حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ
علیہ فرماتے ہیں:سمندر کا مسافر کشتی کا بھی حاجت مند ہوتا ہے اور تاروں کی رہبری
کا بھی کہ جہاز ستاروں کی رہنمائی پر ہی سمندر میں چلتے ہیں،اسی طرح امتِ مسلمہ
اپنی ایمانی زندگی میں اہلِ بیت اطہار کے بھی محتاج ہیں اورصحابہ کبار کی بھی حاجت
مند۔امت کے لیے صحابہ کی اقتداء میں ہی اہتداء یعنی ہدایت ہے۔ الحمد للہ اہل سنت
کا بیڑا پار ہے کہ یہ اہل بیت اور صحابہ دونوں کے قدم سے وابسطہ ہیں۔
اہل سنت کا
ہے بیڑا پار اصحاب حضور نجم
ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی
احادیث مبارکہ:
(1)فرما ن آخری نبی ﷺ: جو میرے اہلِ بیت میں سے کسی کے ساتھ
اچّھا سلوک کر ےگا میں روزِ قیامت اس کا صِلہ اسے عطا فرماؤں گا۔
حضرت علامہ عبد الرؤف مناوی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کی
شرح میں فرماتے ہیں: یہ حدیثِ پاک اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ آقا ﷺعنایت فرمانے
والے ہیں اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے لہذا مبارک ہو اس شخص کو جس کی
پریشانی کو وہ دور فرمائیں گے اور اس کی پکار پر وہ تشریف لائیں گے اور اس کی حاجت
پوری فرمائیں گے۔(فیضان اہل بیت،ص24، 25)
واللہ وہ
سن لیں گے فریاد کو پہنچیں گے اتنا
بھی تو ہو کوئی جو آہ کرے دل سے
(2)فرمان خاتم النبیین ﷺ:تم میں سے پل صراط پر سب سے زیادہ
ثابت قدم وہ ہوگا جو میرے صحابہ و اہل بیت سے زیادہ محبت کرنے والا ہوگا۔(جمع
الجوامع، 1/86،حدیث:454)
اس حدیثِ پاک سے معلوم ہوا کہ وہ صحابہ و اہل بیت کی محبت
ایمان کے کامل ہو نے کی دلیل ہے اور اس محبت سے مراد ایسی محبت ہے جو کسی شرعی
ممانعت کی طرف لے کر نہ جاتی ہو۔یعنی ایسا نہ ہو کہ صحابہ کی محبت میں معاذ اللہ
اہل بیت کے بارے میں بدگمانی ہو یا پھر اہل بیت کی محبت میں معاذاللہ صحابہ کرام
کے بارے میں بدگمانی ہواس کی ہر گز ہر گز اجازت نہیں ہے۔(فیضان اہل بیت، ص31، 32)
آل و اصحاب
سے محبت ہے اور سب اولیاء سے الفت ہے
یہ سب اللہ
پاک کی عنایت ہے مل گئی مصطفیٰ کی امت ہے
(3)فرمان مصطفیٰ ﷺ:میرے اہل بیت میری خاص جماعت اور میرے ہم
راز ہیں۔ (فیضان اہل بیت، ص33)
(4)فرمان آخری نبی ﷺ: میرے
اہلِ بیت میری امت کے لئے امان و سلامتی ہیں۔ (نوادر الاصول، 5/130، حدیث: 1133)
(5)رسول اللہ ﷺنے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت
میں میری جان ہے کسی کے دل میں ایمان داخل نہ ہوگا حتی کہ اللہ و رسول کے لیے تم
لوگوں سے محبت کرو۔ (ترمذی، 5/422، حدیث: 3783)
حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کے
حصےتم لوگوں سے محبت کروکے تحت فرماتے ہیں: اس سے مراد حضور کے سارے اہل بیت اولاد
ازواج اور حضورﷺ کے سارے قرابت دار ہیں جن میں حضرت عباس داخل ہیں۔ان سب سے محبت
اس لیے کرے کہ ان میں رسول الله تشریف لائے یہ حضرات حضور کا کنبہ ہیں جب حضور
پیارے تو حضور کا سارا کنبہ(یعنی خاندان) بھی پیارا۔
کس زباں سے
ہو بیان عز و شان اہل بیت مدح
گوئے مصطفےٰ ہے مدح خوان اہل بیت