از:مولانا شہروز علی عطاری مدنی

بخاری پارک نزد بس اڈہ الہ آباد روڈ،”سبی“، بلوچستان میں 01دسمبر 2022 بروز جمعرات بعد نمازِ عشاء ، مبلغِ دعوتِ اسلامی و رکنِ شوری حاجی ابو رجب محمد شاہد عطاری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار نیکیوں (سنتوں) بھرے اجتماع میں بیان فرمایا ۔جس میں انہوں نے نیک بننے اور گناہوں سے منہ موڑنے کی بھرپور ترغیب دلائی۔

چالیس سال پرانا تحفہ آج بھی سلامت تھا:

یوں تو رکنِ شوری حاجی ابو رجب محمد شاہد عطاری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کا شیڈول 25 نومبر سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں رہا ہے اور کئی عاشقانِ رسول سے ملاقات کی لیکن ”سبی“ شہرمیں اسماعیل نام کے ایک ایسے بزرگ اسلامی بھائی کے گھرقیام فرمایا جو محبِ دعوتِ اسلامی ہونے کےساتھ بانی ِدعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے بھی بے ح د معتقد تھے۔انہوں نے امیرِ اہلِ سنت سےمحبت سےا ٓراستہ اپنا چالیس سال پرانا ایک واقعہ بیان کیا کہ

سن 1983میں ایک اسلامی بھائی کے ساتھ امیرِ اہلِ سنت سے ملاقات کے لیے آیا ،امیرِا ہلِ سنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے میری دل جوئی کے لیے عمامہ کے فضائل تحفے میں دیا ۔تو میں نے ان کی ایک فریم بنالی اور اسے چالیس سال سے محفوظ رکھا ہے۔

وہ تحفہ کیا تھا؟

وہ تحفہ علمِ دین کی معلوملات پر مشتمل ایک پمفلٹ تھا جس میں عمامے کے فضائل پر مشتمل آٹھ فرامینِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم تھے،ایک ایمان افروز حکایت کے ساتھ ساتھ آخر میں عمامے سے متعلق پانچ اہم مسائل بھی درج تھے۔

پھر رکنِ شوری نے امیرِ اہلِ سنت مَدَّ ظِلُّہُ العالی کے کیے گئے دم کی برکت پر مشتمل ایک واقعہ بیان کیا:

امیر اہلِ سنت کا دَم اور نوکری کی ضمانت:

ایک دفعہ امیرِ اہلِ سنت ”سبی“تشریف لائے۔ ایک امام صاحب نے آپ سے ملاقات کی اور کہا کہ حضور! یہاں کہ ادارے میں نیا افسر آیا وہ مجھے نکالنا چاہتا ہے ،آپ دعا کریں کہ میں نوکری سے نہ نکالا جاؤں ۔امیرِ اہل سنت مَدَّ ظِلُّہُ العالی نے ارشاد فرمایا :کھڑے ہو جائیں۔پھر آپ نے ان کے چاروں طرف دَم کرکے ارشاد فرمایا : جب تک تم نہ چاہو گے تب تک تمہیں کوئی نہیں نکالے گا۔اس دَم اور پاکیزہ کلمات کی برکت یہ ظاہر ہوئی کہ وہ اپنی ملازمت کے پچیس سال پورے کر کےریٹائر ہوئے۔

پیارے بھائیو!آج ”دعوتِ اسلامی“دینِ متین کا پیغام عام کرتی جارہی ہے اور اپنے ٹارگٹ کو پورا کرتے ہوئے دن بہ دن ترقی کے سفر پر رواں دواں ہے ،ان تمام ترقیوں کا کریڈٹ امیرِ اہل سنت کو جاتا ہے۔جن کی محنت،اصلاحِ معاشرے کےجذبےاورشہر شہر،ملک ملک جا کر نیکی کی دعوت دینےاور بگڑے ہوؤں کو نیک راہ پر لانے کے جنون سےہمیں دعوتِ اسلامی نام کا ایک پھل دار اور سایہ دار درخت مل گیا۔

اللہ پاک ہمیں دعوت اسلامی کے دینی ماحول میں رہ کر دینِ متین کی خوب خوب خدمت کرنے کی توفیق عطا کرے۔اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم