آج
2ستمبر2020 کی صبح جب نمازِ فجر ادا کرچکاتو دل ودماغ پر کسی خوشگوار یاد نے دستک
دی، فوراً ذہن میں آگیا کہ آج تو
یومِ دعوتِ اسلامی ہے ،میرے ذوق نے تقاضا کیا کہ میں آج سب سے پہلی مبارک باد اس
ہستی کو دوں جس نے آج سے کم وبیش 39 سال پہلے اس ثمربار درخت کا بیج بویا تھا،چنانچہ
میں نے عاشقانِ رسول کی تحریک دعوتِ اسلامی کے بانی ،امیراہلسنّت حضرت علامہ
مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ
الْعَالِیَہ کو مبارکباد کا پیغام
بھیجا چند ہی لمحوں میں اس کا رپلائی بھی موصول ہوگیا جس پر دل بہت خوش ہوا۔علاوہ
ازیں میں جانشینِ امیراہلسنّت الحاج مولانا عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی
،نگرانِ شوریٰ مولاناحاجی محمد عمران عطاری سلمہ الباری اور دیگر اراکین شوریٰ کو
بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ
وَجَلَّ جب سے دعوتِ اسلامی بنی ہے اس کا قدم ترقی کے راستے پر آگےبڑھا
ہے پیچھے نہیں ہٹا،کراچی کے ایک علاقے سے اپنا سفر شروع کرنے والی دعوتِ اسلامی اولاً
پاکستان میں پھیلی پھر اس نے دنیا بھر میں اپنا پیغام پہنچانا شروع کردیا ،آغاز
میں درس وبیان اور علاقائی دورے وغیرہ سے نیکی کی دعوت عام کرنے والی تحریک کے آج 100
سے زائد شعبے قائم ہوچکے ہیں ۔اس کے طفیل کتنے ہی بڑے بڑے گناہوں میں مبتلا
مسلمانوں کو توبہ کی سعادت ملی!دعوتِ اسلامی نے بچوں ، مردوں ،عورتوں ،
جوانوں،بوڑھوں سب میں کام کیا !حافظ بنائے، قاری بنائے، عالم بنائے، مفتی بنائے،
مصنف بنائے!اس اُمت کو مدنی چینل جیسا تحفہ دیا ،سوچتا ہوں کہ وابستگانِ دعوتِ
اسلامی کی کیسی کیسی یادیں دعوتِ اسلامی سے وابستہ ہوں گی، ان تمام کو بھی یومِ دعوتِ اسلامی مبارک ہو، ایسے
عاشقانِ رسول کو چاہئے کہ دعوتِ اسلامی سے اپنا تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط کرلیں
تاکہ نیکیوں کے راستے پر چلنے میں استقامت نصیب ہو۔اور جنہوں نے ابھی تک صرف دعوتِ
اسلامی کا نام سنا ہے وہ بھی دعوتِ اسلامی سے اپنا رشتہ جوڑ لیں ،اور کچھ نہیں کرسکتے
تو اولاً مدنی چینل دیکھنا شروع کردیں ، قُربت کی باقی منزلیں بھی اسی کے صدقے طے
ہوجائیں گی۔ اللہ پاک
دعوتِ اسلامی اور بانیٔ دعوتِ اسلامی کو نظرِ بدسے بچائے اور مزید عروج عطا فرمائے
۔ آمین