قرآن مجید فرقانِ حمید اللہ ربّ العزت عزوجل کا مبارک کلام ہے، اس کا پڑھنا پڑھانا، سننا سنانا سب ثواب کا کام ہے، قرآن کریم کا ایک حرف پڑھنے پر دس نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، قرآن مجید وہ واحد کتاب ہے، جس کا ذمّہ رب تعالیٰ نے اپنے ذمّہ لیا ہے، ربّ  تعالیٰ نے قرآن مجید اپنے آخری نبی، محمد مصطفی ﷺ پر نازل فرمایا، قرآن مجید میں ہر علم بھی موجود ہے، بے شک اس کی تلاوت دلوں کے زنگ کو دور کرنے والی ہے، بے چین دلوں کا چین ہے، تلاوت قرآن کے جتنے فضائل بیان کئے جائیں کم ہیں، بہرحال کچھ فضائل ذکر کئے جاتے ہیں:

میرے آقا اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ فتاوی رضویہ، جلد 23، صفحہ 352 پر فرماتے ہیں:قرآن مجید پڑھا جائے تو اسے کان لگا کر غور سے سننا اور خاموش رہنا فرض ہے۔

قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے: وَ اِذَا قُرِئَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ0(پ9، الاعراف: آیت 204)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:خیرکم من تعلم القرآن وعلمہتم میں بہتر وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔(صحیح بخاری، جلد 3، صفحہ 410، حدیث5027) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا فرمانِ معظم ہے:جس شخص نے قرآن سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اس پر عمل کیا تو قرآن پاک اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔(المعجم الکبیر، جلد 10، صفحہ 197)

الٰہی شرف دے شوق قرآن کی تلاوت کا

شرف دے گنبد خضرا کے سائے میں شہادت کا

تلاوت قرآن مجید کا معمول بنانے کے لئے روزانہ امیراہلسنت کے دیئے گئے نیک اعمال میں سے نیک اعمال نمبر پر عمل کیجئے کہ کیا آج آپ نے قرآن مجید کی تین آیت مبارکہ مع ترجمہ و تفسیر تلاوت کی؟ اس پر استقامت کے ساتھ عمل کرنے سے قرآن کی تلاوت کا معمول بن جائے گا، ان شاءاللہ۔۔نیز تلاوت قرآن کے فضائل سنیں اور اس کی برکتیں پڑھے، جتنا اس بارے میں مطالعہ کیا جائے، اتنا ہی تلاوت کرنے کا ذوق پیدا ہوگا۔

کنزالایمان اے خدا میں کاش روزانہ پڑھوں

پڑھ کر تفسیر اس کی پھر اس پر عمل کرتا رہوں

ربّ تعالیٰ ہمیں قرآن مجید کا ذوق وشوق عطا فرمائے اور تلاوت قرآن کرنے پر استقامت عطا فرمائے۔آمین بجاہ خاتم النبیین