حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :"پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو، 1۔ جوانی کو بڑھاپے سے پہلے، 2۔ صحت کو بیماری سے پہلے، 3۔ مالداری کو تنگدستی سے پہلے، 4۔ فرصت کو مشغولیت سے پہلے، 5۔زندگی کو موت سے پہلے۔"(المستدرک، کتاب الرقاق، جلد 5،  صفحہ 435، حدیث 7916) اور فرمایا:" روزانہ صبح جب سورج طلوع ہوتا ہے تو اُس وقت دن یہ اعلان کرتا ہے کہ"اگر آج کوئی اچھا کام کرنا ہے تو کر لو کہ آج کے بعد میں کبھی پلٹ کر نہیں آؤں گا۔"(شعب الایمان، باب فی الصیام، ما جا ءلیلۃ النصف من الشعبان، جلد 3، صفحہ 386، حدیث 3840، ملخصاً)

جو کام آج کا ہے، وہ آج کا ہے اور جو کل کا ہے، وہ کل کا ہے، کل کس نے دیکھی ہے، کل تو کبھی آئی ہی نہیں، ہمارے بزرگانِ دین کا معمول تھا کہ وہ روز کا کام روز فرماتے تھے اور سُستی اور کاہلی سے بہت دور تھے، جب انہوں نے وقت کی قدر دانی کی تووقت نے بھی ان کی قدردانی کی اور اُن کا نام ہمیشہ کے لئے روشن ہوا، ہم یہاں کچھ بزرگوں کے اِرشادات ذکر کرتے ہیں:

حضرت علی رضی اللہ عنہ:

"یہ ایّام تمہاری زندگی کے صفحات ہیں، ان کو اچھے اعمال سے زینت دو۔"

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:

"میں اپنی زندگی کے گزرے ہوئے اس دن کے مقابلے میں کسی چیز پر نادم نہیں ہوتا، جو دن میرا نیک اعمال میں اضافے سے خالی ہو۔"

امام رازی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"خدا عزوجل کی قسم! کھانا کھاتے وقت علمی مشغلہ ترک ہو جانے کا مجھے بہت افسوس ہوتا ہے کہ وقت نہایت ہی قیمتی دولت ہے۔"

امام شافعی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

"میں ایک مدت تک اہلُ اللہ کی صحبت سے فیضیاب رہا، ان کی صحبت سے مجھے دو اَہَم باتیں سیکھنے کو ملیں:1۔ وقت تلوار کی طرح ہے، تم اس کو کاٹو ورنہ یہ تم کو کاٹ دے گا۔

2۔ اپنے نفس کی حفاظت کرو، اگر تم نے اس کو اچھے کام میں مشغول نہ رکھا تو یہ تم کو کسی بُرے کام میں مشغول کر دے گا۔"

حضرت سیّدنا عمر بن عبدالعزیز علیہ الرحمہ:

"ایک دن آپ رحمۃ اللہ علیہ کے بھائی نے آپ کو مشورہ دیا کہ کبھی کبھی سیر و تفریح کے لئے بھی نکل جایا کریں، فرمایا:"پھر اس دن کا کام کس طرح انجام پائے گا؟ انہوں نے کہا: دوسرے دن ہو جائے گا، فرمایا: میرے لئے یہی بہت ہے کہ روز کا کام روز انجام پاجائے، دو دن کا کام ایک دن میں کیوں کر پورا ہوگا۔"(سیرت ابنِ جوزی، ص 225، حضرت سیّدنا عمر بن عبدالعزیز کی 425 حکایات، ص423)

اللہ تعالی ان ہستیوں کے صدقے ہمیں بھی وقت کا قدردان بنائے اور ہر دن کا کام اُسی دن کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین