفایت شعاری اس زندگی کی گاڑی کو چین و سکون کے ساتھ آرام سے چلتے رہنے میں مدد کرتی ہے۔

آجکل معاشرے میں جہاں ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے وہاں ایک بڑی بیماری فضول خرچی بھی ہے۔ سوچے سمجھے بغیر خرچ کرنا اور پھر ہر وقت روتےرہنا کہ اخراجات پورے نہیں ہوتے، مہنگائی بہت ہے وغیرہ وغیرہ۔

فضول خرچی کرنے والوں کے بارے میں اللہ پاک قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ الْمُبَذِّرِیْنَ كَانُوْۤا اِخْوَانَ الشَّیٰطِیْنِ ترجَمۂ کنزُالایمان: بےشک اڑانے والے(فضول خرچی کرنے والے) شیطانوں کے بھائی ہیں ۔(پ15،بنی اسرائیل: 27)

 تفسیر صراط الجنان:

  اس سے پہلی آیت میں  اللہ تعالیٰ نے ارشادفرمایا کہ فضول خرچی نہ کرو جبکہ اس آیت میں فرمایا کہ بیشک فضول خرچی کرنے والے شیطانوں کے بھائی ہیں کیونکہ یہ ان کے راستے پر چلتے ہیں اورچونکہ شیطان اپنےرب کابڑا ناشکرا ہے،لہٰذا اُس کا راستہ اختیارنہیں کرنا چاہیے ۔

(مدارک، الاسراء، تحت الآیۃ:۲۷، ص۶۲۱،ملخصاً)  

محترم قارئین، ہمیں چاہیے کہ مہینے کے شروع میں یا جب تنخواہ ملتی ہے تو اس وقت ایک بجٹ بنا لیا کریں کہ ہم پیسے کیسے اور کہاں خرچ کریں گے۔ جو کام ضروری ہیں ان کی ایک لسٹ بنا لیں، اور جو کام معمول میں شامل ہیں لیکن غیر ضروری ہیں ان سے بچنے کی کوشش کریں۔ اگر ہم پہلے سے ہی سمجھداری سے کام لیں تو ہمیں مشکل پیش نہیں آئے گی۔ ہر انسان اگر اپنے بجٹ کے مطابق زندگی گزارے، اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلائےتو ان شاءاللہ کبھی دشواری نہیں ہوگی۔

ہمیں اپنے معاملات میں اعتدال کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔اعتدال صرف چند چیزوں تک محدود نہیں بلکہ دینی معاملات سے لے کر دنیوی معمولات تک ہر جگہ اعتدال کی راہ اختیار کرنی چاہیئے۔

کفایت شعاری کا ایک بہترین طریقہ یہ بھی ہے کہ کچھ نہ کچھ پیسے ہر مہینے جمع کر تے رہیں۔ اللہ نہ کرے کبھی کوئی ایمرجنسی ہوجائے تو کچھ نہ کچھ جمع کیا ہوا ہو۔ ابھی آج کل ہی کی مثال لے لیجئے کہ یہ جو کرونا نے تباہی مچائی ہے اس سے لوگ کتنے متاثر ہوئے ہیں، لوگوں کے چلتے کاروبار بند ہو گئے۔ جس کے پاس کچھ نہ کچھ جمع کیا ہوا تھا اس کو لوگوں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑ رہا۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں ہر قسم کی آزمائش سے بچا ئے اور ہمیں اخراجات میں کفایت شعاری کرنے کا ہنر عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم