سرکارِ مدینہ ﷺ کی تعظیم و توقیر میں سے ہے کہ وہ تمام چیزیں جو حضور سے نسبت رکھتی ہیں ان کی تعظیم کی جائے، پیارے آقا سے نسبت کے سبب ایک مسلمان کے دل میں مدینہ منورہ کے درودیوار کوچہ و بازار کا یہ مقام ہے کہ وہ اسکے لیے بے تاب و اشکبار رہتا ہے تو پیارے آقا ﷺ کے جگر کے ٹکڑوں یعنی اہل بیت کا کیا مقام ہو گا؟

اہلِ بیت سے مراد کون؟ اہلِ بیت سے مراد آقا ﷺ کی ازواجِ مطہرات یعنی پاک بیویاں اور حضرتِ خاتونِ جنت فاطِمہ زہرا اور علی مرتضیٰ اور حسنینِ کریمین یعنی امام حسن اور امام حسین رضی اللہ عنہم ہیں۔ (خزائن العرفان، ص780)

حقوقِ اہلِ بیت:

1️۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ: میں تم میں دو عظیم (یعنی بڑی) چیزیں چھوڑ رہا ہوں ان میں سے پہلی تو اللہ پاک کی کتاب ہے جس میں ہدایت اور نور ہے تم اللہ کی کتاب پر عمل کرو اور اسے مضبوطی سے تھام لو دوسرے میرے اہل بیت ہیں اور تین مرتبہ فرمایا میں تمہیں اپنے اہل بیت کے متعلق اللہ پاک کی یاد دلاتا ہوں۔ (مسلم،ص1008، حدیث:6220)

امام شرف الدین حسین بن محمد طیبی رحمۃ اللہ فرماتے ہیں: معنی یہ ہے کہ میں تمہیں اپنے اہل بیت کی شان کے حوالے سے اللہ پاک سے ڈراتا ہوں اور تم سے کہتا ہوں کہ تم اللہ پاک سے ڈرو انہیں تکلیف نہ دو بلکہ ان کی حفاظت کرو۔ (شرح الطیبی،11/196)

2۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ: اللہ پاک سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمت سے روزی دیتا ہے اور اللہ کی محبت کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت پانے کے لیے میرے اہل بیت سے محبت کرو۔ (ترمذی، 5/434، حدیث:3814)

3️۔ تم سے پل صراط پر سب سے زیادہ ثابت قدم وہ ہوگا جو میرے صحابہ و اہل بیت سے زیادہ محبت کرنے والا ہو۔ (جمع الجوامع، 1/86،حدیث:454)

4️۔ میں قیامت کے دن چار طرح کے بندوں کی شفاعت فرماؤں گا:1) میری آل کی عزت و تعظیم کرنے والا۔2) میری آل کی ضروریات پوری کرنے والا۔ 3) میری آل کی پریشانی میں ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنے والا۔ 4) اپنے دل و زبان سے میری آل سے مَحَبَّت کرنے والا۔ (جمع الجوامع، 1/410، حدیث: 3059)

5️۔ تین چیزیں ایسی ہیں جس نے ان کی حفاظت کی، اللہ پاک اس کی اس کے دین و دنیا کے معاملے میں حفاظت فرمائے گا اور جس نے ان کو ضائع کیا اللہ پاک اس کی کسی بھی معاملے میں حفاظت نہیں فرمائے گا:1) اسلام کی عزت و احترام۔2) میری عزت و احترام۔3) میرے رشتے و قرابت داروں کی عزّت و احترام۔(معجم کبیر، 3/126حدیث:2881)

نبی کریم ﷺ کے اہل بیت اور اولاد کی محبت تمام مسلمانوں پر فرض ہے آیات و احادیث مبارکہ میں انکی محبت کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ پاک ان سے محبت اور انکی عزت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، انکے صدقے ہماری بے حساب مغفرت فرمائے۔آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ