یومِ صدیق اکبر کے موقع پر مدنی مذاکرے کا انعقاد، امیر
اہل سنت کے عاشقانِ رسول کو مدنی پھول
افضلُ
البشر بعد الانبیاء، خلیفۃ الرسول حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ کے عرس شریف کے موقع پر 14 جنوری 2023ء کو عالمی
مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے
کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔
شیخ
طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے” سیرتِ
صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ“ پر
گفتگو فرمائی اور عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد
فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: سمجھانے والے کااندازکیساہوناچاہئے؟
جواب:سمجھانے والے کا اندازانتہائی نرم اوراس کامقصدسامنے
والےکی اصلاح ہوناچاہئے ،محض کسی کو نیچادکھانا نہ ہو،ورنہ جس کو سمجھایا جا رہاہے، اُ س میں
ضدپیداہوسکتی ہے۔
سوال: ایسی
سوچ رکھنا کیساکہ"
فُلاں کی بے عزتی ہوگی تو میری عزت ہوگی "۔؟
جواب: یہ
بہت خطرناک جذبہ ہے ،اس طرح سے ہرگز نہیں
سوچنا چاہئے ،عزت دینے والی ذات تو اللہ پاک کی ہے ،اگرکسی کوسوال میں بیان کی گئی
سوچ کے ساتھ عزت مل بھی گئی تو اس کی مدت بہت کم ہوگی ،کوئی اچھا اورعزت والا ہےتو
اسے بُراکہہ کراپنی آخرت داؤ پر نہیں لگانی چاہئے۔
سوال : صدیقِ اکبرکا کیا معنی ہے؟
جواب : صدیق کا معنیٰ ہے بہت
سچا،اکبر کا معنی ہے بہت بڑا،صدیق ِاکبر کا معنی ہوا،بہت
ہی بڑے سچے ،بہت زیادہ سچائی والے۔
سوال: حضرت
صدیقِ اکبر رضی اللہ
عنہ کا اورآپ کے والدصاحب کا نام کیا تھا ؟
جواب: حضرت
صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کا نام عبداللہاورآپ کے
والدصاحب کا نام عثمان تھا مگریہ(حضرت) ابوقُحافہ(رضی اللہ
عنہ) کی کنیت سے مشہورتھے ۔
سوال: کیا آپ کبھی غارِ ثورمیں حاضرہوئے ہیں؟
جواب:جبلِ ثورکی
زیارت تو کی ہے مگرغارِ ثورمیں حاضری نہیں ہوئی کیونکہ اس کی بلندی بہت زیادہ ہےَ
سوال:جب نبیِ
کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اورحضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ
عنہ سفرہجرت میں جب غارِ ثور میں ٹھہرے تھےتو کھا ناکون لے کرآتاتھا؟
جواب:ہجرت کے
ایام میں کھانا حضرت اسماءبنتِ ابوبکرصدیق رضی اللہ
عنہا لے کرآتیں اورحضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے غلام حضرت عامربن فہیرہ رضی اللہ
عنہ دودھ کے لیے بکریاں یہاں لایاکرتے
تھے۔
سوال: حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی محبتِ اہلِ بیت کے بارے
میں کچھ مدنی پھول عنایت فرمائیں۔
جواب: حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ سچے مُحبِ اہلِ بیت
تھے ،ایک مرتبہ آپ کے سامنے اہلِ بیت کا ذکر ہواتو
آپ نے فرمایا کہ مجھے قسم ہے! اُس ذات کی
جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! رسولِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے قرابت داروں یعنی رشتہ داروں کے ساتھ حُسن
ِسلوک کرنا مجھے اپنے رشتے داروں سے صلۂ رحمی (حُسنِ سلوک)کرنے سے زیادہ پیارااورپسندیدہ ہے ،آپ کا ایک قول ہے کہ نبیِ
کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اِکرام کی وجہ سے اہلِ بیت کا اِکرام کرو۔
سوال: "اَفْضلُ الْبَشربعدَالانبِیَاء"کا کیا معنی ہے ؟
جواب: اس کا معنی
ہے کہ تمام نبیوں کے بعد تمام انسانوں میں
افضل اوریہ الفاظ حضرت صدیق ِاکبررضی اللہ عنہ کے ساتھ خاص ہیں ۔
سوال: پیارے
آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ
عنہ کی مؤاخات(یعنی بھائی چارگی) کس سے فرمائی؟
جواب: مؤاخات کا معنی ہے بھائی بنانا ، حضرت
ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی مؤاخات مہاجرین میں حضرت عمرفاروق ِاعظم رضی اللہ
عنہ کے ساتھ اورانصارمیں حضرت خارجہ بن زید رضی اللہ
عنہ کے سا تھ تھی۔
سوال
: بیمارِمدینہ سے کیا
مرادہے؟
جواب : جو مدینہ شریف کے
عشق میں مست ہووہ بیمارِ مدینہ ہے ،نہ اس
میں سردُکھتاہے نہ ہی پیٹ میں دردہوتاہے، مریضِ مصطفیٰ کا تو معاملہ ہی کچھ
اورہے،عشق ِرسول کی بیماری وہ بیماری ہے جسے مل جائے اس کا بیڑاپارہوجائے ،اللہ
پاک ہمیں دنیا کی بیماریوں اورغموں سے بچالے اوربیمارِمدینہ
بنادے۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” دُعا مانگنے کے 17 مدنی پھول “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یارَبَّ المصطفےٰ! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” دُعا مانگنے کے 17 مدنی پھول “ پڑھ یا سُن لے اُس کی نیک و جائز دعائیں مقبول ہوا کریں
اور اُس کی بے حساب مغفرت ہوجائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔