کامیاب ترین لوگ آج کا کام کل پر نہیں چھوڑتے کیونکہ ان کے پاس کل کے لئے بھی کئی کام ہوتے ہیں جن کو بحسن و خوبی سر انجام دینے کے لئے وہ آج کا کام آج ہی میں مکمل complete کرنے کی عادت بنا لیتے ہیں جس کی وجہ سے وہ کئی طرح کی پریشانیوں سے نجات پا لیتے ہیں ۔

ایک ٹیچر سے بچوں نے سوال کیا سر آپ نہ تھکتے ہیں نہ بیمار ہوتے ہیں نہ چھٹی کرتے نہ سستی کا شکار ہوتے ہیں جبکہ آپ ایک اسکول ٹیچر بھی ہیں مسجد کے امام بھی ہیں مسجد میں بچوں کو قرآن کریم کی تعلیم بھی دیتے ہیں گھر میں بچوں کو ٹیوشن بھی پڑھاتے ہیں اور اپنے بوڑھے والدین کی کفالت بھی کرتے ہیں یہ سب آپ کیسے کرتے ہیں ؟

ان ٹیچر نے بہت پیارا جواب دیا جو ہمارے لئے رہنما اور لائق تقلید ہے فرمانے لگے بیٹا میں ہر کام اس کے وقت میں کرتا ہوں میرے ہر کام کا ایک وقت مقرّر fix ہے میں اس کام کو اس کے وقت سے لیٹ نہیں کرتا جس کی وجہ سے میں بہت سارا کام تھوڑے وقت میں با آسانی کر لیتا ہوں۔

پھر وہ ٹیچر اپنے طلبہ students کو سمجھاتے ہوئے کہنے لگے کہ آپ بھی اگر کامیاب بننا چاہتے ہیں پریشانیوں سے نجات پانا چاہتے ہیں اچھی صحت چاہتے ہیں مایوسیوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں اپنے وقت کو بچانا چاہتے ہیں تو ہر وقت میں ایک کام اور ہر کام کا ایک وقت مقرّر کر لیں اور آج کا کام کل پر ہرگز نہ چھوڑیں ، یہ بات اللہ والوں کی مبارک زندگی میں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے بلکہ اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ یہ نفوسِ قدسیہ آج کی طے شدہ نفلی عبادات بھی کل پر مؤخّر نہیں کرتے تھے کہ پتا نہیں کل زندگی ساتھ دے گی یا نہیں ۔

ہمارے استاذ محترم استاذ الحدیث مولانا ارشد عطاری المدنی سلّمہ الغنى بہت پیاری بات ارشاد فرمایا کرتے ہیں کہ زندگی صرف آج کا دن ہے کل کا دن جو گزار چکے اس پر ہمارا کوئی اختیار نہیں اور جو آنے والا کل ہے اس کا ملنا یقینی نہیں کہ ہمیں نصیب ہو گا یا نہیں لہذا جو کچھ کرنا ہے وہ آج کے دن کرنا ہے اور جو کچھ بننا ہے وہ آج کے دن بننا ہے لہذا آج کے کام کل پر ڈالنے والی خراب عادت کو نکال کر باہر کیجئے اور اپنے روز مرہ کے کاموں کا شیڈول بنا کر اس پر پابندی سے عمل پیرا ہو جائیں ان شاء اللہ کامیاب ترین افراد میں سے ایک آپ ہوں گے۔