شکریہ دعوت اسلامی

Tue, 31 Aug , 2021
2 years ago

چند دن پہلے کسی نے کہا کہ دعوت اسلامی کے چالیس سال مکمل ہو رہے ہیں جس پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے ۔ذہن میں عجیب سے سوال نے جنم لیا کہ آخر یہ شکریہ کون ادا کرے گا ؟

(1)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ بچے ادا کریں گے جن کو دعوت اسلامی نے دارالمدینہ ،مدرسۃ المدینہ ،اور کڈز مدنی چینل دیا؟

(2)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ نو جوان مرد حضرات ادا کریں گے جن کو دعوت اسلامی نے،حفظ قراٰن، درس نظامی اور شرعی تقاضوں کے مطابق حلال روزگار دیئے اور عزت کے تاج پہنائے ؟

(3)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ ادھیڑ عمر اور عمر رسیدہ بزرگ ادا کریں گے جن کو دعوت اسلامی نےاسلامی بھائیوں کے مدرسۃ المدینہ اور قافلوں کے ذریعے دین سکھایا اور ان کے بچوں کی دینی تربیت کا ذمہ لیا؟

(4)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ وہ خواتین ادا کریں گی جن کے کودعوت اسلامی نے مدرسۃ المدینہ و جامعۃ المدینہ گرلزبنا کر اسلامی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کیا اور حلال روز گار دے کر خود کفیل کر دیا؟

(5) کیا دعوت ِاسلامی کا شکریہ گونگے بہرے اسلامی بھائی ادا کریں گے جن کو دعوت اسلامی نے ان کی زبان میں دین سکھایا؟

(6)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ نابینا اسلامی بھائی ادا کریں گے کہ ان کی آنکھوں کی محرومی کے باوجود دعوت اسلامی نےان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا ؟

(7)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ فنکار اور شوبز سے وابستہ لوگ ادا کریں گے کہ دعوت اسلامی نے ان کی تربیت کا اہتمام فرمایا ؟

(8)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ کھلاڑی ،وکیل ،پروفیشنلز ادا کریں گے جن کے پاس جا کر دعوت اسلامی نے دین پہنچانے کی کوشش کی ؟

(9)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ وہ والدین اور بچےادا کریں گے جن کو وبا کے مشکل وقت میں خون مہیا کیا؟

(10) کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ پورا پاکستان ادا کرے گا کہ جس میں دعوت اسلامی نے دینی ،دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کی فضا کو قائم کیا اور صحت کی فکر کرتے ہوئے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لئےلاکھوں درختوں کا اہتمام کیا اس کےعلاوہ سیلاب ،زلزلہ،کرونا جیسی حادثاتی صورت حال میں مستحقین کی مدد کے لئے ’’ایف جی آر ایف‘‘ کے نام سے ایک متحرک ادارہ قائم کیا ؟

(11)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ صرف پاکستان ادا کرے گا یا پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک والےبھی ادا کریں گے کہ دعوت اسلامی نے فیضان آن لائن اکیڈمی اور مدنی قافلوں کے ذریعے اسلامی جمہوریہ سے دور ہونے کے باوجود اسلامی تعلیمات ان کے گھروں تک پہنچائی اور ان کی نسلوں کو دین سکھایا؟

(12)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ سنی علماء ادا کریں گے کہ جن کو دعوت اسلامی نے انفرادی قوت دی ،جن کو دعوت اسلامی نے کتابیں پڑھنے والی عوام دی ؟

(13)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ من حیث الجماعت پوری اہلسنت ادا کرے گی کہ دعوتِ اسلامی نے اہل سنت کے بچوں ،جوانوں ،بوڑھوں کو مسلک رضا کا جام پلایا ؟

(14)کیا دعوت اسلامی کا شکریہ ہر وہ گھر ادا کرے گا جس کے گھر میں دعوتِ اسلامی مدنی چینل کی صورت میں پہنچ کر دینی و معاشرتی تربیت کر رہی ہے اور اس کی نسل کو عاشق رسول بنا رہی ہے ؟

(15)کیا دعوتِ اسلامی کا شکریہ حکمران ادا کریں گے جن کو دعوتِ اسلامی کبھی بلا کر تو کبھی پاس جا کر فکر آخرت دیتی ہےاور سب سے بڑھی افرادی قوت ہونے کے باوجود ملک کے ہر معاملے میں ہر ادارے کے ساتھ تعاون کرتی ہے؟

اگر انصاف کی نظر سے دیکھا جائے تو نہ صرف کسی ایک فردکو، نہ صرف کسی گروہ کو، نہ صرف کسی خاص فیلڈ کے لوگوں کو ،نہ صرف کسی ایک شہر کو ،نہ صرف کسی ایک ملک کو ،بلکہ ہر ہر عاشق رسول کو بیک زبان پکار اٹھنا چاہیے ” شکریہ دعوت اسلامی “۔

شکریہ دعوتِ اسلامی ۔ شکریہ امیرِ اہل سنت