اے عاشقانِ صحابہ و اہلِ بیت! یہ حقیقت ہے کہ جب کسی سے محبت ہو جائے تو اس سے نسبت رکھنے والی ہر شے سے پیار ہو جاتا ہے محبوب کی اولاد ہو یا اس کے ساتھی سب پیارے لگتے ہیں ایسے ہی جس کو اللہ پاک کے پیارے پیارے آخری نبی مکی مدنی محمد عربی ﷺ سے محبت ہوتی ہے وہ ان کی آلِ پاک سے بھی محبت رکھتا ہے اور ان کے صحابہ سے بھی پیار کرتا ہے اگر کسی کے اندر عشقِ رسول دیکھنا ہو تو یہ دیکھیے کہ وہ صحابہ و اہلِ بیت سے کس قدر محبت رکھتا ہے۔

اہلِ بیت سے مراد کون؟ اہلِ بیت میں نبی کریم ﷺ کی ازواجِ مطہرات یعنی پاک بیویاں اور حضرتِ خاتونِ جنت فاطِمہ زہرا اور علی مرتضیٰ اور حسنینِ کریمین یعنی امام حسن اور امام حسین رضی اللہ عنہم سب داخل ہیں۔(خزائن العرفان، ص780)

ان کی پاکی کا خدائے پاک کرتا ہے بیاں آیہ تطہیر سے ظاہر ہے شانِ اہل بیت

حقوقِ اہلِ بیت:

1️۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ: اللہ پاک سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمت سے روزی دیتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کرنے کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت پانے کے لیے میرے اہل بیت سے محبت کرو۔

(ترمذی، 5/434، حدیث: 3814)

2️۔ آقا ﷺ نے فرمایا: اس وقت تک کوئی کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اس کو اس کی جان سے زیادہ پیارا نہ ہو جاؤں اور میری اولاد اس کو اپنی اولاد سے زیادہ پیاری نہ ہو جائے۔(شعب الایمان، 2/189، حدیث: 1505)

صحابہ کا گدا ہوں اور اہل بیت کا خادم یہ سب ہے آپ ہی کی تو عنایت یا رسول اللہ

3️۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ: میں قیامت کے دن چار طرح کے بندوں کی شفاعت فرماؤں گا:1) میری آل کی عزّت و تعظیم کرنے والا۔2) میری آل کی ضروریات پورا کرنے والا۔3) میری آل کی پریشانی میں ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنے والا۔4) اپنے دل و زبان سے میری آل سے مَحَبَّت کرنے والا۔ (جمع الجوامع، 1/380، حدیث: 3809)

4️۔ آقا ﷺ نے فرمایا: اہل بیت کی محبت کو لازم پکڑ لو کیوں کہ جو اللہ پاک سے اس حال میں ملا کہ وہ ہم سے محبت کرتا ہے تو اللہ پاک اسے میری شفاعت کے سبب جنت میں داخل فرمائے گا اور اس کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے کسی بندے کو اس کا عمل اس صورت میں فائدہ دے گا جب کہ وہ ہمارا یعنی میرا اور میرے اہل بیت کا حق پہچانے۔ (معجم اوسط، 1/606، حدیث: 243)

5️۔ اہل بیت پر ظلم کرنے والوں پر جنت حرام ہے۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ: جس شخص نے میرے اہل بیت پر ظلم کیا اور مجھے میری اولاد کے بارے میں تکلیف دی اس پر جنت حرام کر دی گئی۔ (الشرف المؤبد، ص99)

اہلِ بیت کے بہت سے حقوق ہیں اللہ تعالیٰ ہمیں ان سب حقوق کو ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ہمیں سرکار ﷺ کا سچا عشق عطا فرمائے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین