اہل بیت سےمرادنبی کریم ﷺ کی ازواج مطہرات اور حضرت خاتون جنت فاطمہ زہرا اور علی مرتضیٰ اور حسنین کریمین سب شامل ہیں۔(خزائن العرفان،ص 780)

1) فرمان مصطفےٰ ﷺ ہے: میں تم میں دو عظیم چیزیں چھوڑ رہا ہوں، ان میں سے پہلی تو اللہ پاک کی کتاب ہے جس میں ہدایت اور نور ہے، تم اللہ پاک کی کتاب پر عمل کرو اور اسے مضبوطی سے تھام لو۔ دوسرے میرے اہل بیت ہیں اور تین بار ارشاد فرمایا: میں تمہیں اپنے اہل بیت کے متعلق اللہ پاک کی یاد دلاتا ہوں۔

(مسلم،ص1008،حدیث:6225)

2) فرمان مصطفےٰ ﷺ ہے: اُس وقت تک کوئی کامل مومن نہیں ہوسکتاجب تک میں اُس کو اُس کی جان سے زیادہ پیارا نہ ہوجاؤں اور میری اولاد اس کو اپنی اولاد سےزیادہ پیاری نہ ہوجائے۔

(شعب الایمان، 2/189،حدیث: 1505)

3) نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص اولاد عبد المطلب میں کسی کے ساتھ دنیا میں بھلائی کرے، اُس کا بدلہ دینا مجھ پر لازم ہے، جب وہ روز قیامت مجھ سے ملے گا۔(تاریخ بغداد،10/102)

4) فرمان مصطفےٰ ﷺ: تم میں سے پل صراط پر سب سے زیادہ ثابت قدم وہ ہوگا جو میرے صحابہ واہل بیت سے زیادہ محبت کرنے والا ہوگا۔(جمع الجوامع، 1/86،حدیث:454)

1) فرمان مصطفےٰ ﷺ: میں قیامت کے دن چار(طرح کے)بندوں کی شفاعت فرماؤں گا۔ (1) میری آل کی عزت وتعظیم کرنے والا۔ (2) میری آل کی ضروریات پوری کرنے والا۔ (3) میری آل کی پریشانی میں اُن کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنے والا۔ (4) دل وزبان سے میری آل سے محبت کرنے والا۔

(جمع الجوامع،1/385، حدیث:2809)

کِس زبان سے ہوبیان عِزوشان اہل بیت مدح گوئے مصطفےٰ ہے مدح خواں اہل بیت

اللہ پاک ہمیں حقیقی معنوں میں اہل بیت کی محبت عطا فرمائے۔آمین