حقوق اہل بیت بہت اہم اور ہر مسلمان کی زندگی کا حصہ ہونا
چاہیے۔ یہ وہ ہستیاں ہیں جن سے عقیدت اور محبت کرنے کا حکم قرآن مجید، فرقان حمید
اور بےشمار احادیث مبارکہ سے ثابت ہے۔
1) قرآنی دلیل: اہل بیت
کرام کی محبت کے واجب ہونے پر دلالت کرنے والی وہ آیت جس میں اللہ پاک نے اپنے نبی
ﷺ کو فرمایا: قُلْ لَّاۤ
اَسْــٴَـلُكُمْ عَلَیْهِ اَجْرًا اِلَّا الْمَوَدَّةَ فِی الْقُرْبٰىؕ- (پ25،
الشوری: 23) ترجمہ کنز الایمان: تم فرماؤ میں اس پر تم سے کچھ اجرت نہیں مانگتا
مگر قرابت کی محبت۔
احادیث مبارکہ کی روشنی میں:
2) اہل بیت کی محبت: امام
احمد، طبرانی اور حاکم روایت کرتے ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو صحابہ کرام نے
عرض کیا: یارسول اللہ! آپ کے قریبی رشتہ دار کون ہیں ؟ جن کی محبت ہم پر واجب ہے۔
فرمایا: علی مرتضیٰ، فاطمہ اور ان کے دو بیٹے رضی اللہ عنہم۔ (معجم
کبیر،11/351، حدیث: 12259)
اپنی اولاد کو تعلیم دو: نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: اپنی اولاد کو تین خصلتوں کی تعلیم
دو۔ (1) اپنے نبی اکرم ﷺ کی محبت (2) نبی اکرم ﷺ کے اہل بیت کی محبت (3) قرآن پاک
کی تلاوت۔ (جامع
صغیر، ص25، حدیث: 311)
اہل بیت سے محبت: روایت میں
آتا ہے کہ کوئی بندہ اسی وقت ہم پر ایمان لا سکتا ہے جب ہم سے محبت کرے گا اور
ہمارے ساتھ اسی وقت محبت کرے گا جب ہمارے اہل بیت سے محبت کرے گا۔
آل محمد کی دوستی عذاب سے امان کا پروانہ ہے: امام قاضی عیاض شفاء شریف میں روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم
ﷺ نے فرمایا: آل محمد کی پہچان آگ سے نجات ہے، آل محمد کی محبت پل صراط سے گزرنے
کا اجازت نامہ ہے اور آل محمد کی دوستی عذاب سے امان کا پروانہ ہے۔ (عقائد و مسائل،ص84)