قرآن کریم اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے، قرآن کریم سب سے افضل کتاب ہے جو سب سے افضل رسول، حضور پر نور، احمد مجتبیٰ، محمد مصطفی  ﷺ پر نازل ہوئی۔(بہار شریعت، جلد1/29، حصہ اول)

قرآن کریم وہ مقدس کتاب ہے، جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، یہ وہ مقدس کتاب ہے، جو ہمیں نیکیوں کی طرف ابھارتی ہے، یہی ہمیں اطاعتِ الٰہی ، اتباعِ رسول ﷺ کا حکم دیتی ہے، جس کو پڑھنا عبادت ہے، جس کو دیکھنا عبادت ہے، جس کی تعلیمات پر عمل کرنا عبادت ہے،یہی وہ کتاب ہے، جس میں ہمارے لئے دینی و دنیاوی، معاشی وسماجی، معاشرتی و فلاحی، الغرض تمام پہلوؤں کے بارے میں رہنمائی موجود ہے، آئیے ترغیب کے لئے کچھ قرآن پاک کی تلاوت کے فضائل سنتے ہیں۔

قرآن مجید فرقانِ حمید اللہ ربّ العزت کا مبارک کلام ہے، اس کا پڑھنا پڑھانا، سننا سنانا، سب ثواب ہے، آخری نبی، محمد عربی ﷺ کا فرمانِ عالی شان ہے:جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا، اس کو ایک نیکی ملے گی، جو دس نیکیوں کے برابر ہوگی، میں یہ نہیں کہتا الم ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف، اور میم ایک حرف۔(ترمذی، ج4، صفحہ 417، ح2919)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ،(یعنی اپنے گھروں میں عبادت کیا کرو) تو شیطان اس گھر سے بھاگتا ہے، جس میں سورہ بقرہ کی تلاوت کی جاتی ہے۔(مسلم، کتاب صلاۃ المسافرین و قصرما باب استحباب صلاۃ الناضکۃ، ص306، حدیث 864) قرآن کریم کے مطابق، نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے: فضل القرآن علی سائرالکلام کفضل الرحمن علی۔۔۔قرآن کی فضیلت تمام کلاموں پر ایسی ہے، جیسی اللہ عزوجل کی اس کی مخلوق پر۔(شعب الایمان، جلد 3، صفحہ 501)

قرآن کریم عقائد کی رہنمائی کرتا ہے، قرآن کریم نور ہے، قرآن کریم قیامت میں پل صراط کا نور ہے، قرآن کریم کو ایسی مضبوطی سے تھامنا ہے کہ زندگی اس کے سائے میں گزرے، موت اس کے سایہ میں آئے، تو ہمیں بھی قرآن کریم سے مضبوط تعلق رکھنا چاہئے، اس کے لئے ہمیں تلاوتِ قرآن کی عادت بنانی ہوگی، روزانہ کی بنیاد پر وقت مقرر کرکے اسے پڑھنا ہوگا، یوں اس کی لذت و شیرینی بھی ملے گی۔

تلاوتِ قرآن کی عادت کے لئے اس کے فضائل و برکات کو مدِّنظر رکھنا ہوگا، یوں عادت پختہ ہوتی چلی جائے گی، پھر تو یہ عالم ہوگا کہ ہمارا کوئی دن تلاوت ِقرآن کے بغیر نہیں گزرے گا۔

تلاوت کروں ہر گھڑی یا الٰہی

بکوں نہ کبھی بھی میں واہی تباہی