حضرت سیدنا امام حسین اور دیگر شہیدان کربلا رضوان اللہ علیہم اَجْمعین کے ایصالِ ثواب کے لئے 29 اگست 2020ء بمطابق شب عاشوراء 1442ھ کومدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا ۔ مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے نواسہ رسول حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے فضائل بیان کئے اور عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

اس مدنی مذاکرے میں صاحبزادہ مولانا عبید رضا عطاری مدنی ،مولانا محمد عمران عطاری اور ابو البنتین حاجی حسان عطاری نے بھی شرکت کی جبکہ دوران مدنی مذاکرہ اہل بیت اطہار کی شان میں مناقب بھی پڑھی گئیں۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال: کیاعاشُوراءکےدن قینچی،چاقو اورچُھری استعمال نہیں کرنی چاہئے؟

جواب: یہ عوامی بات معلوم ہوتی ہے ،ضرورت ہوتو عاشُوراکےدن قینچی،چاقو اورچُھری استعمال کرنےمیں حرج نہیں ۔

سوال:کسی شخصیت کی یادمنانے کی اصل رُو ح کیاہے ؟

جواب: کسی شخصیت کی یادمنانےکی اصل رُوح یہ ہے کہ اُن کے نقشِ قدم پر چلاجائے، اُن کی تعلیمات وسیرت پر عمل کیاجائے ۔

سوال:بہت بڑی مصیبت کیا ہے؟

جواباللّٰہ،تَاللّٰہ، باِللّٰہ (یعنی اللّٰہ پاک کی قسم)خاتمہ بُرا ہونا بہت بڑی مصیبت ہے،اللّٰہ پاک ہمارااچھا اورایمان پر خاتمہ فرمائے،مدینے کی گلی میں ایمان وعافیت کے ساتھ گنبدِخَضراءکے سائے تلے شہادت کی موت نصیب فرمائے۔

سوال: نمازاورجماعتِ نمازکے بارے میں آپ کیا فرماتےہیں؟

جواب:جب تک ہمارے ہوش و حواس قائم ہیں ،ہماری ایک بھی نمازبلکہ جماعتِ نماز نہیں چھُوٹنی چاہیئے۔

سوال: رزق اورروزی کے بارے میں ہمیں کیا ذہن بناناچاہئے اورروزی کمانے میں ہمارااندازکیساہو؟

جواب: اللہ پاک نے جو زندگی مقدرکی ہے، اس میں اللہ پاک نے روزی اوررزق کو اپنے ذمۂ کرم پر لیا ہے ،جو روزی مُقدرمیں لکھی ہے وہ مل کررہے گی، کسب وکام میں جدوجہدضرورکرنی چاہئے مگرمال کمانے میں حرص ولالچ نہ ہو۔

سوال: کیا چیزآخرت میں کام آئے گی؟

جواب:مسلمانوں کی تکلیف دُورکرنا ،ان کے کام آنا کام آئے گا،کسی بے روزگارکو کام دھندے پر لگادیا،مصیبت زدوں کا گھربنادیا،بارشوں وغیرہ کی وجہ سے کوئی ٹُوٹ پھُوٹ ہوئی ہوتو اسے دُرست کروادیا ،یہ سب آخرت میں کام آئیں گے۔

سوال: مُعلومات کےمطابِق دعوت ِاسلامی کاقیام 2ستمبر1981ء کو ہواتھا ،کیااس دن ’’یومِ دعوتِ اسلامی‘‘کی ترکیب کی جائے ؟

جواب:واہ !کیا بات ہےیومِ دعوتِ اسلامی کی، کلینڈرکے مطابق2ستمبر1981ءکو اسلامی تاریخ 4ذُوالقَعْدۃ ِالْحَرام1401 ھ ہے ،اگر’’یومِ دعوتِ اسلامی‘‘4 ذُوالقَعْدۃ ِالْحَرام کو رکھا جائے تو پھرموسِم کے مسائل ہوں گے،حُسنِ اِتفاق سے ستمبرمیں پاک وہند وغیرہ کا موسِم خوشگوارہوتاہے ،’’یومِ دعوتِ اسلامی‘‘2ستمبرکو ہوتو موسم کے مسائل نہیں ہوں گے ۔(نگرانِ شوریٰ حضرت مولانا محمدعمران عطاری مدظلہ العالی نے اعلان کیا کہ 2ستمبر2020ءکو”یوم ِ دعوتِ اسلامی ‘‘کے موقع پر رات تقریباً 09:30بجےمدنی چینل پر محفلِ نعت ہوگی ،جس میں امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ کی تشریف آوری بھی ہوگی ،جانشینِ امیراہلسنت ،اراکینِ شوریٰ اوردیگرمبلغین بھی شرکت فرمائیں گے،تمام عاشقانِ رسول کو شرکت کی دعوت ہے)

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ فضائل امام ِ حسینپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ! جو کوئی رسالہ ” فضائلِ امام ِ حسین کے 17 صفحات پڑھ یا سُن لے، اُسے جنّتی ابنِ جنّتی امامِ حُسینرضی اللہ عنہ کا جنّتُ الفردَوس میں جَوار(یعنی پڑوس)نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم