اےعاشقان اہلِ بیت! یہ حقیقت ہے کہ جب کسی سے محبت ہو جائے تو اس سے نسبت رکھنے والی ہر شے سے پیار ہو جاتا ہے محبوب کی اولاد ہو یا اس کے ساتھی سب سے محبت ہو جاتی ہے۔ اسی طرح کسی کے اندر عشق رسولﷺ دیکھنا ہو تو اس میں دیکھا جائے کہ عشق صحابہ و اہلِ بیت کس قدر ہے۔ جو ان کا سچا عاشق اور معتقد ہوگا وہی عاشق رسول بھی ہوگا۔ آقا کریم جانِ عالمﷺ کے اہلِ بیت کرام کی شان میں اللہ پاک پارہ 22 سورۃ الاحزاب آیت 33 میں ارشاد فرماتا ہے: اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ(۳۳) ترجمہ کنز الایمان: اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر ناپاکی کو دور فرمادے اور تمہیں پاک کرکے خوب ستھرا کردے۔

اہلِ بیت میں نبی کریمﷺ کی ازواج مطہرات اور حضرت خاتون جنت اور علی المرتضی اور حسنین کریمین رضی اللہ عنہم سب داخل ہیں۔ (خزائن العرفان، ص780)

حضورجانِ عالمﷺ نے ارشادفرمایا: اپنی اولاد کو تین باتیں سکھاؤ اپنے نبی کی محبت، اہلِ بیت کی محبت، اور تلاوتِ قرآن۔ (جامع صغیر، ص25، حدیث: 311)

ایک مرتبہ فرمایا: میرے اہلِ بیت کی مثال کشتی نوح کی طرح ہے جو اس میں سوار ہوا نجات پا گیا اور جو اس کے پیچھے رہا ہلاک برباد ہو گیا۔(مستدرک، 3/ 81، حدیث: 3365)

ایک مرتبہ ارشاد فرمایا: اس وقت تک کوئی کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اس کو اس کی جان سے زیادہ پیارا نہ ہو جاؤں اور میری اولاد اس کو اپنی اولاد سے زیادہ پیاری نہ ہو جائے۔ (شعب الایمان، 2/189، حدیث: 1505)

ارشاد فرمایا: تم میں بہتر آدمی وہ ہے جو میرے بعد میرے اہلِ بیت کے لیے بہتر ہوگا۔(مستدرک، 4/369، حدیث: 5410)

صحابہ کا گدا ہوں اور اہلِ بیت کا خادم یہ سب ہے آپ ہی کی تو عنایت یارسول اللہ

ایک حدیث مبارکہ میں ہے: اللہ پاک سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمت سے روزی دیتا ہے اور اللہ پاک کی محبت کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت کے لیے میرے اہلِ بیت سے محبت کرو۔(ترمذی، 5/434، حدیث: 3814)

بشیر و نذیر آقا ﷺ نے فرمایا: جس نے میرے اہلِ بیت پر ظلم کیا اور مجھے میری عترت یعنی اولاد کے بارے میں تکلیف دی، اس پر جنت حرام کر دی گئی۔ (الشرف الموبد، ص 99)

ارشاد آخری نبیﷺ: میرے اہلِ بیت میری امت کے لیے امان و سلامتی ہیں۔ (نوادر الاصول، 5/ 130، حدیث: 1133)

میرے آقا اعلیٰ حضرت، مجدددین و ملت الشاہ امام احمد رضا خان فرماتے ہیں: آل پاک اور ان کے حقوق کی تاکید کے متعلق احادیث حد تواتر کو پہنچی ہوئی ہیں۔ (فتاویٰ رضویہ، 24/433)

کس زباں سے ہو بیاں عز و شان اہلِ بیت مدح گوئے مصطفےٰ ہے مدح خوان اہلِ بیت

اہلسنت کا ہے بیڑا پار اصحاب حضور نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی