اے عاشقانِ صحابہ واہل بیت جو شخص اللہ پاک کے محبوب ﷺسے محبت کرتا ہے تو وہ یقیناً ان کی آلِ پاک سے محبت رکھتا ہے اور ان کے صحابہ سے بھی محبت کرتا ہے۔ اسی لیے کہا گیا ہے کہ اگر کسی کےاندر عشق رسول دیکھنا ہے تو یہ دیکھے کہ وہ صحابہ کرام واہل بیت عظام سے کس قدر محبت کرتا ہے۔

کیوں جہنم میں جاؤں سینے میں عشق اصحاب وآل رکھا ہے

بہت سی احادیث مبارکہ میں اہل بیت کی شان اور ان کی عظمت اور رفعت ظاہر ہوتی ہےجن سے ہم پر ان کے حقوق آتے ہیں جیسا کہ ایک روایت میں ہے کہ میری شفاعت میری امت کے اس شخص کے لیے جو میرے گھرانے سے محبت رکھنےوالا ہو۔(تاریخِ بغداد، 2/144)

(1)حضرت امام ترمذی اور حضرت امام حاکم رحمۃ اللہ علیہما حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا: اللہ پاک سے محبت رکھو کیونکہ وہ تمہیں بطور غذا نعمتیں عطا فرماتا ہے اور اللہ پاک کی محبت کی بنا پر مجھ سےمحبت رکھو اور میری محبت کی بنا پر اہل بیت سے محبت رکھو۔(مشکاۃ المصابیح، 2/443، حدیث: 6182)

(2)حضرت امام دیلمی رحمۃ اللہ علیہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا: اپنی اولاد کو تین چیزوں کی تعلیم دو: (1)اپنے نبی ﷺکی محبت،(2)نبی اکرم ﷺکے اہل بیت کی محبت،(3)قرآن پاک کی تلاوت۔ (کتاب عقائد و مسائل،ص83)

صحابہ کا گدا ہوں اور اہل بیت کا خادم یہ سب ہے آپ ہی کی تو عنایت یا رسول اللہ

(3)حضرت امام طبرانی رحمۃ اللہ علیہ روایت کرتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے فرمایا: نبی اکرم ﷺکاآخری کلام یہ تھا: ہمارے اہل بیت کے بارے میں ہمارے اچھے خلیفہ بننا۔(عقائد و مسائل،ص 86)

(4)حضرت علامہ قاضی عیاض مالکی رحمۃ اللہ علیہ شفا شریف میں روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا: آلِ محمد ﷺکی پہچان آگ سے نجات ہے آلِ محمد ﷺکی محبت اہل صراط سے گزرنے کا اجازت نامہ ہے اور آلِ محمد ﷺکی دوستی عذاب سے امان کا پروانہ ہے۔(کتاب عقائد و مسائل،ص84)

(5)حضرت امام بیہقی اور دیلمی رحمۃ اللہ علیہما سے روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺنےفرمایا: کوئی بندہ اسی وقت مومن ہوگا جب ہم اسے اس کی جان سے زیادہ محبوب ہو جائیں، ہماری اولاد سے اپنی اولاد سے زیادہ محبوب ہو جائے اور ہمارے اہل اسے اپنے اہل سےزیادہ محبوب ہو جائیں۔(عقائد ومسائل،ص84)

کس زباں سے ہو بیاں عز وشان اہل بیت

مدح گوئے مصطفیٰ ہے مدح خوانِ اہل بیت(ذوق نعت)

اللہ کریم سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں رسول اللہ ﷺکے اہل بیت سے حقیقی محبت عطا فرمائے۔ان کی اطاعت و فرمانبرداری کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین