گلشنِ مصطفیٰ ﷺ کے مہکتے پھولوں کی شان و عظمت کو کون بیان کر سکتا ہے!. جس کو الله پاک کے آخری نبی ﷺ سے محبت ہوتی ہے وہ ان کی آلِ پاک سے بھی محبت رکھتا ہے اگر کسی میں عشق رسول ﷺ دیکھنا ہو تو یہ دیکھیے کہ وہ صحابہ و اہل بیت سے کس قدر محبت رکھتا ہے۔

پارَہائے صُحُف غنچہائے قُدُس اہلِ بیتِ نبوت پہ لاکھوں سلام

اہلِ بیت سے مراد کون؟ اہلِ بیت میں نبی کریم ﷺ کی ازواجِ مطہرات (یعنی پاک بیویاں) اور حضرتِ خاتونِ جنت فاطِمہ زہرا اور علی مرتضیٰ اور حسنینِ کریمین (یعنی امام حسن اور امام حسین) رضی اللہ عنہم سب داخل ہیں۔ (خزائن العرفان، ص780)

خونِ خَیرُ الرُّسل سے ہے جس کا خمیر اُن کی بے لوث طِینت پہ لاکھوں سلام

حقوق اہلِ بیت:

اللہ پاک کے آخری نبی ﷺ نے (آخری) حج عَرفے کے دن اپنی (مُبارک) اُونٹنی قَصْوا پر خُطبہ دیتے ہوئے فرمایا: اے لوگو!میں نے تم میں وہ چیز چھوڑی ہے کہ جب تک تم اِن کو تھامے رہو گے گمراہ نہ ہو گے: اللہ کی کتاب (یعنی قرآنِ کریم) اور میری عِترت (یعنی اہلِ بیت)۔ (ترمذی، 5/433، حدیث:3811)

2️۔ فرمانِ مصطفیٰ: تم میں سے پُل صِراط پر سب سے زیادہ ثابِت قدم وہ ہو گا جو میرے صحابہ و اہلِ بیت سے زیادہ محبت کرنے والا ہوگا۔ (جمع الجوامع، 1/86،حدیث:454)

3️۔ مدینے والے مصطفیٰ ﷺ نے فرمایا: میں قیامت کے دِن چار (طرح کے)بندوں کی شفاعت فرماؤں گا: (1) میری آل کی عزّت کرنے والا۔ (2) میری آل کی ضَرورت پورا کرنے والا۔ (3) میری آل کی پریشانی میں ان کے مسائل حَل کرنے کی کوشش کرنے والا۔ (4) اپنے دل و زبان سے میری آل سے مَحَبَّت کرنے والا۔ (جمع الجوامع، 1/380، حدیث:2809)

4️۔ مکی مدنی آقا ﷺ نے فرمایا: جو میرے اہلِ بیت میں سے کسی کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا میں قِیامت کے دن اس کا بدلہ اُسے عطا فرماؤں گا۔ (تاریخ ابنِ عساکر،45/303)

5️۔ اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص اولادِ عبدُالْمُطَّلِب میں کسی کے ساتھ دُنیا میں بھلائی کرے اُس کا بدلہ دینا مجھ پر لازم ہے جب وہ روزِ قِیامت مجھ سے ملے گا۔ (تاریخِ بغداد،10/102)

ساداتِ کرام اگرچِہ نَسَب (یعنی نسل) میں رسول اللہ ﷺ سے کتنے ہی دور ہوں اُن کا ہم پر حق ہے کہ اپنی خواہشوں پر اُن کی رِضا کو مقدم کریں اُن کی بھرپور تعظیم کریں یہ سارا گھرانہ حسین و دلکش باغ ہے اس خاندان میں خونِ رسول معظم ﷺ شامل ہے اِن مُخْلصین و نیک ہستیوں کی طبیعتوں پر لاکھوں سلام۔

دو جہاں میں خادمِ آلِ رسول اللہ کر حضرتِ آلِ رسولِ مُقْتَدا کے واسطے

اللہ پاک انکے صدقے ہماری بے حساب مغفرت فرمائے۔ آمین