حقوق حق کی جمع ہے حق انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔

1۔ پیارے آقا ﷺ نے فرمایا: اپنی اولاد کو تین باتیں سکھاؤ: نبیِ کریم ﷺ کی محبت، اہلِ بیت کی محبت اور تلاوتِ قرآن کی محبت۔ (جامع صغیر، ص25، حدیث: 311)

2۔ حضرت محمد ﷺ نے فرمایا: میرے اہل بیت کی مثال کشتی نوح کی طرح ہے جو اس میں سوار ہوا نجات پا گیا اور جو اس سے پیچھے رہا ہلاک( یعنی برباد )ہوگیا۔ (مستدرک، 5/ 81، حدیث: 3365)

3۔نبی پاک ﷺ نے فرمایا: میری شفاعت میری امت کے اس شخص کے لیے ہے جو میرے گھر انے یعنی اہل بیت سے محبت رکھنے والا ہو(تاریخ بغداد، 2/142)

4۔ اللہ پاک سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمت سے روزی دیتا ہے اور اللہ پاک کی محبت حاصل کرنے کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت پانے کے لیے میرے اہل بیت سے محبت کرو۔ (ترمذی، 5/434، حدیث: 3814)

5۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اس وقت تک کوئی کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اسے اس کی جان سے زیادہ پیارا نہ ہو جاؤ اور میری اولاد اس کو اپنی اولاد سے زیادہ پیاری نہ ہو جائے۔ (شعب الایمان، 2/189، حدیث: 1505)

صحابہ کا گدا ہوں اور اہل بیت کا خادم یہ سب ہے آپ ہی کی تو عنایت یا رسول اللہ

6۔تم میں بہتر آدمی وہ ہے جو میرے بعد میرے اہل بیت کے لیے بہتر ہوگا۔ (مستدرک، 4/369، حدیث: 5410)

7۔حضور ﷺ نے فرمایا: جو میرے اہل بیت میں سے کسی کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا میں قیامت کے دن اس کا بدلہ اسے عطا فرماؤں گا۔ (تاریخ ابن عساکر، 45/303)

حضرت علامہ عبدالرؤف مناوی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث پاک کی شرح میں فرماتے ہیں: یہ حدیث پاک اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ اللہ پاک کے رسول ﷺ اللہ پاک کی عطا سے عنایت فرمانے یعنی دینے والے ہیں اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لہٰذا اس شخص کو مبارک ہوجس کی پریشانی وہ دور فرما دیں یا اس کی پکار پر تشریف لے آئیں اور اس کی حاجت و ضرورت پوری فرما دیں۔ (فیض القدیر، 6/223)

8۔ رسول پاک ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے میرے اہل بیت پر ظلم کیا اور مجھے میری عترت( یعنی اولاد) کے بارے میں تکلیف دی اس پر جنت حرام کر دی گئی۔ (الشرف المؤبد، ص 99)

9۔ پیارے آقا ﷺ نے فرمایا: سب سے پہلے میرے حوض کوثر پر آنے والے میرے اہل بیت ہوں گے۔ (السنۃ لابن ابی عاصم، ص 173، حدیث: 766)

10۔ پیارے آقا ﷺ نے فرمایا: میرے اہلِ بیت میری امت کے لئے امان و سلامتی ہیں۔ (نوادر الاصول، 5/130، حدیث: 1133)

اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں: آل پاک اور ان کے حقوق کی تاکید کے متعلق حدیثیں حد تواتر کو پہنچی ہوئی ہیں۔ (فتاویٰ رضویہ، 24/433)

اللہ پاک ہمیں حقیقی معنوں میں اہل بیت سے عشق و محبت عطا فرمائے۔ آمین